محبت زندگی کا حُسن

سچ تو یہ ہے کہ محبت ہی زندگی کا حُسن، انسان کا کُل سرمایہ ہے۔


Musa Raza February 10, 2013
ماڈل: رانیہ، عدنان۔ فوٹو : فائل

محبت، ایک ازلی اور کامل جذبہ۔ ایک ہمہ گیر احساس، جو زندگی کی سانس ہے۔ امید ہے، آس ہے۔ جینے کا ڈھنگ ہے، خوشی کا انگ ہے۔

سچ تو یہ ہے کہ محبت ہی زندگی کا حُسن، انسان کا کُل سرمایہ ہے۔ یہ رشتے بُنتا ہے، دلوں کو جوڑتا ہے، انسان کو انسان کے قریب لاتا ہے۔ محبت ایک ایسی قوت ہے، جس کے بغیر معاشرے کا زندہ رہنا ناممکن ہے۔
یہ محبت کا لطیف احساس ہی تو ہے، جو ممتا جیسے عظیم جذبے کو گوندھتا ہے۔ باپ کو اپنی اولاد کے لیے جدوجہد کرنے کی تحریک دیتا ہے۔ عورت اور مرد کی دھڑکوں کو ہم آہنگ کرتا ہے۔ اِسی کی قوت خاندان کو یک جا رکھتی ہے۔

قدیم کلیہ ہے کہ جو محبت فراہم کرتا ہے، اُسے جواب میں محبت ہی ملتی ہے۔ مگر لوٹاتے سمے یہ دگنی ہوجاتی ہے۔ مسرت، اخلاص، تہذیب، رواداری، سب محبت ہی کی دین ہیں۔ محبت ہی اُن کا ماخذ ہے۔ ہر لطیف اور نیک احساس محبت ہی کے جذبے سے پھوٹتا ہے۔

یوں تو ہر دن محبت کے لیے ساز ہے، محبت سے منسوب ہے، مگر 14 فروری کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جب محبت کے پیروکار ویلنٹائن ڈے کا تہوار مناتے ہیں۔ اپنے چاہنے والوں کو تحائف پیش کرتے ہیں، جو اُن کی محبت کا مظہر ہوتے ہیں۔ سامنے والے کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ کوئی اُن کا پروا کرتا ہے، اُن کا بھلا چاہتا ہے، ان کی بابت فکرمند ہے۔

محبت کا یہ دن، ایک معنی میں امن کا دن ہے کہ امن، کامل محبت ہی کے باطن سے جنم لیتا ہے۔ اس نقطۂ نظر سے اس جذبے کی ہمہ گیریت کا احساس ہوتا ہے، اس کی اہمیت آشکار ہوتی ہے۔

ویلنٹائن ڈے ایک خوب صورت تہوار ہے، جو محبت کی دھنک کو مسرت کی سرخی کے نمایاں رنگ کے ساتھ منانے کا دن ہے۔ اس دن جاگنے والا خوب صورت احساس وہ احساس ہے جو انسان کے اندروں کو مسرت سے بھر دیتا ہے۔ اور جب ہر انسان کی روح محبت سے لرزنے لگتی ہے، تو حقیقی دنیا میں کرشمے رونما ہوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |