پُراعتماد شخصیت کامیاب زندگی کی ضمانت

نجی اور پیشہ ورانہ زندگی میں کام یابی کی شاہ راہ پر گام زن ہونے کے لیے راہ نما اصول


ایاز مورس February 27, 2022
نجی اور پیشہ ورانہ زندگی میں کام یابی کی شاہ راہ پر گام زن ہونے کے لیے راہ نما اصول ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: آپ نے کبھی سوچا ہے کہ زندگی میں کامیاب انسان عام انسانوں سے مختلف کیوں ہوتے ہیں؟

سوال عجیب ضرور ہے مگر اس میں کوئی برائی نہیں کہ ہم جب اپنی زندگی کا موازنہ کام یاب انسانوں سے کرتے ہیں تو ہمیں پہلی نظر میں یہ لگتا ہے کہ ہم بھی تعلیم یافتہ ہیں، وہ بھی ہیں۔ ہم بھی محنت کرتے ہیں، وہ بھی کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ بھی بہت ساری ایسی مشترکہ باتیں ہیں جو ہم میں پائی جاتی ہیں اس کے باوجود وہ کام یاب ہیں اور ہم اُس طرح سے کام یابی حاصل نہیں کرسکے۔ میں اپنی ذات کا دوسروں سے موازنہ کرنے کی ہرگز حوصلہ افزائی نہیں کرتا لیکن اپنے آپ کا جائزہ لینے میں کوئی ہرج نہیں۔

میرا ماننا ہے کہ کام یاب، کم کام یاب اور ناکام لوگوں میں ایک بہت واضح اور بنیادی فرق ہوتا ہے جو اُن کی کام یابی کا سبب بنتا ہے اور دوسرے لوگ اس سے محروم رہتے ہیں۔ یہ اہم اور نہایت منفرد خوبی اپنی ذات کے بارے میں اعتماد ہے، جسے انگریزی میں Self-Image کہتے ہیں یعنی آپ خود اپنی ذات کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں۔

یہ معمولی اور آسان سوال ہی آپ کے سارے سوالوں پر بھاری ہے۔ یقین نہیں آتا تو ابھی خود پر تجربہ کرلیں۔ جو آپ اپنے بارے میں، اپنے خوابوں، اداروں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں سوچتے ہیں کیا وہ آپ کسی دوسرے کو بتا سکتے ہیں؟ اگر جواب ہاں میں ہے تو یقینی طور لوگ آپ پر ہنس گے اور کچھ مذاق بھی اُڑائیں گے۔ یہ کوئی بڑی بات نہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ لوگوں کے اس رویے کے باوجود آپ کا اپنے بارے میں کیا خیال ہے؟ یہاں سے ہی اصل کہانی شروع ہوتی ہے۔

یہی وہ سفر ہے، یہی وہ کام یابی کی شاہراہ ہے جس پر آپ کو گام زن ہونا ہوتا ہے۔ پھر رفتار سے فرق نہیں پڑتا۔ صرف سمت درست ہو ورنہ لوگ 80 کی رفتار سے چلنے والی سٹرک پر 120کی رفتار سے چلیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا، کیوںکہ وہاں کی حدرفتار محدود اور سمت درست نہیں ہوتی۔ اپنی زندگی میں کام یابی کے سفر کو شروع کرنے کے لیے اپنی ذات پر اعتماد ہی وہ صلاحیت ہے جو آپ کو دوسروں سے منفرد بناتی ہے۔ پُراعتماد شخصیت کے حامل افراد ہی زندگی میں ایسے اقدام اور فیصلے کر سکتے ہیں جن سے عام افراد خوف زدہ ہوتے ہیں۔

اپنی شخصیت میں خوداعتمادی کے فقدان کی وجوہات تلاش کرنے کی بجائے اپنی شخصیت میں اعتماد کے اضافے کے لیے نئی مہارتیں اور صلاحیتیں سیکھیں اور کام یابی کے نئے سفر پر گام زن ہوں۔ شخصیت میں اعتماد کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے؟

آج ہم اس مضمون میں اس پر گفتگو کریں گے اور آپ کو چند عملی نکات بھی دیں گے جو آپ کی شخصیت میں اعتماد کے لیے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ اعتماد واقعی وہ خوبی ہے جو ہماری زندگی میں کام یابی کے تمام دروازوں کو کھولتی ہے۔ اپنے اندر خوداعتمادی کو بڑھانے کے طریقے سیکھیں تاکہ آپ اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی میں کام یابی و خوش حالی حاصل کر سکیں۔

ایلی سن والش ایک پرسنل برینڈنگ اور بزنس کوچ ہیں جنہوں نے اپنی ایک تازہ ریسرچ میں خوداعتماد ی حاصل کرنے کیلئے چند اہم نکات پیش کیے ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ اعتماد زندگی میں سب سے اہم خصوصیات میں سے ایک ہے۔ یہ آپ کو ذاتی، پیشہ ورانہ اور سماجی طور پر بھی متاثر کرنے کے لیے مدد کرسکتا ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ کچھ لوگ پیدائشی طور پُراعتماد انسان ہوتے ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ آپ اپنی شخصیت میں خوداعتمادی کو بڑھا سکتے ہیں۔ اس سے قطع نظر کہ آپ قدرتی طور پر پُراعتماد ہیں یا نہیں۔ اپنی صلاحیتوں میں مزید پُراعتماد بننے کے لیے یہاں 12 نکات درج ہیں:

1: اپنی گذشتہ کامیابیوں کو تسلیم کریں اور نئے سفر کا آغاز کریں۔

جہاںتک ممکن ہو خود کو کریڈٹ دیں! آپ نے اپنی زندگی میں بہت ساری بڑی اور چھوٹی چیزیں حاصل کی ہیں اور آپ کو اس پر فخر ہونا چاہیے۔ ان چیزوں کی ''جیت'' کی فہرست بنائیں جن پر آپ کو فخر ہے۔ وہ آپ کو دکھائی دیتی رہنی چاہیں۔ خاص طور پر ان دنوں میں جب آپ کو اضافی ہمت کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔

2: اپنی ان خصوصیات پر توجہ دیں جو آپ کو منفرد بناتی ہیں۔

یاد رکھیں کہ آپ جیسی خوبیوں کا امتزاج کسی اور میں نہیں ہے۔ یہ بات جب میں لوگوں کو بتاتا ہوں تو وہ سوچ میں پڑ جاتے ہیں کہ میرے اندر کون سی ایسی خوبی ہے۔ میرے خیال میں ہر انسان منفرد اور غیرمعمولی ہے۔ اس لیے اپنی انفرادیت کو انجوائے کریں! غور کریں کہ آپ اپنی صلاحیتوں کو مزید کیسے بہتر کرسکتے ہیں۔ خوداعتمادی کی اس شمع کی روشنی کو مدھم نہ ہونے دیں۔ اپنی صلاحیتوں کو دوسروں کے ساتھ شیئر کریں۔ اپنی ''جیت'' کی فہرست کی طرح اپنے پاس موجود تمام حیرت انگیز خصوصیات کے ساتھ ''میں ہوں'' کی فہرست بھی بنائیں۔

3:کام، کام اور کام کریں

خود پر بھروسا کریں اور پہلے سے مشق کریں۔ اگر آپ جانتے ہیں کہ آپ کے علم کا عملی تجربہ کیا جا سکتا ہے تو پھر تجربے کی پریکٹس کریں۔ یہ تیاری، آپ چیلینجوں سے کیسے نمٹیں گے آپ کے اعتماد کو بڑھانے میں مدد فراہم کرے گی۔ مزیدبرآں دن میں ایک ایسا کام کرنے کا عہد کریں جو آپ کو اندر سے روشن کرتا ہے اور آپ کو خوشی دیتا ہے۔ اس سے آپ کا اعتماد بڑھے گا اور آپ کا دماغ ایک بہترین حالت میں ہوگا ۔

4:اپنے خوف پر قابو پائیں

خوف سب سے زیادہ کم زور کرنے والے جذبات میں سے ایک ہو سکتا ہے اور اگر آپ محتاط نہیں ہیں تو آپ کا اعتماد ٹوٹ سکتا ہے۔ خوف کو تقویت دینے کے بجائے، ایک گیم پلان کے ساتھ آگے بڑھیں کہ آپ اس سے کیسے نمٹیں گے۔ بھرپور تیاری آپ کے خوف کو کم کرنے اور اعتماد میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

5: بہترین لباس زیب تن کریں

آپ کس انداز میں نظر آتے ہیں اور کیسا لباس زیب تن کرتے ہیں، یہ اہم ہے۔ دوسروں کو اچھا تاثر دینے اور خود کو اچھا محسوس کرنے کے لیے آپ کو مہنگے کپڑے یا تازہ ترین رجحان کے مطابق کپڑے پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے کپڑے اچھی طرح سے فٹ ہیں اور آپ کی شخصیت، پروفیشن اور پوزیشن کی عکاسی کرتے ہیں۔

6: مسکرائیں اور ثابت قدم رہیں

یہ حیرت انگیز امر ہے کہ مسکراہٹ آپ کے اعتماد کی سطح کے لیے کیا کچھ کر سکتی ہے۔ اپنا منہ اوپر اور کندھوں کو پیچھے رکھ کر جتنا ہو سکے کھڑے ہونے یا بیٹھنے کی مشق کریں۔ ہم سب ورچوئل دُنیا میں گھومنے پھرنے کے کچھ زیادہ ہی عادی ہوچکے ہیں۔

جب آپ کو اپنے اعتماد میں کمی محسوس ہو تو مسکرانے کی کوشش کریں اور دیکھیں کہ یہ آپ کے مزاج پر کیا اثر ڈالتا ہے۔ سائنس نے ثابت کیا ہے کہ محض مسکرانے کا عمل آپ کے موڈ کو بہتر بنا اور اعتماد کو بڑھا سکتا ہے۔ یہ عمل تناؤ کو کم کر سکتا ہے اور آپ کے مدافعتی نظام کو نئی قوت دے سکتا ہے، کیوںکہ یہ قدرتی طور پر ''اینڈورفنز'' اور ''سیروٹونن'' نامی ہارمون کو خارج کرتا ہے، یہ دونوں آپ کی خوشی کو بڑھاتے ہیں۔

7: ویسے بنیں جیسا آپ بننا چاہتے ہیں

کبھی کبھی زیادہ پُراعتماد بننے کے لیے، آپ کو ایسا کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لیے آپ پہلے سے ہی پُراعتماد ہوں۔ ایسا کرنے سے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ آپ خود کو زیادہ پُراعتماد محسوس کرنے لگیں گے۔ توجہ برقرار رکھنے اور ذہنی راہ نمائی پر مبنی مراقبے کو سننے کی کوشش کریں تاکہ آپ اپنے دماغ میں بھرے ہوئے خیالات کو دوبارہ ترتیب دے سکیں اور ایسے بیانات کی نشان دہی کریں جو آپ کی ذہنی کیفیت کی سطح کو بلند کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ خود کو آئینے میں دیکھنے کی کوشش کریں اور صبح سب سے پہلے ''میں کافی ہوں'' کہنے کی کوشش کریں اور اپنے آپ کو ''شاباش'' دیں۔ یہ ناقابلِ یقین عمل ہے کہ یہ چھوٹی چھوٹی سرگرمیاں آپ کے اعتماد میں اضافہ کے لیے حیران کن اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔

8: ایسے مثبت لوگوں کے ساتھ رہیں جو آپ سے تعاون اور آپ کی حوصلہ افزائی کریں۔

کبھی کبھی آپ کو دوسروں کے آپ پر اعتماد سے بھی فائدہ ہوسکتا ہے۔ اس سے مراد ہے کہ وہ حمایت اور یقین جو دوسروں سے آپ کو حاصل ہے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے آس پاس موجود لوگ آپ کو آگے بڑھنے کی تحریک دے رہے ہیں۔ آپ کو نیچے اور پیچھے نہیں کھینچ رہے ہیں۔ ان کی طرف سے آپ کو موصول ہونے والے حوصلہ افزا تبصرے، تعریف اور حمایت کو خوش دلی سے قبول کرنا چاہیے۔ اپنی کام یابیوں، طاقتوں یا جیت کو کم نہ کریں۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ خود کو یہ اشارہ دے رہے ہوتے ہیں کہ آپ اتنے ناقابلِ یقین نہیں ہیں جتنے کہ آپ واقعی ظاہر کر ر ہے ہیں اور یہ کہ محدود یقین آپ کے اعتماد کی سطح کو نقصان پہنچاسکتا ہے۔

9: اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے مسلسل تصور کریں۔

خود کو کام یاب دیکھنا آپ کے اعتماد کو بڑھانے میں مدد دے گا اور آپ کو آگے بڑھنے کی ترغیب بھی دے گا۔ جب عمل کرنے کا وقت آتا ہے تو اس بات پر توجہ مرکوز کریں کہ آگے بڑھتے رہنے کے لیے آپ کے مستقبل کا نتیجہ کیسا ہوگا۔ جب آپ اپنے ''کیوں'' سے جُڑے رہتے ہیں تو آپ کے دماغ میں خدشات کے آنے اور آپ کی رفتار کو روکنے کے امکان کم ہوتے ہیں۔

10:اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کا خیال رکھیں۔

آپ کا اعتماد براہِ راست اس بات سے منسلک ہے کہ آپ ''کیسا'' محسوس کرتے ہیں۔ اچھی خوراک کھائیں، ورزش کریں اور مناسب نیند لیں۔ نہ صرف جسمانی علامات پر توجہ دیں بلکہ ذہنی صحت کی تبدیلیوں پر بھی خصوصی توجہ دیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ تن درستی کے لیے وقت نہیں نکالتے ہیں، تو آپ بیماری کے لیے وقت نکال رہے ہوں گے۔ اس لیے اپنا ایک معمول بنائیں جس سے دونوں شعبوں میں مدد ملے۔ جب آپ ذہنی اور جسمانی طور پر اچھی حالت میں ہوتے ہیں تو آپ کے پُراعتماد ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے کہ آپ جس سمت جانا چاہتے ہیں ویسے مثبت اقدام کررہے ہیں۔

11:مثبت مائنڈسیٹ اپنائیں اور کاملیت پر توجہ نہ دیں۔

خود کو کام یاب یا ناکام ثابت کرنے کی بجائے اپنی شخصیت میں اعتماد پیدا کریں۔ جب آپ دیکھتے ہیں اور تسلیم کرتے ہیں کہ آپ کیا سیکھ رہے ہیں اور آپ کس طرح ترقی کر رہے ہیں تو آپ اپنے اعتماد کو بیک وقت بہتر ہوتے دیکھیں گے کیوںکہ آپ خود کو اپنے کمفرٹ زون سے باہر قدم رکھنے اور نئی چیزیں سیکھنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔

12:جو کررہے ہیں وہ مستقل مزاجی سے کرتے رہیں۔

ایک کام مسلسل کرنے سے آپ میں تجربہ اور حوصلہ پیدا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں آپ کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ جاننا کہ آپ ترقی کرنے اور چیلینجز کو قبول کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں بلاشبہ اگلی مرتبہ جب آپ کوئی ایسا کام کریں گے جس کے لیے آپ کو اپنی پر اعتماد شخصیت کو ظاہر کرنے کی ضرورت ہوگی تو یہ عمل اس چیلینج کو آسان بنا دے گا۔

اپنی شخصیت میں اعتماد پیدا کرنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، لیکن وقت اور مسلسل کوشش کے ساتھ یہ عمل دل چسپ اور معنی خیر بنایا جا سکتا ہے۔ یاد رکھیں شروعات ہمیشہ چھوٹے اور آسان کاموں سے کریں۔ اپنی کامیابیوں کا جشن منائیں۔ اپنے بارے میں مثبت سوچیں اور اپنے آپ کو ایسے لوگوں سے جوڑ لیں جو آپ کا ساتھ دیں۔

ان سب سے اہم بات اپنے آپ کو کبھی کم تر نہ سمجھیں کیوںکہ آپ کو قدرت نے بے شمار صلاحیتوں اور قابلیتوں سے مالا مال کیا ہے۔ اس بات کا ثبوت میری اپنی ذات ہے، جو اپنی ذات کے بارے میں بے شمار خدشات کا شکار تھا لیکن پھر میں نے اپنے اندر اُن خوبیوں اور قدرتی صلاحیتوں کو دیکھنا، پرکھنا اور بہتر بنانا سیکھ لیا اور آج اس سفر میں دوسرے لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش کررہا ہوں!

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں