فلم ’’پروازہے جنون‘‘ ہالی ووڈ فلموں کو بہ آسانی ٹکر دے سکتی ہے

فلم پرواز ہے جنون کے ذریعے ایئرفورس کے بہادر پائلٹس کو خراج تحسین پیش کیاگیا ہے


زنیرہ ضیاء August 23, 2018
جب دھرتی پکارتی ہے ناسرتوکوئی اوربات سنائی نہیں دیتی

RAWALPINDI: چند روز قبل فلم ''پرواز ہے جنون'' کا ٹریلر دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ پہلے تو اپنی آنکھوں پر یقین ہی نہیں آیا کہ میں واقعی کسی پاکستانی فلم کا ٹریلر دیکھ رہی ہوں یا کسی ہالی ووڈ فلم کا۔ لہٰذا اپنی آنکھوں پر یقین کرنے کےلیے ٹریلر دوبارہ دیکھا؛ اور اس بار وہ تمام چیزیں بھی نظروں کے سامنے گزریں جو پہلی بار حیرانی کے باعث نظروں سے اوجھل ہوگئی تھیں، جیسے کہ فلم میں شامل خوبصورت گانا ''تھام لو'' جسے عاطف اسلم نے گایا ہے۔

ٹریلر کا آغاز پاکستان کی خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر سے ہوتا ہے جو پاکستان ایئرفورس جوائن کرنے کےلیے اکیڈمی پہنچتی ہیں۔ یہاں ایئرفورس آفیسر (فرحان علی آغا) ان سے کہتے ہیں کہ عام طور پر تو لوگ امریکی شہریت کا خواب دیکھتے ہیں اور آپ اسے چھوڑ رہی ہیں، جس پر ہانیہ ایک خوبصورت جواب دیتی ہیں ''جب دھرتی پکارتی ہے ناں سر، تو کوئی اور بات سنائی نہیں دیتی۔'' ہانیہ عامر اس مکالمے سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ فلم وطن پر جان نثار کرنے والے سچے سپاہیوں کے گرد گھومتی ہے، اور یہ حقیقت بھی ہے۔ پاک فضائیہ (پاکستان ایئرفورس) کے جوانوں کی بہادری اس فلم کا مرکزی موضوع ہے؛ اور کہانی میں حمزہ علی عباسی اور احد رضا میر نے ایئرفورس پائلٹس کے کرداروں میں حقیقت کے رنگ بھرے ہیں۔



ٹریلر میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی میں ٹریننگ لیتے ہوئے نوجوان سپاہی دکھائے گئے ہیں جن میں ہانیہ عامر اور اداکار شفاعت بھی شامل ہیں۔ اداکار شفاعت فلم میں مزاحیہ کردار نبھارہے ہیں اور ان کا حلیہ بھی بڑا دلچسپ ہے جب کہ اداکار شمعون عباسی سخت گیر ایئرفورس آفیسر کے روپ میں نظر آتے ہیں۔



ٹریلر میں کئی دلچسپ پہلو میرے سامنے آئے، جن میں ہانیہ عامر اور احد رضا میر کے درمیان ہونے والی نوک جھونک بھی شامل ہے جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کو بالکل بھی پسند نہیں کرتے۔ تاہم احد رضا میر چپکے چپکے ہانیہ عامر کو دیکھتے ہوئے بھی نظر آرہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دل ہی دل میں ہانیہ کو پسند کرتے ہیں۔ یہیں سے اینٹری ہوتی ہے فلم کے مرکزی ہیرو اور ٹریلر کی جان ''حمزہ علی عباسی'' کی۔ حمزہ علی عباسی کی شخصیت ویسے ہی انتہائی پرکشش ہے لیکن ٹریلر میں تو جیسے انہوں نے سب کی چھٹی کرادی ہے۔



ٹریلر میں حمزہ علی عباسی اور ہانیہ عامر کے درمیان خوبصورت کیمسٹری دکھائی گئی ہے اور یہی فلم کا ٹوئسٹ بھی ہے کیونکہ یہاں احد رضامیر، حمزہ علی عباسی اور ہانیہ عامر کے درمیان محبت کی مثلث (love triangle) سامنے آتی ہے جو شائقین کو سوچنے پر مجبور کردیتی ہے کہ آخر ہانیہ کس کی ہیروئن بنیں گی؟



ٹریلر میں اس لو ٹرائی اینگل کے علاوہ بھی بہت کچھ دکھایا گیا ہے جس میں ایئرفورس پائلٹس کا ٹریننگ کے دوران مشکل اور سخت ماحول میں رہنا، ایک دوسرے کی مدد کرنا، دشمنوں پر بہادری سے حملہ کرنا، انہیں دھول چٹانا، اور سپاہیوں کا وطن کی محبت کے جذبے سے سرشار ہوکر اللہ اکبر کہنا۔

''پرواز ہے جنون'' میں اداکارہ کبریٰ خان بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتی ہوئی نظرآئیں گی تاہم ان کا کردار ''جوانی پھر نہیں آنی 2'' کی طرح زیادہ مضبوط نہیں دکھایا گیا۔ فلم کی کہانی ''ہمسفر'' اور ''اڈاری''جیسے مقبول ترین ڈراما سیریلز کی مصنفہ فرحت اشتیاق نے تحریر کی ہے۔ فرحت اشتیاق اپنی تحریروں میں رومانس اور رشتوں کے درمیان آنے والے اتار چڑھاؤ کو بہت خوبصورتی سے پیش کرتی ہیں، لہٰذا اس میں کوئی شک نہیں کہ فلم ''پرواز ہے جنون'' میں شائقین کو نہ صرف رومانس بلکہ بھرپور ڈراما اور ایکشن بھی دیکھنے کو ملیں گے۔



عاطف اسلم کے دیوانوں کےلیے خوشخبری ہے کہ فلم میں عاطف نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جس کی ایک جھلک ٹریلر میں دیکھی جاسکتی ہے۔ بلاشبہ ٹریلر میں نظر آنے والی محنت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس کا عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونےوالی دیگر فلموں بالخصوص ''جوانی پھر نہیں آنی2'' اور ''لوڈ ویڈنگ'' سے زبردست مقابلہ ہوگا۔ فلم کا ٹریلر دیکھ کر یقین ہوگیا کہ ہمارا مقامی سینما بین الاقوامی معیار تک پہنچ چکا ہے اور یہاں بنائی جانے والی فلمیں انٹرنیشنل لیول کی ہیں جو بالی ووڈ اور ہالی ووڈ فلموں کو بہ آسانی ٹکر دے سکتی ہیں۔



اگر آپ نے ٹام کروز کی مشہور فلم ''ٹاپ گن'' دیکھی ہوئی ہے تو ''پرواز ہے جنون'' میں حمزہ علی عباسی کا کردار آپ کو بے اختیار ٹام کروز کی یاد دلائے گا۔ چونکہ اس فلم کی تیاری میں پاک فضائیہ کا خصوصی تعاون شامل ہے اس لیے لڑاکا طیاروں کے اُڑان بھرنے سے لے کر ان کے ''پلٹ کر جھپٹنے، جھپٹ کر پلٹنے'' کے مناظر تک بالکل حقیقی محسوس ہوتے ہیں اور یوں لگتا ہے کہ جیسے ان مناظر کےلیے کمپیوٹر گرافکس کا سہارا لینے کے بجائے سب کچھ اصل ماحول میں فلمایا گیا ہے۔

اس غیر معمولی سنیماٹوگرافی کےلیے جہاں فلم کا کیمرا کریو مبارکباد کا مستحق ہے، وہیں پاک فضائیہ کےلیے بھی خصوصی داد بھی بنتی ہے کہ جس نے اس منظر نگاری کو ممکن بنایا۔

تو کیوں نہ اس عید پر ''پرواز ہے جنون'' دیکھی جائے؟

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |