ماہرہ خان کے انکارسے مہوش حیات کی قسمت جاگ اٹھی

فلم ’’ایکٹراِن لا‘ء‘ میں آخری لمحات میں ماہرہ خان کے انکار پر مہوش حیات کو کاسٹ کرلیا گیا


نمرہ ملک January 07, 2016
فلم ’’ایکٹراِن لا‘ء‘ میں آخری لمحات میں ماہرہ خان کے انکار پر مہوش حیات کو کاسٹ کرلیا گیا، فوٹو؛ فائل

فلم ''نامعلوم افراد'' کے ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا کی جوڑی کی آنے والی فلم ''ایکٹراِن لا'' میں آخری لمحات میں ماہرہ خان کی جگہ مہوش حیات کو کاسٹ کرنا پڑا کیونکہ ماہرہ خان اپنی فلم ''ہو من جہاں'' کی تشہیرمیں اِتنی مشغول تھیں کہ انہوں نے ہدایت کار نبیل قریشی سے شوٹنگ چند روز آگے بڑھانے کے لیے کہا جس پر اپنی اصول پسندی کےلیے مشہور نبیل قریشی نےانکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق ماہرہ خان اور فلم والا کے درمیان معاہدہ ہوچکا تھا جس کے تحت دسمبر کےآخری ہفتے سے انہیں 'ایکٹر اِن لاء کی شوٹنگ شروع کرنی تھی، مگر دسمبر کے تیسرے ہفتے میں ماہرہ خان نے شوٹنگ کی تاریخوں میں تبدیلی کی درخواست کی جو نبیل قریشی کو منظور نہیں تھی۔ اس طرح کام کی تلاش میں مصروف مہوش حیات کو بھی فلم مِل ہی گئی ، یعنی ایکٹر فہد مصطفٰی ، علی خان کے ساتھ بالکل آخری لمحات میں مہوش حیات کو سائن کیا گیا۔

یہ امر دلچسپ اس لیے بھی ہے کہ نامعوم افراد میں مہوش حیات نے تو اپنےآئٹم نمبر کی وجہ سے شہرت حاصل کی تھی ، مگر فلم 'جوانی پھر نہیں آنی' کی ریکارڈ توڑ کامیابی کے باوجود ساری شہرت سوہائے علی ابڑو کے حصے میں آئی تھی اور مہوش حیات کی بڑے پردے پر اداکاری کی صلاحیتوں پر بھی بےشمار سوالات اٹھائےگئےتھے جس کی وجہ سے اُن کے پاس کوئی دوسری فلم بھی نہیں تھی۔ اس فلم سے متعلق پریس کانفرنس ہفتے کو کراچی میں کی جارہی ہے تاہم فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے حلقے فہد مصطفٰی اور مہوش حیات کی جوڑی پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔ فہد مصطفٰی تو بڑے پردے پر اپنی صلاحیت منواچُکے مگر مہوش کے لیے ابھی یہ سفر خاصہ طویل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں