جسٹس فائز سے بدتمیزی کے حامی نہیں مگر عوام کے غصے کو سمجھیں، سینئررہنما پی ٹی آئی

آپ بڑے عہدوں پر بیٹھے چھوٹے چھوٹے بونے ہیں، جن کے ساتھ عوام وہ سلوک کریں گے کہ دنیا یاد رکھے گی، علی محمدخان


ویب ڈیسک October 31, 2024
اسلامی سزاؤں کو ظلم و بربریت کہنے والے خودظالم ہیں، علی محمد خان

RAWALPIDI:

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ بیرون ملک کسی نے بدتمیزی کی ہے تو ہم اس کی حمایت نہیں کرتے لیکن عوام کے احتجاج اور غم و غصے کو سمجھیں کہ عوام ناراض ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان ںے کہا کہ مجھے عدالتی حکم کے باوجود آج پھر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، مجھے روکنے سے آپ کو کیا فائدہ اور مجھے کیا نقصان ہو سکتا ہے، علی ظفر سمیت ہمارے وکلا کو بھی تین گھنٹے تک روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان حرکتوں سے آپ بانی پی ٹی آئی اور ہمارے حوصلے نہیں توڑ سکتے، ہم تب تک آتے رہیں گے جب تک قوم اور امت کا لیڈر یہاں سے عزت کے ساتھ نکل نہیں جاتا، جیلوں میں وقت گزار کر ہم نے بہت سی ایسی چیزیں دیکھیں جو پہلے نہیں دیکھی تھیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ان شا اللہ حکومت میں آکر ان جیلوں کی حالت بھی بہتر کریں گے، ایک شخص بہت گنہگار بھی ہے تو لیکن انسان تو ہے، آپ عام آدمی کا کیا خیال کریں گے آپ نے سابق وزیر اعظم کو 6 دن کال کوٹھری میں بجلی کے بغیر رکھا، آپ نے کیا ثابت کیا کہ آپ کا قد چھوٹا ہو گیا، عمران خان کا قد تو اور بڑا ہو گیا، آپ اس بڑے انسان کے سامنے چھوٹے قد کے بونے لگ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ بڑے عہدوں پر بیٹھے چھوٹے چھوٹے بونے ہیں، جن کے ساتھ عوام وہ سلوک کریں گے کہ دنیا یاد رکھے گی۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ہم کسی کی بے عزتی کے قائل نہیں، سابق چیف جسٹس کے ساتھ باہر کسی نے بدتمیزی کی ہے تو ہم اسے سپورٹ نہیں کرتے لیکن عوام کے احتجاج غم وغصے کو سمجھیے کہ عوام ناراض ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم آپ اور فیصلہ سازی سے متفق نہیں ہے، جس طرح آپ حکومت چلا رہے ہیں یا چلوا رہے ہیں اس سے سب کچھ چل سکتا ہے لیکن ملک نہیں چل سکتا، کوئی ملک میں سرمایہ کاری کے لیے نہیں رہا زمانہ گزر گیا اسٹیل مل کو فوت ہوئے، پی آئی اے کو زخمی شیر بنے ہوئے زمانہ گزر گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا اسٹیل مل، پی آئی اے کو بانی پی ٹی آئی نے تباہ کیا،بھٹہ بٹھایا؟، پاکستان ریلوے کی حالت مردہ گھوڑے کی طرح ہے، لوگ سالہا سال سے گھروں میں بیٹھ کر مفت کی تنخواہیں لے رہے ہیں، کوئی ادارہ،کوئی جگہ آپ نے نہیں چھوڑی، اس  ملک کا کیا بنے گا، بانی پی ٹی آئی کا آپ کیا کر لیں گے؟؟ جب تک اللہ نے لکھا ہے وہ رہے گا کوئی دنیاوی طاقت اسے ہم سے دور نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ آپ جتنا بانی پی ٹی آئی کو عوام سے دور رکھ رہے ہیں اتنا پاکستان ترقی اور استحکام سے دور ہوتا جا رہا ہے، یہ نقصان آپ سمجھیں یہ بانی پی ٹی آئی یا جماعت کا کم، یہ ملک اور آپ کے بچوں کا بھی ہے، آپ کے بچوں نے اس ملک میں نہیں رہنا،کیا سب ملک چھوڑ کر جزیروں میں چلے جاؤگے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک تو یہاں لوگوں کو جزیرے خریدنے کی بڑی بیماری ہے، جزیرہ چھوڑو، پاکستاں کا سوچو، یہاں ہمارے پرکھوں کی ہڈیاں دفن ہیں، اگر آپ آج مال بٹور کے، ملک کو لوٹ کے، تباہ و برباد کرکے، ایسے فیصلے کرکے،کہ آپ کسی کو چہرہ نہ دکھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں آپ کے بچے آپ کی قبروں کے پاس بھی نہیں آئیں گے جو ملک کی عزت نہیں کرتا، 25کروڑ کو لگتا ہے کہ ہمارے لیے بانی پی ٹی آئی ٹھیک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے مجھ پر دہشت گردی ایکٹ، سیکرٹ ایکٹ لگا دیے، میرے مردان کے عوام نے مجھے ایک لاکھ ووٹ سے جتوا دیا، آپ عمران خان پر پرچہ کاٹ رہے ہیں عوام آپ پر پرچہ کاٹ رہے ہیں اور اس کا نتیجہ آپ کو مل جائے گا۔

علی محمد خان نے کہا کہ میرا دل کہتا ہے بانی پی ٹی آئی جلد باہر نکلیں گے، شاہ محمود قریشی پونے دو سال سے جیل میں پڑا ہے، اس نے ثابت کیا وہ اصلی اور نسلی ہے، مریم نواز سے پوچھوں گا جتنی آپ کی عمر ہے اس سے زیادہ یاسمین راشد نے لاہور اور پنجاب کی خدمت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد دو تین مرتبہ میاں نواز شریف کو ہرا چکی ہیں، جیل میں پڑی ہیں، میاں محمود الرشید جیل میں پڑا ہے، سابق گورنر عمر چیمہ وفا کا پیکر ہے، سنیٹر اعجاز چوہدری 500 سے زائد دن گزر چکے وہ جیل میں ہیں، ہوش کے ناخن لو پاکستانیوں پر رحم کرو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔