پاکستان کپ بلوچستان نے پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا

فیڈرل ایریاز کو 23رنز سے شکست، عمر اکمل، علی عمران اور اسد شفیق کی نصف سنچریاں،محمد رضوان کے 76رنز رائیگاں


فیڈرل ایریاز کو 23رنز سے شکست، عمر اکمل، علی عمران اور اسد شفیق کی نصف سنچریاں،محمد رضوان کے 76رنز رائیگاں۔ فوٹو: پی سی بی

پاکستان ون ڈے کپ میں بلوچستان نے فیڈرل ایریاز کو23رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا.

فیڈرل ایریاز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، بلوچستان کی اننگز کے آغاز میں ہی صدف حسین نے ذیشان اشرف( 2 ) کو نہال منصور جبکہ خرم شہزاد نے اویس ضیا (13)کو محمد رضوان کا کیچ بنوا دیا،اسدشفیق نے علی عمران کے ہمراہ ٹوٹل 166 تک پہنچایا، کپتان 72کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے،اگلے ہی اوور میں بلال آصف نے علی عمران(77) کو احمد شہزاد کی معاونت سے میدان بدر کر دیا.

عمراکمل نے آتے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا اور ففٹی صرف31 گیندوں پر مکمل کر لی، فواد عالم(19) اسد آفریدی اور محمد رضوان کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، خرم شہزاد نے بسم اللہ خان(2) کو متبادل فیلڈر رمیز راجہ کا کیچ بنوایا، عمر اکمل 77 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے، صدف حسین نے عماد بٹ (8)کو خرم شہزاد کا کیچ بنوایا، پھر تاج ولی(0)کو بولڈ کر دیا۔

پیسر نے اننگز کی آخری گیند پر عمرخان( 13) کو رمیز راجہ کی مدد سے آؤٹ کیا، بلوچستان نے289 کا مجموعہ حاصل کیا، صدف حسین4اور خرم شہزاد 2 وکٹیں لے اڑے۔ جواب میں بلوچستان نے پہلی وکٹ 75 پر گنوائی، احمد شہزاد (44) کو علی عمران نے عماد بٹ کا کیچ بنوایا، اسرار اللہ کو اسد شفیق نے31 پر بولڈ کیا۔

سعود شکیل(40) نے عماد بٹ کی گیند پر بسم اللہ خان کو کیچ دیا، صہیب مقصود(7) کو غلام مدثر نے علی عمران جبکہ عمر خان نے محمد رضوان(76) کو عمر اکمل کی مدد سے دھرلیا،نہال منصور (22)تاج ولی اور ذیشان اشرف کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے،محمد نواز(10)کو عمر خان نے علی عمران کا کیچ بنوایا، بلال آصف(10)کو عماد بٹ نے بولڈ کیا،تاج ولی نے اسد آفریدی(15) کو بسم اللہ خان کی مدد سے چلتا کیا،عماد بٹ نے صدف حسین(2)کی بیلز فضا میں بکھیر کر فیڈرل ایریاز کی اننگز266پر تمام کردی.

عماد بٹ3 جبکہ تاج ولی اور عمرخان2،2وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، بلوچستان کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ بہتر نیٹ رن ریٹ کی بدولت سرفہرست ہوگئی،خیبرپختونخوا دوسرے نمبر پر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔