سنجے دت کی پیرول پر رہائی کا معاملہ متنازعہ صورت اختیار کرگیا

مانیتا کا آپریشن ہونے والا ہے اور اسی سلسلے میں سنجے دت نے جیل کے حکام کو ڈاکٹروں کی جانب سے دیے گئے کاغذات کی۔۔۔


Muhammad Javed Yousuf December 10, 2013
مانیتا کا آپریشن ہونے والا ہے اور اسی سلسلے میں سنجے دت نے جیل کے حکام کو ڈاکٹروں کی جانب سے دیے گئے کاغذات کی بنیاد پر پیرول کی درخواست کی تھی۔ فوٹو: فائل

بولی وڈ سٹار سنجے دت کا فلمی کیرئیر اور نجی زندگی شروع دن سے ہی اتار چڑھاؤ کا شکار چلی آرہی ہے۔ اداکارہ نرگس اور سنیل دت کے ہاں 29 جولائی 1959ء میں پیدا ہونے والے سنجے دت کو معلوم ہی نہیں تھا کہ آگے چل کر انہیں کن کن مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑیگا۔

ابھی یہ 22 سال کی ہی ہوئے تھے کہ تین مئی 1981ء کو انہیں ماں کی جدائی کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔ 1987ء میں اپنے دور کی معروف ماڈل واداکارہ ریچا شرما سے شادی کی اور انتہائی خوش وخرم زندگی گزار رہے تھے کہ 1996ء میں برین ٹیومر کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ 1998ء میں انہوں نے ماڈل ریحا پلائی کے ساتھ دوسری شادی کی مگر یہ بندھن 2005ء میں ٹوٹ گیا۔ فلمی کیرئیر بھی اسی طرح کی صورتحال سے دوچار تھا، مگر انہوں نے ان تمام مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھتے چلے گئے۔ ان دنوں وہ ممبئی بم دھماکوں میں استعمال ہونیوالے اسلحہ رکھنے کے جرم میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ انہیں ایک ماہ کے پیرول پر رہا کئے جانے کی خبر آتے ہی متنازعہ صورت اختیار کرگئی ہے۔ اس فیصلے کے خلاف احتجاج کے بعد مہاراشٹر کی ریاستی حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ سنجے دت نے اپنی اہلیہ مانیتا دت کی بیماری اور ان کے علاج کے سلسلے میں جیل سے باہر آنے کی اجازت مانگی تھی لیکن مانیتا کی ایک دن پہلے کی ہی کچھ تصاویر سامنے آئی ہیں، جن میں انہیں ایک فلم کی سکریننگ پارٹی میں شریک دیکھا جاسکتا ہے۔

میڈیا کے مطابق سنجے دت کی بیوی مانیتا دت جمعہ کو فلم 'آر راجکمار' کی سکریننگ پارٹی میں گئی تھیں۔ وہ اس پارٹی میں تقریباً ایک گھنٹے تک شریک رہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مانیتا کا آپریشن ہونے والا ہے اور اسی سلسلے میں سنجے دت نے جیل کے حکام کو ڈاکٹروں کی جانب سے دیے گئے کاغذات کی بنیاد پر پیرول کی درخواست کی تھی۔ تاہم میڈیا سے بات چیت میں ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نے آپریشن کی بات سے انکار کیا ہے۔ادھر اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے سنجے دت کو پیرول دیے جانے کی وجہ کی تحقیقات کروانے کا حکم دیا ہے۔ پاٹل نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا 'ہم اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ہم نے وہ کاغذات منگوائے ہیں جن کی بنیاد پر پیرول دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سنیچر کو پونے کی یروڈا جیل کے باہر رپبلکن پارٹی آف انڈیا کے کارکنوں نے مظاہرہ کر کے پیرول منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

53 سالہ سنجے دت کو 1993 کے ممبئی دھماکوں کے معاملے میں غیر قانونی ہتھیار رکھنے کا مجرم پایا گیا تھا، جس کے بعد انہیں پانچ سال کی سزا سنائی گئی تھی۔اسی سال مئی میں انہیں ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے پونے کی یروڈا جیل منتقل کیا گیا تھا۔ تھوڑے دن پہلے سنجے خود اپنی صحت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے ایک ماہ کے لیے پیرول پر جیل سے باہر آئے تھے اور اب انہیں ان کی اہلیہ کی خراب طبیعت کی وجہ سے پھر پیرول دیا جا رہا ہے۔ پونے کے ڈویژنل کمشنر پربھاکر دیش مکھ نے جیل حکام کی سفارش پر جمعہ کو انھیں پیرول دینے کا حکم دیا تھا۔ اس کی مخالفت میں رپبلکن پارٹی کے کارکنوں نے یروڈا جیل کے باہر سیاہ جھنڈوں کے ساتھ مظاہرہ کیا۔ انہوں نے جیل حکام پر سنجے دت سے نرمی برتنے کا بھی الزام لگایا۔ مظاہرین کے ترجمان نے کہا: 'ان کے ساتھ وہی سلوک کیا جانا چاہیے، جیسا دوسرے قیدیوں کے ساتھ ہوتا ہے۔' یہ ابھی طے نہیں کہ سنجے دت کو کس دن رہائی ملے گی۔ پونے کے ڈویژنل کمشنر پربھاکر دیش مکھ نے کہا: 'انھیں جیل حکام کی سفارش پر ایک ماہ کا پیرول دیا گیا ہے۔ رہائی کی تاریخ بعد میں طے ہوگی!!!

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں