آج کئی فنکاروں کے سیاسی کیرئیر کے بھی فیصلے کی گھڑی

انتخابات2018میں سیاستدانوں کے علاوہ اداکار بھی میدان اتررہے ہیں


زنیرہ ضیاء July 25, 2018
انتخابات 2018 میں سیاستدانوں اور عام عوام کے ساتھ اداکار بھی بڑھ چڑھ کر انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں فوٹو:فائل

الیکشن 2018 پاکستانی سیاست میں نہایت اہم الیکشن ثابت ہورہے ہیں اس بارسیاستدانوں اور عام عوام کے ساتھ اداکار بھی بے حد پرجوش ہیں اور بڑھ چڑھ کر انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔

شوبز انڈسٹری سے وابستہ افرادسیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے دور ہی رہتے ہیں تاہم پاکستان میں انتخابات 2018کے دوران سیاسی شعور ماضی کے مقابلے میں زیادہ اجاگر ہوا ہے اس بار سیاستدانوں کے علاوہ اداکار بھی بھرپور طریقے سے انتخابی میدان میں اتررہے ہیں۔

ابرارالحق




پاکستان کے نامور گلوکار ابرارالحق عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹر ہیں اور طویل عرصے سے پی ٹی آئی کے ساتھ وابستہ ہیں۔ ابرارالحق نارووال کے حلقے این اے 78 سے انتخابی امیدوار ہیں۔ ابرارالحق کے مقابل پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اورسابق وزیر داخلہ احسن اقبال بھی اسی حلقے سے کھڑے ہورہے ہیں دونوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ دونوں امیدواروں میں سے کون بازی لے جاتا ہے۔

جواد احمد




جواد احمد بہترین گلوکار ہونے کے ساتھ عوامی خدمت کا جذبہ بھی رکھتے ہیں تاہم انہوں نے سیاسی میدان میں اترنے کے لیے کسی اور سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کے بجائے اپنی پارٹی بنانے کو ترجیح دی اور ''برابری پارٹی'' کے نام سے اپنی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی۔ جواد احمد کسی ایک حلقے سے نہیں بلکہ تین حلقوں سے انتخابی میدان میں اتررہے ہیں۔ اس کے علاوہ جواد عام امیدوار کے سامنے نہیں بلکہ سیاست کی دنیا کے بڑے ناموں کے سامنے الیکشن لڑیں گے۔

جواد احمد کراچی کے حلقے این اے 246 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مقابلہ کریں گے، لاہور نوکے حلقے این اے131 میں جواد احمد کا مقابلہ مسلم لیگ(ن) کےخواجہ سعد رفیق اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ہوگا۔ جب کہ لاہور 10 کے حلقےاین اے 132 سے جواد احمد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے مقابلہ کریں گے۔

ساجد حسن




اداکار ساجد حسن بھی شوبزکے علاوہ سیاست میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ساجد حسن کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔

ایوب کھوسہ




اداکار ایوب کھوسہ بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے کراچی کے حلقے پی ایس 101 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

گل رعنا




ماضی کی اداکارہ گل رعنا پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کراچی کے علاقے لانڈھی کے حلقے پی ایس 94 سے الیکشن میں کھڑی ہورہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔