خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

بزرگ کا الائچی اور بسکٹ دینا
اقراء جہانگیر،لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کسی تقریب میں موجود ہوں مگر وہ لوگ میرے لئے اجنبی ہیں۔ایک بزرگ میری طرف بڑھتے ہیں اور مجھے ایک الائچی اور بسکٹ دیتے ہیں، میں اس کو پکڑ کے کھانا شروع کردیتی ہوں، اس کے بعد والا حصہ مجھے یاد نہیں۔
تعبیر:۔ آپ کے خواب سے اظہار ہوتا ہے کہ بزرگوں سے فیض ملنے کے ساتھ ساتھ اولاد کی طرف سے آپ کو خوشخبری ملے گی۔ ماشا اللہ آپ کا خواب اچھا ہے آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور زیادہ سے زیادہ یاحّی یا قیوم کا ورد کرنے کے ساتھ ہر جمعرات کو حسب استطاعت صدقہ وخیرات کیا کریں۔

پرہجوم سڑک پر شیشے کا جار گرنا
عبدالصمد ،لاہور
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں کسی پُرہجوم سڑک سے گزر رہا ہوں۔ اس ہجوم میں میرے ایک عزیز دوست بھی شامل ہیں۔ ہم ہجوم میں شامل چلتے جارہے ہیں کہ اچانک ساتھ والے آدمی کے ہاتھ سے ایک شیشے کا جار نیچے گرتا ہے، میں لپک کر اس کو پکڑ لیتا ہوں۔ اسی طرح ایک دوسرا سین ہے کہ میں کسی دعوت میں موجود ہوں جہاں میرے وہی عزیز ہیں، ہم مل کر کھانا کھاتے ہیں اور اپنے کئی دوستوں کو ملتے ہیں۔اس تسلسل میں میرا بھی سین ہے جو مجھے یاد نہیں۔
تعبیر:۔ آپ کے انتہائی لمبے خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کسی دوست یا عزیز کی طرف سے کسی ممکنہ مدد یا فیور کے لئے دیکھتے ہیں۔ ہمارا مشورہ یہی ہے کہ آپ خود پر اور اللہ کی رحمت پر بھروسہ کرکے رکھیں کیوں کہ دوسروں سے وابستہ توقعات کم ہی پوری ہوتی ہیں۔بہتر یہ ہوگا کہ آپ اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے محنت کریں اور نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں۔نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ وخیرات کیاکریں۔

بار بار سیڑھیاں اترنا اور چڑھنا
عثمان ادریس،لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک بلڈنگ میں کبھی سیڑھیاں چڑھتا ہوں اور کبھی اترتا ہوں۔ ایسا میں کئی بار کرتا ہوں، کچھ اس سلسلے میں رہنمائی فرمائیں کہ بار بار سیڑھیاں اترنے اور چڑھنے سے کیا مراد ہے؟
تعبیر:۔ آپ کے خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ معدہ میں رطوبات فاسد بنتی رہتی ہیں۔ بار بار سیڑھیاں اترنا چڑھنا ان رطوبات کی وجہ سے ہے اور یہ گیس بن کر دماغ تک پہنچتی ہیں۔

چھپکلیاں مارنا
اقراء معین،لاہور
خواب:۔ میں دیکھتی ہوں کہ اپنے بھائی اور ابو کے ساتھ چھپکلیاں مار رہی ہوں۔ ایک چھپکلی میرے بھائی کے ڈنڈے سے زخمی ہوجاتی ہے اور کہیں چھپ جاتی ہے۔ہم بہت ڈھونڈتے ہیں مگر نظر نہیں آتی۔پھر بھائی کی نظر بیڈ کے پیچھے پڑتی ہے جہاں وہ زخمی پڑی ہوتی ہے۔
تعبیر:۔ آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کسی کمزور کو اپنی ریشہ دورانیوں سے تنگ کر رہے ہیں اور اس سے ان کو نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کوشش کریں کہ اپنے آس پاس لوگوں کو دیکھیں اور تجزیہ کریں۔اگر آپ ہر لحاظ سے سے بہتر ہیں تو بجائے کسی کو ستانے کے اپنے آپ کو دوسروں کے لئے مفید بنائیں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حیی یا قیوم کا ورد کیاکریں۔کوشش کریں کہ ہر ہفتے کسی غریب کو کھانا کھلا سکیں۔

پودینہ گھر لے جانا
احمد رضا،شاہ کوٹ
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے ہاتھ میں پودینہ پکڑا ہوا ہے اور وہ بہت تازہ اور ہرا ہے۔ میں اس کو لے کر بہت خوشی خوشی گھر جا رہا ہوں۔
تعبیر:۔ یہ ایک اچھا خواب ہے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ نیک اور خوش قسمت ہوں گے۔ آپ کا ذہنی رجحان نیکی کی طرف رہے گا۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیاکریں اور کثرت سے یا حیی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔ ممکن ہوسکے تو کسی مسکین کو جمعرات کو کھانا بھی کھلائیں۔

ننگے پاؤں شاپنگ کرنا
مصباح ثناء،فیصل آباد
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک بہت بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹور میں کھڑی کچھ برانڈڈ سوٹ دیکھ رہی ہوں۔ میرے ساتھ میری جیٹھانی اور ساس بھی ہیں ہم تینوں کے ہاتھ میں خوب سامان ہے اور ہم مزید شاپنگ کرنا چاہتے ہیں۔ اچانک میری نظر اپنے پاؤں پر پڑتی ہے تو میں حیران رہ جاتی ہوں کہ میرے دونوں پاؤں ننگے ہیں یعنی میں بغیر جوتی کے شاپنگ کر رہی ہوں۔یہ دیکھ کرمیں بہت پریشان ہوتی ہوں اور گھبراہت کے مارے ایک کونے میں کھڑی ہوجاتی ہوں، اس کے بعد موبائل کی گھنٹی کی آواز سے میری آنکھ کھل گئی۔
تعبیر:۔ آپ کے خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کوئی غم یا پریشانی آسکتی ہے، آپ کے کاروبار میں کوئی رکاوٹ یا بندش بھی آسکتی ہے، گھر کا کوئی مسئلہ بھی ہوسکتاہے اس لئے نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حیی یا قیوم کا ورد کریں اور حسب توفیق صدقہ وخیرات کریں۔

پیاس میں پانی کی عدم دستیابی
سلمان حسین، قصور
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ اپنے دفتر میں بیٹھا کام کر رہا ہوں، اس دوران مجھے شدید پیاس محسوس ہوتی ہے۔ میں اپنے کیبن میں موجود بوتل چیک کرتاہوں اس میںپانی نہیں ہوتا۔میں اٹھ کر باہر جاتا ہوں کہ کسی ساتھی سے مانگ لوں مگر سب کے پاس پانی ختم ہوچکا ہوتا ہے۔پھر میں دوسرے سیکشن میں جا کے ڈسپنسر سے پینے لگتاہوں تو دیکھتا ہوں کہ وہ بھی خالی پڑاہوتا ہے حتیٰ کہ اس کے اوپر بوتل بھی نہیں لگی ہوتی۔
تعبیر:۔ آپ کے خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کسی رنج وناامیدی کا شکار ہونا پڑسکتا ہے۔ اس میں ترقی سے وابستہ مسائل بھی ہو سکتے ہیں اور تعلیمی بھی، آپ کوشش کریں کہ حسب توفیق صدقہ دیں۔نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور یا حیی یا قیوم کا ورد چلتے پھرتے کثرت سے کیا کریں۔

تحفے کے ڈبے سے سانپ کا نکلنا
مرتضیٰ خلیل،لاہور بحریہ ٹاؤن
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں بیٹھا ہوں اور میری دعوت کے سلسلے میں وہاں اور بھی عزیز واقارب جمع ہیں۔ اس دوران مجھے ایک بند ڈبہ تحفے میں ملتا ہے، جسے میں خوشی خوشی وہاں بیٹھے ہی کھول دیتا ہوں، جس میں سے ایک سانپ میری گود میں گر جاتا ہے، میں ایک دم گھبرا کے کھڑا ہو جاتا ہوں۔
تعبیر:۔ آپ کے خواب میں کوئی اچھا اشارہ نہیں، یہ کسی سے ملنے والی تکلیف کی طرف اشارہ کرتا ہے، جو کہ قریبی عزیز یا اولاد بھی ہوسکتے ہیں۔کاروبار میں لین دین کرتے وقت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے اور نماز پنجگانہ کی پابندی کیاکریں۔

خوفناک شکل والا آدمی
محمد عمران... لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھاکہ میں ایک بند جگہ پر ہوں اور مجھے سانس لینے میں شدید تکلیف ہو رہی ہے۔ میں اٹھنے کی کوشش کرتاہوں مگر کسی نے مجھے باندھا ہوا ہے۔ میں چیخنے کی کوشش کرتاہوں مگر مارے خوف کے مجھ سے چیخا بھی نہیں جاتا اور گھٹی گھٹی آواز نکلتی ہے اور ایک خوفناک شکل والا آدمی میری طرف بڑھتا ہے۔ اس کے بعد مجھے کچھ یاد نہیں۔
تعبیر:۔ خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ معدہ و آنتوں کے مرض میں مبتلاہیں۔ آپ کوشش کریں کہ رات کا کھانا جلدی کھائیں اورکھانے کے بعد ہلکی پھلکی چہل قدمی ضرور کیا کریں۔

تنگ جوتا
حامد صغیر...لاہور
خواب:۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ بازار میں جارہا ہوں۔ ہم سب جوتے خرید رہے ہوتے ہیں۔ میرے دونوں دوست اپنی پسند کا جوتا خرید لیتے ہیں اور فارغ ہو جاتے ہیں مگر میں جو بھی جوتا پہنننے کی کوشش کرتا تھا وہ مجھے پورا ہی نہیں آتا، ہر جوتا تنگ ہوتا ہے۔ میں کئی دکانوں پر جاتا ہوں مگر ہر جوتا مجھے تنگ ہی ہوتا ہے۔
تعبیر:۔ آپ کا خواب تھوڑی پریشانی کو ظاہرکرتا ہے جو کہ گھریلواور کاروباری دونوں طرح کی ہوسکتی ہے۔ اپنے گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالیں اور کچھ حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحیی یا قیوم پڑھا کریں۔

چھت کا گرنا
نرگس رشید ہمایوں... اسلام آباد
خواب:۔ دیکھتی ہوں کہ میں والدین کے ساتھ اپنے پرانے گھر میں ہوں کہ اچانک چھت گر جاتی ہے مگر خدا کا شکر کرتی ہوں کہ ہم سب خیریت سے ہیں کسی کو بھی کوئی چوٹ نہیں لگتی۔
تعبیر:۔ آپ کے خواب سے مایوس کن خیالات اور صحت متاثر ہونے کے کا اظہار ہوتا ہے، معدے کے خرابی کے باعث گیس دماغ کی طرف رخ کرتی ہے کہ طبیعت اداس اور پثرمردہ ہو جاتی ہے۔ طبیعت کی وجہ سے ذہن میں اوٹ پٹانگ خیالات جنم لیتے ہیں۔ آپ کھانا جلدی کھایا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔

غیر ضروری خیالات
نورہدیٰ... لاہور
آپ کی درخواست کے مطابق خواب کی صرف تعبیر بتائی جارہی ہے خواب شائع نہیں کیا جارہا۔
تعبیر:۔ آپ کے اتنے سارے خواب ہیں جن میں ربط پیدا کرنا بہت مشکل ہے۔ یعنی جن چیزوں پر نظر ٹھہر جاتی ہے ہم بیان کر دیتے ہیں اور جن چیزوں کی طرف ہم متوجہ نہیں ہوتے ہمیں یاد نہیں رہتیں۔ یہی حال خواب اور خواب میں دیکھے گئے حالات و واقعات کا ہے۔ آپ کے تمام تر خواب آپ کی دن بھر کی اوٹ پٹانگ سوچوں کا نتیجہ ہیں۔ آپ سارا دن فارغ بیٹھنے کے بجائے کسی کار آمد مشغلے کو اپنائیں یا کوئی سماجی کام شروع کریں، خالی دماغ ایسے ہی شیطانی خیالات کی آماجگاہ بنا رہے گا۔ پڑھائی شروع کریں یا کوئی ٹیکینکل کورس میں داخلہ لے لیں۔ نمازپنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر روز ترجمے کے ساتھ قرآن پڑھنے کی عادت ڈالیں۔

سورج کا ٹکڑوں میں تقسیم ہونا
آمنہ حسنین، شہر کانام نہیں لکھا
خواب:۔ یہ خواب میرے میاں نے دیکھا کہ وہ کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے کچھ پکا رہے ہیں ۔ اچانک ان کی نظر سورج پر پڑتی ہے تو وہ دیکھتے ہیں کہ سورج ٹوٹ کر ٹکڑوں میں تقسیم ہو رہا ہے۔ یہ منظر دیکھ کر وہ خوفزدہ ہو جاتے ہیں اور اٹھ کر گھر کے اندر بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں مگر خوف کے مارے ان سے بھاگا بھی نہیں جاتا۔ اس سے آگے کا حصہ ان کو یاد نہیں رہا کہ اس کے بعد کیا ہوا تھا۔
تعبیر:۔ خواب کے مطابق سب سے پہلے اپنے میاں سے کہیں کہ صدقہ و خیرات کریں اور کاروباری معاملات کو خصوصی توجہ سے دیکھیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھیں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور یاحیی یا قیوم کثرت سے پڑھا کریں۔ خدا ان کو کسی بھی ناگہانی مصیبت سے محفوظ رکھے۔

انار کا درخت
ساجدہ نور... سیالکوٹ
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں گھر کے ملحقہ باغیچے میں کھڑی ہوں اور یہ دیکھ کرحیران ہوتی ہوں کہ میرے چھوٹے سے باغیچے میں کسی نے انار کا درخت لگا دیا ہے یہ دیکھ کر میں کافی خوش ہوتی ہوں۔
تعبیر:۔ خواب اچھا ہے اور اللہ کی مہربانی سے خوشی کو ظاہر کرتا ہے، عنقریب آپ کو اللہ کی رحمت سے خوشی ملے گی اوردلی مراد بھی پوری ہوسکتی ہے۔ گھر میں سکون و آرام بھی ملے گا۔ آپ نماز باقاعدگی سے ادا کریں اور کوشش کریں کہ دو نفل شکرانے کے بھی ادا کیا کریں۔ یاحیی یا قیوم کا کثرت سے ورد کیا کریں۔

بھابھی کی ماں کا الائچی دینا
سدرہ اطہر...لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنی امی کے گھر آئی ہوں اور وہاں میری بھابھی کی امی پہلے سے موجود ہیں اور صوفے پر بیٹھی میری امی سے باتیں کررہی ہیں۔ مجھے دیکھ کر وہ بہت خوش ہوتی ہیں اور اپنے پرس سے نکال کر ایک الائچی مجھے دیتی ہیں اور میں خوشی خوشی ان سے لے لیتی ہوں۔
تعبیر:۔ماشاء اللہ کافی اچھا خواب ہے اور اولاد کی طرف اشارہ کرتا ہے یااولاد کی طرف سے کوئی خوشی ملنے کی طرف۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی میں کوتاہی نہ کیا کریں۔ کثرت سے پاحیی یا قیوم پڑھا کریں اورکوشش کیا کریں کہ حسب توفیق صدقہ و خیرات کرتی رہیں۔

زمین پر سونا
اقتدار انیس...شیخوپورہ
خواب:۔میں نے خواب میں دیکھا کہ میں زمین پر بستر بچھا کر سورہا ہوں۔ میں ویسے کبھی زمین پرسویا نہیں اس سے کافی پریشان ہوں کہیں کوئی مصیبت تو نہیں آنے والی مجھ پہ؟
تعبیر:۔ خواب آپ کا اچھا ہے اس میں کوئی پریشانی والی بات نہیں۔ اللہ کی مہربانی سے بزرگی و راحت کوظاہر کرتا ہے۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحیی قیوم کا ورد کیا کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں۔ سوتے وقت سیرت پاکؐ کامطالعہ کیا کریں۔

پہاڑ پر گاڑی چلانا
اقرا مغل، شہر کا نام نہیں لکھا
خواب:۔ میرے میاں نے خواب میں دیکھا کہ وہ ایک پہاڑ پر گاڑی چلا رہے ہیں اور بار بار گاڑی پیچھے کی طرف جاتی ہے۔ وہ خوب زور لگاتے ہیں اور ہمت نہیں ہارتے، آخر کار گاڑی پہاڑ کی چوٹی پر پہنچ جاتی ہے۔
تعبیر:۔ آپ کے میاں کا خواب اچھا ہے، جو ان کے بلند ارادے وہمت کو ظاہرکرتا ہے۔ اللہ نے چاہا تو جن کاموں کا ارادہ آپ نے کیا ہوا ہے انشاء اللہ وہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔ آپ اور آپ کے میاں نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحیی قیوم پڑھا کریں ۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کرتے رہیں ۔ اللہ کی مرضی شامل رہی تو سب رکاوٹیں دور ہوجائیں گی۔

تانگے پر بیٹھنا
شکیل ربانی... لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ تانگہ میں سوا ر ہو کر کہیں جارہا ہو۔ اس میں میرے علاوہ بھی کئی لوگ سوارہیں مگر کچھ دور جا کر تانگے والا مجھے نیچے اتار دیتا ہے۔ میں اس کی کافی منت سماجت کرتا ہوں مگر وہ میری کسی بھی درخواست پر کان نہیں دھرتا جبکہ باقی لوگ اسی طرح بیٹھے ہوتے ہیں۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتائیں کیونکہ میں تو کبھی تانگے پر بیٹھا ہی نہیں۔
تعبیر:۔ آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ عنقریب کوئی دفتری یا کاروباری معاملے میں آپ کو پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کثرت سے یاحیی یا قیوم پڑھا کریں اور ساتھ نماز پنجگانہ کی پابندی لازمی کریں اور حسب توفیق صدقہ خیرات کریں۔ خدا نے چاہا تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

کھیر کھانا
اسلام الدین... لاہور
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں گھر سے کچھ سامان خریدنے نکلتا ہوں اور ایک بازار میں چلتا جا رہا ہوں، اچانک ایک دکان سے آدمی نکلتا ہے اور لپک کر میری طرف آتا ہے اور کہتا ہے کہ میری دکان پر تشریف لے کر آئیں اور مجھے زبردستی اپنے ساتھ دکان میں لے جاتا ہے اور خود فریج سے نکال کر ایک پلیٹ دیتا ہے جس میں کھیر ہوتی ہے میں بہت خوشی خوشی اسے کھالیتا ہوں پھر میری آنکھ کھل گئی۔
تعبیر:۔خواب آپ کا اچھا ہے اور ظاہر کرتا ہے کہ خدا کی مہربانی سے کوئی خوشخبری ملے گی، وہ کاروباری بھی ہوسکتی ہے اور گھریلو بھی، رزق میں اضافہ ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ رات کو سونے سے قبل سیرت پاک ؐ کامطالعہ کیا کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔

مختصر جوابات
صدف بتول،شاہدرہ
یہ خواب صرف آپ کی منفی سوچوں کی نشاندہی کرتاہے۔مثبت انداز فکر اپنائیں۔خود کو ایک مثبت سرگرمی میں مشغول کریں۔کوشش کریں کہ روزانہ ترجمے کے ساتھ تلاوت قرآن پاک کریں۔
محمد صدیق،فیصل آباد
یہ خواب نہیں صرف اوٹ پٹانگ خیالات کی فلم ہے۔آپ رات کا کھانا جلدی کھا کر واک کیاکریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔
اویس علی،شیخوپورہ
آپ کا خواب بہت اچھا ہے۔اللہ کے فضل وکرم سے عزت و وقار میں اضافہ ہوگا۔آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی۔ رزق اور وسائل میں برکت ہوگی۔
فلک ناز،لاہور
خواب کی تعبیر بتائی جاتی ہے استخارہ اس کو نہیں کہتے۔
مسز حسنین،لاہور
آپ کے خواب کے مطابق یہ بس معدہ کی خرابی کو ظاہر کر رہا ہے۔ مرغن وثقیل کھانوں سے پرہیز کریں اور کسی اچھے طبیب کو دکھائیں۔
ارم منظور... فیصل آباد
اتنے سارے خوابوں کا جواب دینا ممکن نہیں۔
حمید علی...قصور
سونے سے قبل فلمیں مت دیکھا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور سونے سے قبل سیرت پاک کامطالعہ کیا کریں۔
عائشہ نصیب... لاہور
اس طرح کے خوابوں کے جوابات نہیں دیئے جاتے۔
صنوبر رضا ...فیصل آباد
نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحیی قیوم پڑھا کریں۔
مرتضی علی، شہر کا نام نہیں لکھا
نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور زیادہ وقت باوضو رہنے کی کوشش کیا کریں۔
سدرہ المنتیٰ، شہر کا نام نہیں لکھا
ایسے خواب کی تعبیر نہیں بتائی جاتی، آئندہ احتیاط کریں۔
٭٭٭٭٭

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |