طیارے کی عدم دستیابی: 350 پاکستانی کوالالمپور ایئرپورٹ پر پانچ روز سے محصور

باتک ائیر کی پرواز او ڈی 131 کوالالمپور سے لاہور آنی تھی جس کے لیے طیارہ دستیاب نہیں، ایک طیارہ ملا تھا جو خراب ہوگیا


اسٹاف رپورٹر November 07, 2024

کراچی:

ملائیشیا سے پاکستان آنے کے لیے 350 سے زائد پاکستانی مسافر طیارے کی عدم دستیابی کی وجہ سے کوالالمپور ائیرپورٹ پر محصور ہوگئے، ان میں لاہور کا ایک شہری بھی شامل ہے جس کی جمعہ کو شادی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملائیشیا کے کوالالمپور ایئرپورٹ پر پاکستانی شہری پھنسے ہوئے ہیں، باتک ائیر کی پرواز او ڈی 131 کوالالمپور سے لاہور آنی تھی جس میں ائیربس 330 ساختہ طیارے کے ذریعے ان افراد کو آنا تھا مگر آج پانچ دن گزرنے کے باوجود ان کی واپسی نہیں ہوئی ہے۔

وہاں پھنسے لاہور ہربنس پورہ کے رہائشی ذیشان احمد صدیقی کی جمعہ کو بارات ہے، ان کے آبائی گھر میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے باراتی پہنچ چکے ہیں مگر دلہا کی واپسی کے آثار نظر نہیں آرہے۔

پرواز کے مسافروں کا ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مسافروں میں خواتین اور گود کے بچوں کے علاوہ ضعیف العمرا فراد کی بھی کافی تعداد شامل ہے۔ ائیرلائن کے پاس پاکستان پرواز اڑانے کے لیے طیارہ دستیاب نہیں ہے، ایک جہاز کا بڑی مشکل سے بندوبست کیا گیا مگر عین اڑان کے وقت طیارے کے انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی اور مسافروں کو دوبارہ ابتدا میں اتار کر ائیرپورٹ کے لاؤنج اور پھر ہوٹل منتقل کردیا گیا۔

پرواز او ڈی 131 کے ذریعے وطن آنے کے امیدوار مسافروں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کی واپسی کے لیے کوئی خصوصی انتظام کیا جائے، کیونکہ نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ بیشتر مسافروں کے پاس خرچ کے لیے رقم تک نہیں بچی۔

دریں اثنا مسافروں کو جمعرات کی شب انھیں پھر کوالالمپور کے ایک ہوٹل میں رات بسر کرنے کے لیے منتقل کردیا گیا اور دوبارہ متوقع روانگی کے لیے جمعے کی صبح کا بتایا گیا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں ایک اور عجیب وغریب صورتحال کا سامنا ہے کہ مسافروں کے پاس ہینڈ کیری تو موجود ہیں مگر تقریبا تمام مسافروں کا بھاری سامان (لگیج ) کسی اور ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے پاکستان (لاہور) روانہ کیا جاچکا ہے، اس صورتحال کے بعد اب ان کے پاس تبدیل کرنے کے لیے دوسرے کپڑے بھی دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے اب ہم بڑی گھمبیر قسم کے حالات سے گزر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |