ناپا میں آسٹریا کے قومی دن کے حوالے سے میوزکل پروگرام کا انعقاد

اگلے سال مارچ میں پاک آسٹریا میوزک فیسٹول کا انعقاد کریں گے، ڈاکٹر بری گیٹا بلاہا


نمرہ ملک November 06, 2015
ناپا میں آسٹریا سے آئے ہوئے موسیقار اور ناپا کے اساتذہ اور طلبا نغمے پیش کررہے ہیں ۔ فوٹو : محمد ثاقب

نیشنل آکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس میں آسٹریا کے قومی دن کے حوالے سے میوزکل پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔

جس کے لیے ویانا سے نامور موسیقار رینالڈ ڈیپے خصوصی طور پر تشریف لائے، رینالڈ ڈیپے نے ناپا کے اساتذہ اور موسیقی کے طالبعلموں کے ساتھ پاک آسٹریا کے قومی ترانوں پر سرووں کے تار چھیڑے اور محفل میں جوش و جذبہ کی فضا پھیل گئی، رینالڈ ڈیپے موسیقی آلات سیکسوفون اور کلارینیٹ بجانے میں مکمل مہارت رکھتے ہیں۔

رینالڈ ڈیپے نے ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پہلی بار پاکستان 1967 میں تشریف لائے تھے اور رواں سال دوسری بار پاکستان آرہے ہیں، پاکستان جب بھی آیا ہمیشہ کچھ نیا سیکھ کے گیا ہوں، پاکستان ثقافتی، موسیقی، تہذیب اور مذہبی لحاظ سے بہت ذرخیز ہے، پاکستان میں تعینات آسٹریا کی سفیرڈاکٹر بری گیٹا بلاہا اور اعزازی قونصل بابرتجمل نے بھی شرکت کی، آسٹریا کی سفیرڈاکٹر بری گیٹا بلاہا نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور آسٹریا کے مابین دوستانہ تعلقات برسوں پرانے ہیں، رواں سال کراچی میں اپنا قونصلیٹ آفس قائم کیا ہے۔

اس موقع پر انھوں نے اعلان کیا کہ اگلے سال مارچ میں پاک آسٹریا میوزک فیسٹول کا انعقاد کریں گے جس میں آسٹریا اور پاکستان کے موسیقاروگلوکار ایک دوسرے کی روایتی موسیقی اور آلات سے روشناس ہوں گے اور بعدازاں میوزک پرفارمنس پیش کریں گے،رینالڈ ڈیپے نے موسیقی آلات سیکسوفون اور کلارینیٹ پر مدھر دھنیں بکھیریں اور محفل کو چار چاند لگا دیے۔

تبلہ کی تھاپ، ہارمونیم اور ستار کے دل چھو جانے والے تار اور طالبعلموں کی مدھر سماعتوں میں رس گھولتی آوازوں پر حاظرین محفل نے خوب داد دی، ناپا کی جانب سے استاد ادریس خان حسین، استاد بشیر خان، استاد سلامت حسین، استاد بشیر خان، استاد نفیس احمد اور ناپا کے گریجویٹ طالبعلموں شامل تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں