کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے والے بھارتی فنکار

عرفان خان بھی کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور وہ ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں۔


زنیرہ ضیاء July 05, 2018
عرفان خان بھی کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور وہ ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں۔

گزشتہ روز بالی ووڈ کی نامور اداکارہ سونالی بیندرے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر دیگر اداکاروں اور ان کے مداحوں پر بجلی بن کر گری، کسی کو کیا خبر تھی کہ ہر وقت ہنسنے مسکرانے والی اداکارہ سونالی بیندرے اچانک کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوجائیں گی۔

صرف سونالی ہی نہیں فلمی دنیا سے وابستہ اور بہت سے فنکار ہیں جو نہ صرف اس خطرناک مرض کا شکار ہوئے بلکہ اس مرض سے جنگ کرکے چھٹکارہ بھی حاصل کیا تاہم کچھ بدقسمت اداکار ایسے بھی تھے جو کینسر سے ہار گئے جس کے نتیجے میں انہیں اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑے۔

سونالی بیندرے:



اداکارہ سونالی بیندرے نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کو یہ خبر سنائی کہ وہ ''ہائی گریڈ''کینسر میں مبتلا ہیں۔ اس بیماری میں جسم کے عضلات صحیح کام نہیں کرتے جب کہ یہ عام کینسر کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے جسم میں پھیلتا ہے۔ سونالی بیندرے ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق نیویارک میں اپنا علاج کرارہی ہیں۔

عرفان خان:



بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان نے بھی رواں سال کی ابتدا میں سوشل میڈیا ہی کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کیا تھا کہ وہ ''نیورو اینڈوکرائن'' نامی کینسر میں مبتلا ہیں یہ آنتوں کا کینسر ہےاور کینسر کی کافی خطرناک قسم مانی جاتی ہے۔عرفان خان بھی ان دنوں اپنی فیملی کے ہمراہ علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں۔

ونود کھنہ:



بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار ونود کھنا گزشتہ برس مثانے کے کینسر میں مبتلا ہوکر زندگی کی بازی ہار گئے تھے، ان کے اسپتال میں گزارے گئے آخری دنوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی تھیں جن میں وہ کینسر کے باعث نہایت کمزور ہوگئے تھے۔

منیشا کوئرالہ:



نامور اداکارہ منیشا کوئرالہ کو 42 سال کی عمر میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی تھی ، منیشا نے کینسر سے ہار نہیں مانی اورعلاج کی غرض سے نیویارک گئیں اور کینسر کے خاتمے تک وہیں قیام کیا۔ بعد ازاں 2015 میں ڈاکٹرز نےانہیں خوشخبری سنائی کہ وہ کینسر سےآزاد ہوچکی ہیں۔ کینسر کے خاتمے کے بعد منیشا کوئرالہ کو دوسری زندگی ملی حال ہی میں انہوں نے فلم''سنجو''میں سنجے دت کی والدہ کا کردارادا کیا ہے۔

لیزا رائے:



اداکارہ و ماڈل لیزا رائے زیادہ فلموں میں تو نظر نہیں آئیں تاہم انہیں شہرت فلموں کے باعث نہیں بلکہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ملی، لیزا رائے کو خون کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، لیکن انہوں نے بھی کینسر پر جیت حاصل کی اور اب وہ کینسر سے مکمل طور پر آزاد ہوچکی ہیں۔

راجیش کھنہ:



ہندی سینما کے پہلے سپر اسٹارراجیش کھنہ کو 2011 میں کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی تھی، ایک سال تک کینسر کے خلاف جنگ کرنےکے بعد راجیش کھنہ زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

اداکارہ نرگس:



بالی ووڈ کی ماضی کی کامیاب اداکارہ اور سنجے دت کی والدہ نرگس بھی اسی موذی مرض کا شکار ہوکر اپنی جان گنوا چکی ہیں، اداکارہ نرگس اپنے بیٹے کی پہلی فلم''راکی''کے پریمیئر سے صرف ایک ہفتے قبل کینسر کے باعث موت کی آغوش میں جا سوئی تھیں۔

فیروز خان:



بھارتی فلم انڈسٹری کے ماضی کے معروف اداکارو فلمساز فیروز خان 69 سال کی عمر میں کینسر کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ اپنی زندگی کے آخری ایام میں انہوں نے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ اسپتال کے بجائے بنگلور میں قائم اپنے فارم ہاؤس میں اپنی زندگی کی آخری سانس لینا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |