قائد اعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے الطاف حسین

مراعات یافتہ طبقہ قائد اعظم کی تعلیمات سے دور ہے، مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد


Express Desk December 25, 2013
قائد اعظم پاکستان کو روشن خیال ، اعتدال پسند اور جدید دنیا سے ہم آہنگ فلاحی اسلامی ریاست بنانا چاہتے تھے۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار اور تعلیمات پر اصل روح کے مطابق عمل پیرا ہوئے بغیر ملک و قوم کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نجات نہیں دلائی جاسکتی ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے بیان میں انھوں نے کہاکہ پاکستان میں ہر سال قائد اعظم کا یوم پیدائش منایاجاتا ہے لیکن یہ امر انتہائی افسوس ناک اور دکھ کا باعث ہے کہ قیام پاکستان کو اتنے برس بیت گئے لیکن اب بھی ملک پر قابض 2فیصد مراعات یافتہ طبقہ آج بھی قائد اعظم کے تصورات ، افکار اور تعلیمات سے دور دکھائی دیتا ہے، انھوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کو روشن خیال ، اعتدال پسند اور جدید دنیا سے ہم آہنگ فلاحی اسلامی ریاست بنانا چاہتے جس کے تحت ملک میں اقلیتوں کو بھی برابری کی بنیاد پر حقوق حاصل ہیں بلکہ انھیں اپنے مذاہب کے مطابق عبادت کرنے کا حق بھی دیا گیا ہے لیکن آج پاکستان میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کے عفریت نے قائد اعظم کے روشن خیال ، اعتدال پسند اور جدید دنیا سے ہم آہنگ فلاحی اسلامی ریاست کے تصور کو مسخ کردیا ہے جو ملک کے ارباب اختیار و اقتدار اور محب وطن عوام کیلیے لمحہ فکریہ ہے ،ایم کیو ایم بانی پاکستان کے تصورات کے مطابق ملک و قوم کی تشکیل چاہتی ہے۔



دریں اثنا الطاف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم مسیحی عوام کو ان کے مذہبی تہوار ''کرسمس'' پر دلی مبارکباد پیش کی ہے، کرسمس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ دنیا کے ہر مذہب میں انسانیت کی فلاح کا راستہ دکھایا گیا ہے اور حضرت عیسیٰ نے بھی انسانیت سے پیار ، محبت ، امن ، بھائی چارہ کا دس دیا ہے،الطاف حسین نے پاسٹرز ، بشپ صاحبان اور مسیحی عوام کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ کرسمس کے موقع پر اپنی عبادات میں ملک کی بقاء و سلامتی ، امن و امان کے قیام ، دہشت گردی کے خاتمے ، ایم کیوایم کی حق پرستانہ جدوجہدکی کامیابی اور ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کریں۔ علاوہ ازیں الطاف حسین نے سابق حق پرست رکن قومی اسمبلی ذکریا کاظمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں انھوں نے مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،اوردعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں