کُتّے اور ان کے ہم درد

کراچی سمیت اندرون سندھ بلکہ سارے ملک میں ہی کتوں کا راج ہے


عتیق احمد صدیقی November 21, 2021
کراچی سمیت اندرون سندھ بلکہ سارے ملک میں ہی کتوں کا راج ہے فوٹو : فائل

کراچی سمیت اندرون سندھ بلکہ سارے ملک میں ہی کتوں کا راج ہے۔ گلی محلوں میں دن رات آوارہ کتے، جن میں پاگل کتے بھی شامل ہوتے ہیں، دندناتے پھرتے ہیں۔ یہ کتے لوگوں کو کاٹتے، بھنبھوڑتے رہتے ہیں، بچے ان کا خصوصی نشانہ ہوتے ہیں۔

ان کی خون آشامی کا شکار زخمی اسپتال جاتے ہیں تو وہاں کتے کے کاٹے کی ویکسین نہیں ہوتی۔ اس حوالے سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں تواتر سے رپورٹیں آتی رہتی ہیں مگر حکم رانوں اور شہری انتظامیہ کی بے حسی اور غفلت ہے کہ ختم ہوکے ہی نہیں دیتی۔ کچھ عرصہ ہوا غالباً کسی سنگین واقعے پر زیادہ ہی شور شرابا ہوا تو حکومت سندھ یا شہری انتظامیہ کی جانب سے آوارہ کتوں کے خلاف آپریشن کا بس اشارہ ہی دیا گیا تھا کہ سندھ کے حکم راؓں خاندان کی ایک بیٹی کی رگِ ہمدردی پھڑک اٹھی اور انھوں نے کتے مارنے کی مخالفت میں بیان داغ دیا۔

تب پھر کس کی مجال تھی کہ وہ آوارہ کتوں کو مارنا تو دور ان سے ''چُوں'' بھی کرتا۔ انسان زخمی ہو رہے ہیں، ہوش وحواس کھو رہے ہیں، جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں تو کوئی بات نہیں۔ دس بیس، سو پچاس کے باؤلے ہوجانے، دنیا سے اٹھ جانے سے ایسا کون سا فرق پڑ جائے گا، کتوں سے ہمدردی تو ترقی پسندی اور روشن خیالی کا ایک سمبل ہے اسے بہرحال قائم و برقرار رہنا چاہیے۔

اب حال ہی میں آوارہ کتوں کے ایک اور ہمدرد اور بہی خواہ سامنے آئے ہیں اور وہ ہیں ٹی وی اداکار و گلوکار ٹیپو شریف۔ موصوف کراچی کے فیشن ایبل علاقے کلفٹن میں رہائش رکھتے ہیں۔ حال ہی میں ایک موقر ہفت روزہ میں شایع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ٹیپو شریف نے گزشتہ دنوں فیس بک پر ایک ویڈیو چلائی جس میں انھیں شہر کی انتظامیہ کی جانب سے مارے گئے کتوں کی موت پر روتے اور غصے کے عالم میں شہری انتظامیہ کو گالیاں دیتے بھی دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ کے آپریشن کے دوران جو کتے مارے گئے تھے ان میں وہ چند کتے بھی تھے جنھیں دیکھ بھال کے لیے ٹیپو شریف نے اپنے گھر رکھا ہوا تھا، وہ کتے گھر سے نکل گئے اور انتظامیہ کی جانب سے گلی میں ڈالا گیا زہر کھا کر مر گئے۔ رپورٹ کے مطابق ٹیپو شریف نے بعد میں ایک اور ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ مردہ کتوں کو گاڑی میں ڈال کر لے جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں انھوں نے کہا:''بہیمانہ انداز میں کتوں کو مارنے والے مسلمانوں کے لیے خدا نے الگ سے خصوصی جہنم بنائی ہوگی جس میں انھیں ڈالا جائے گا۔''

سندھ کی شہزادی ہوں یا کلفٹن کے پرتعیش محلوں میں رہنے والے اداکار و گلوکار اور ان جیسے دیگر لوگ، ان کی ایسی باتوں کو ''بھرے پیٹ کی باتیں'' ہی کہا جاسکتا ہے ورنہ عام صورت حال یہ ہے کہ کراچی ہو یا اندرون سندھ اور پنجاب آوارہ اور پاگل کتوں نے بستیوں اور آبادیوں میں ایک آفت برپا کر رکھی ہے۔ آج (ہفتے کی شب) ہی ایک خبر نظر سے گزری ہے کہ لودھراں میں آوارہ کتوں کی ایک ٹولی نے حملہ کرکے پانچ بچوں کو بری طرح بھنبھوڑ ڈالا ہے جنھیں شدید زخمی اور تشویش ناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ اس کے علاوہ اندرون سندھ اور کراچی سے بھی تواتر کے ساتھ ایسی ہی ہول ناک خبریں آتی رہتی ہیں۔

اور بہت سے واقعات اور سانحات ایسے بھی ہوتے ہیں جو میڈیا میں آتے ہی نہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ ہمارے جاننے والے ایک صاحب کے ساتھ پیش آیا۔ موصوف رات دس ساڑھے دس بجے شب دوا لینے گھر سے نکلے، واپسی میں آوارہ کتوں کی ایک ٹولی نے ان پر حملہ کردیا۔ گھبرا کر موٹرسائیکل بھگانا چاہی تو تباہ حال سڑک پر ممکن نہ ہو سکا، موٹرسائیکل کا پہیا سڑک کے بیچ ایک گڑھے میں گیا اور وہ سر کے بل زمین پر آ رہے۔ اسی وقت خون کی الٹیاں ہوئیں، آغا خان اسپتال میں زیرعلاج رہے۔ لاکھوں روپے اٹھ گئے مگر اب بھی حالت یہ ہے کہ دن میں دو تین بار کچھ دیر کے لیے یادداشت ساتھ چھوڑ جاتی ہے۔ بیوی، بچوں تک کو نہیں پہچانتے۔ برسوں پہلے انتقال کر جانے والے ماں باپ کو گھر بھر میں ڈھونڈتے پھرتے ہیں۔

بہرحال، ہمارے لیے تو یہ خبر انکشاف کا درجہ رکھتی ہے کہ کراچی کی انتظامیہ نے سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر آوارہ کتوں کے خلاف کوئی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ اگر ایسا ہے تو شاید وہ کلفٹن جیسے پوش علاقے تک ہی محدود ہے، بالکل اسی طرح جیسے شہر میں ہونے والے تھوڑے بہت ترقیاتی کام پوش علاقوں ہی میں کرائے جاتے ہیں۔

اور حکومت و انتظامیہ انھی کاموں کو اپنا کارنامہ جتا کر بغلیں بجاتی ہے کہ ان کی دنیا تو بس انھی علاقوں تک محدود ہوتی ہے جبکہ کتا مار مہم تو ترجیحی طور پر غریب اور متوسط آبادیوں میں چلائی جانی چاہیے جہاں نہ صرف یہ کہ آوارہ کتوں کی بھرمار ہے بلکہ لوگوں کی بڑی تعداد پیدل اور موٹرسائیکلوں پر آتی جاتی ہے جن میں بچے، بوڑھے، عورتیں، مرد سبھی شامل ہوتے ہیں جبکہ بچوں کا اکثر تنہا بھی باہر نکلنا ہوتا ہے اور یہ لوگ آوارہ کتوں کا نشانہ بنتے ہیں جب کہ پوش علاقوں میں صورت حال مختلف اور لوگ مقابلتاً محفوظ ہوتے ہیں، پھر امرا کے علاقوں میں آوارہ کتے بھی اتنی بڑی تعداد میں نظر نہیں آتے۔ بہرحال ٹیپو شریف کے کتوں کے لیے جذبہ ہمدردی پر اپنی رائے محفوظ رکھتے ہوئے ہم بس اتنا ہی عرض کریں گے کہ وہ چند کتوں کی موت پر دل چھوٹا نہ کریں۔ شہر کی کسی بھی غریب، متوسط بستی کی طرف نکل جائیں اور جس قدر درکار ہوں کتے لے آئیں۔ ہمیں یقین ہے، آپ کا دل کتوں کی خدمت اور دیکھ بھال سے اُوب جائے گا، کتے ختم نہیں ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔