لہسن پیاز اور مچھلی کی ناگوار بو سے نجات فولادی صابن استعمال کریں

پانی کے برعکس فولاد، سلفر اور نائٹروجن کے مرکبات کے لیے کشش رکھتا ہے۔


ع۔ر July 21, 2017
پانی کے برعکس فولاد، سلفر اور نائٹروجن کے مرکبات کے لیے کشش رکھتا ہے۔ فوٹو: فائل

پیاز اور لہسن وہ سبزیاں ہیں جن کے بغیر ہر پکوان ادھورا ہے۔ ان کی شمولیت کے بغیر کوئی ڈش مکمل نہیں ہوسکتی۔ خاگینے جیسی سادہ ڈش سے لے کر قورمے اور بریانی تک میں ان کا استعمال ہوتا ہے۔

یہ مسالے پکوانوں کا ذائقہ بڑھاتے ہیں مگر انھیں کاٹنے اور چھیلنے کے بعد ان کی بو ہاتھوں سے جانے کا نام نہیں لیتی۔ کتنے ہی خوش بودار صابن سے ہاتھ دھولیے جائیں یہ ناگوار بو باقی رہتی ہے۔ یہی معاملہ مچھلی کا ہے۔ پکی ہوئی مچھلی ہر ایک شوق سے کھاتا ہے مگر اس کی تیاری کے دوران مچھلی صاف کرتے ہوئے ہاتھوں میں رچ بس جانے والی بو کئی دنوں تک اپنی موجودگی کا احساس دلاتی رہتی ہے۔ پیاز اور لہسن کی طرح مچھلی بو بھی ضدی ہوتی ہے اور بڑی مشکل سے جاتی ہے۔

پیاز، لہسن اور مچھلی کی بو سے فوری نجات پانے کے لیے ایک خصوصی صابن متعارف کروایا گیا ہے۔ یہ صابن کسی کیمیائی مرکب سے نہیں بلکہ ٹھوس فولاد سے بنایاگیا ہے۔ بہ الفاظ دیگر ٹھوس فولاد کو صابن کی شکل دے دی گئی ہے۔ Rub-A-way اسٹین لیس اسٹیل صابن بنانے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ صابن ہاتھوں سے ناگوار بو کا فوری خاتمہ کردیتا ہے۔ اسے اسی طرح استعمال کریں جیسے عام صابن کرتے ہیں۔ ٹھوس فولاد سے بنے صابن کی قیمت آٹھ ڈالر ہے۔ پاکستانی روپوں میں یہ قیمت آٹھ سو سے بھی زائد بنتی ہے۔

روایتی صابنوں کے ہوتے ہوئے اتنا مہنگا صابن استعمال کرنے کیا ضرورت ہے؟ اس کے جواب میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ عام صابن سے ہاتھ دھونے پر بو جاتی نہیں بلکہ بڑھ جاتی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ پیاز کاٹنے اور لہسن چھیلنے کے دوران ہاتھوں پر سلفر لگ جاتا ہے۔ یہ بو اسی کی ہوتی ہے۔ جب ہم ہاتھ دھوتے ہیں تو سلفر، سلفیورک ایسڈ میں بدل جاتا ہے اور بو کی شدت بڑھ جاتی ہے۔

پانی کے برعکس فولاد، سلفر اور نائٹروجن کے مرکبات کے لیے کشش رکھتا ہے۔ اس کے آیون ان مرکبات کے مالیکیولوں کو ہاتھوں پر سے کھینچ لیتے ہیں اور بو ختم ہوجاتی ہے۔ کیا واقعی فولادی صابن بو کا فوری خاتمہ کردیتا ہے؟ اس بارے میں فولادی صابن کا استعمال کرنے والے کچھ صارفین نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایسا واقعی ہوتا ہے۔ کچھ نے محض آزمائشی طور پر اس منفرد صابن سے ہاتھ دھوئے اور انھیں ہاتھوں سے اٹھنے والی بو میں واضح کمی محسوس ہوئی۔ تاہم کچھ صارفین نے برعکس رائے کا اظہار کیا۔

2006ء میں لہسن کی بو پر فولاد کے اثرات جانچنے کے لیے ایک تحقیق کی گئی تھی۔ اس تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوا کہ فولاد لہسن کی بو دور کرنے میں ناکام رہا تھا مگر فولادی صابن بنانے والی کمپنی اپنے دعوے پر قائم ہے اور اس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لوگ بڑے شوق سے یہ صابن خرید رہے ہیں۔ پیاز اور مچھلی کی بو دور کرنے میں یہ صابن کتنا موثر ہے اس سے قطع نظر اس صابن کے استعمال میں احتیاط کی ضرورت ہوگی۔ اگر ہاتھ دھوتے ہوئے صابن چھوٹ کر پاؤں پرگر گیا تو آپ کو دن میں تارے نظر آجائیںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں