چھوٹی اسکرین پر چلبل پانڈے

ریالٹی شوز میں جج یا میزبان کے طور پر بڑے پردے کے فن کاروں کی شرکت عام ہو گئی ہے۔


Ashraf Memon December 10, 2012
’’دبنگ ٹو‘‘ کی تشہیر کے لیے سلمان خان نے ’’دیا باتی اور ہم‘‘ کا سہارا لیا ہے۔ فوٹو : فائل

تھپڑسے ڈر نہیں لگتا صاحب،پیار سے لگتا ہے!

سندھیا، چلبل پانڈے کو یہ تو نہیں کہے گی، لیکن اس پولیس افسر کے شرارتی لہجے کا جواب کسی طرح تو دینا ہو گا۔ یہ لڑکی کس طرح ایک باوردی اور چلبلے افسر سے نمٹتی ہے، یہ تو ''دیا باتی اور ہم'' کے ناظرین ہی جان سکتے ہیں۔ دراصل اس ڈرامے کے ذریعے فلم ''دبنگ ٹو'' کی ریلیز سے قبل اس کا پرچار کیا جارہا ہے۔ اس بارے میں تفصیل آپ کی نذر ہے۔

''دیا باتی اور ہم '' اسٹار پلس کا مقبول ترین سوپ ہے۔ اس ڈرامے کے مرکزی کردار سورج اور سندھیا ہیں، جنھیں سپراسٹار سلمان خان کے ساتھ مختصر وقت گزارنے کا موقع ملا ہے۔ ہندوستان میں ڈراموں اور ریالٹی شو میں تجربات کا سلسلہ نیا نہیں۔ اس ضمن میں میزبان اداکار اور خصوصاً ریالٹی شوز میں جج یا میزبان کے طور پر بڑے پردے کے فن کاروں کی شرکت عام ہو گئی ہے۔ وہاں ٹیلی وڈ سے فلم نگری کا ہر اسٹار رابطہ رکھتا نظر آتا ہے، جس سے دونوں کا فائدہ جڑا ہوا ہے۔

ٹیلی ویژن ڈرامے میں اگر بولی وڈ کا سپراسٹار نظر آئے تو سمجھ لیجیے کہ وہ اپنی اگلی فلم کی تشہیر کرنا چاہتا ہے۔ ریالٹی شوز اس کا مؤثر ترین ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں، لیکن مذکورہ سوپ سیریل کو بھی فلم کی کام یابی کے لیے آزمایا جارہا ہے۔ سپراسٹار سلمان خان کو ''سلو بھائی'' کے بعد اب زیادہ تر ''دبنگ خان'' کے نام سے یاد کیا جا رہا ہے، جس کا سبب ان کی مقبول فلم ''دبنگ'' ہے۔ اس فلم نے شائقین سے بے پناہ داد وصول کی اور ان کا کردار ناظرین میں مقبول ہوا۔ وہ اس میں پولیس افسر ''چلبل پانڈے'' کے روپ میں نظر آئے جب کہ ان کے مقابل سوناکشی سنہا تھیں۔ یہ فلم اداکارہ کی بولی وڈ میں ''اینٹری'' تھی، جس نے انھیں شہرت کے راستے پر آگے بڑھایا اور آج وہ سلور اسکرین پر اپنی پہچان بنا رہی ہیں۔

دبنگ کی کام یابی اور فلم بینوں کی طرف سے بے پناہ پزیرائی کے بعد اس کے پروڈیوسر ارباز خان نے سلمان خان کو دبنگ ٹو کے لیے متحرک کیا اور اس پروجیکٹ پر کام مکمل کرنے کے بعد اب اسے بڑے پردے پر پیش کرنے جا رہے ہیں۔ اس فلم کی تشہیر کے لیے جہاں دیگر ذرایع استعمال کیے جارہے ہیں، وہاں ٹی وی ڈرامے''دیا باتی اور ہم'' کے پلیٹ فارم سے بھی اس کا چرچا کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ''دبنگ خان'' ڈرامے کی ایک قسط میں مرکزی کردار کے ساتھ نظر آئیں گے۔

2

پچھلے دنوں سلمان خان نے شوٹ مکمل کروا دی اور اس کے پروموز ٹیلی ویژن چینل پر چلنے کے بعد ناظرین کی بے تابی بڑھتی جارہی ہے۔

اس ڈرامے کی ہیروئن سندھیا کا کردار ٹیلی ورلڈ کی معروف اداکارہ دیپکا سنگھ نے ادا کیا ہے۔ کہانی کے مطابق یہ ایک ایسی لڑکی ہے، جو متوسط گھرانے سے تعلق رکھتی ہے اور خاندانی روایات اور بعض پابندیوں کا سامنا بھی ہے، لیکن وہ روایت شکن ثابت ہوتی ہے۔ وہ خواب دیکھتی اور ان کی تعبیر ڈھونڈتی ہے۔ اسے اعلی سرکاری عہدے پر کام کرنے کی تمنا ہے۔ اس کے مقابلے پر سورج کا کردار ہے، جسے انس راشد نے نبھایا ہے۔ سورج نامی یہ نوجوان سیلف میڈ اور نہایت سلجھا ہوا ہے۔

اس کی خوش اخلاقی اسے دوسروں کی نظر میں معتبر ٹھہراتی ہے۔ وہ جرأت مند بھی ہے اور سچ کہنے سے نہیں ڈرتا۔ کہانی میں سورج اور سندھیا کی شادی ہو جاتی ہے اور یوں ان کی زندگی کا سفر خوشیوں، دکھوں، آسانیوں اور مشکلات کے مجموعے کی صورت میں آگے بڑھتا ہے، جس میں اب ''سلو بھائی'' ''دبنگ تڑکا'' لگانے جارہے ہیں۔ وہ چلبلے پولیس والے بن کر ڈرامے میں اپنے مخصوص انداز اور شرارتی لہجے میں سندھیا کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے نظر آئیں گے۔ ڈرامے میں سندھیا ''چلبل پانڈے'' سے کالج میں اپنے پہلے دن واسطہ پڑے گا۔

اس سلسلے میں اداکارہ دیپکا سنگھ سے بات چیت کی گئی تو وہ خاصی خوش اور جذباتی معلوم ہوئیں۔ انھوں نے بتایا کہ شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور سلمان خان کے ساتھ مختصر وقت کے لیے اداکاری کرنا ایک خوش گوار اور انمول موقع تھا۔ یہ خبر کہ سلمان خان نے اپنی فلم کی تشہیری مہم کے لیے ان کے ڈرامے کا انتخاب کیا ہے، اداکارہ کے نزدیک قابل فخر ہے۔ وہ کہتی ہیں،'' یقیناً ہمارا شو ہندوستان کے کروڑوں ناظرین میں مقبول ہے، اسی لیے سپراسٹار نے اس کا انتخاب کیا۔

میں خوش نصیب ہوں کہ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔'' دیپکا اس سے قبل شاہ رخ خان اور عامر خان کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں اور کہتی ہیں کہ سلمان خان کے بعد اب یہ ''خان تکون'' مکمل ہو گئی۔ ادھر انس راشد بھی بے حد خوش نظر آرہے ہیں۔ انس کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ وہ کسی زبردست اور دبنگ ہیرو کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اپنی خوشی کو لفظوں میں بیان نہیں کر سکتے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس ڈرامے کا انتخاب کرنے سے اس شو کی مقبولیت اور اہمیت ثابت ہو گئی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ دیا باتی اور ہم کے تمام فن کاروں کے لیے یہ اعزاز ہے کہ باکس آفس پر کام یاب فلم کی دوسری لڑی کی تشہیر کے لیے اس ڈرامے کو چنا گیا ہے۔

فلم رواں ماہ کے آخر میں ریلیز ہو گی اور کام یابی اور ناکامی سے متعلق تبصروں کا آغاز ہو چکا ہے۔ توقع ہے کہ ''چلبل پانڈے'' اس بار بھی ''دبنگ'' کام یابی حاصل کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں