سرکاری اداروں میں داخلی کنٹرول موثر بنانے کی 4 نکاتی پالیسی

نیب نے پالیسی پر عملدرآمد کیلیے وفاقی و صوبائی اداروں سے تجاویز بھی طلب کرلیں


Khalid Rasheed August 06, 2012
نیب نے پالیسی پر عملدرآمد کیلیے وفاقی و صوبائی اداروں سے تجاویز بھی طلب کرلیں, فائل

قومی احتساب بیورو( نیب) نے وفاقی اور صوبائی اداروں میں داخلی کنٹرول کے نظام کو موثر اور فعال بنانے کے لیے پالیسی جاری کر دی ، پالیسی پر عملدرآمد کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں سے تجاویز بھی مانگی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی طرف سے 46وفاقی وزارتوں اور صوبائی اداروں کو(EFFECTIVE INTERNAL CONTROL MECHANISM IN THE GOVT DEPARTMENTS) کے عنوان سے جاری کیے گئے مراسلے میں 4نکات پر مشتمل پالیسی جاری کی گئی ہے جس میں تجویز کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی تنظیموں سے متعلق آڈٹ اور دیگر امور سے متعلق پالیسی کے حوالے سے سینئر آفیسرز اور ان کے ماتحت مینجمنٹ کو جاب کی تفصیل اور تقرری کے لیٹر میں اداروں میں انٹرنل کنٹرول سے متعلق واضح ذمے داریاں سونپی جائیں۔

سرکاری اداروں کی کیپیسٹی بلڈنگ کے لیے اہم پوسٹوں پر تعینات آفیسرز ، پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز کو رسک مینجمنٹ اور انٹرنل کنٹرول کے لیے ریفریشر کورسز کروائے جائیں جن میں ان کو پالیسی گائیڈ لائن سے متعلق آگاہی دی جائے۔ اداروں کے داخلی مانیٹرنگ اور رپورٹنگ سسٹم کو مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے سینئر آفیسرز رسک مینجمنٹ کی ذمے داریاں پوری کریں اور تجاویز دیں کہ اداروں میں کرپشن کو کم سے کم کیسے کیا جا سکتا ہے، سرکاری اداروں میں اینٹی کرپشن ورکشاپس کا انعقاد کروایا جائے۔

ہائی رسک ایریاز میں مجوزہ پالیسی پر عملد رآمد کے لیے امور کی علیحدگی اور ان کو ریشنلائز کرنے کے اقدامات کیے جائیں مجوزہ پالیسی پر عملدرآمد کی ذمے داری وفاقی و صوبائی اداروں گورنمنٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ، اینٹی کرپشن ایجنسیز اور متعلقہ حکومتی اداروں پر عائد ہو گی نیب نے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری اور داخلی کنٹرول کے نظام کو فعال بنانے کیلئے سول سوسائٹی، بزنس کمیونٹی، جامعات، پبلک سیکٹر منیجرز کے اشتراک سے 398اقدامات تجویز کیے گئے تھے جن میں سے 4تجاویز سرکاری محکموں میں داخلی کنٹرول کے نظام کو فعال اور موثر بنانے سے متعلق ہیں۔

وفاقی و صوبائی ادارے مجوزہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اپنی تجاویز ڈی جی نیب کو بھجوائیں گے جس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے گی۔ مجوزہ حکمت عملی پر عملدرآمد کے لیے این جی اوز ، عوامی نمائندوں، بزنس کمیونٹی، سول سوسائٹی اور سرکاری حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو عملدرآمد کا جائزہ لے گی ، نیب اس کمیٹی کے سیکریٹریٹ کے طور پر کام کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں