بالی ووڈ فلم ’’مام‘‘ کی پاکستان میں ریلیز پر خوش ہوں سجل علی

سری دیوی کے ساتھ کام کرنے کا کبھی سوچا بھی نہیں تھا، اس فلم کے بعد خود کو بطور اداکار زیادہ مضبوط محسوس کرتی ہوں


Showbiz Reporter July 06, 2017
 فلم زندگی کتنی حسین میں میری پرفارمنس کو پسند کیا گیا،اس وقت ڈرامہ’’او رنگریزا‘‘ کی عکسبندی میں مصروف ہوں،اداکارہ فوٹو : فائل

لاہور: اداکارہ سجل علی نے کہا بے حد خوش ہوں کہ میری پہلی بالی ووڈ فلم ''مام'' پاکستان میں ریلیز ہو رہی ہے، فلم کو لے کر کافی توقعات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ یہ فلم میرے کیریئر میں گیم چینجر ثابت ہوگی، اس فلم کے بعد خود کو بطور اداکار زیادہ مضبوط محسوس کرتی ہوں، فلم مام میں کام کرنے کا تجربہ ہمیشہ یادگار رہے گا گویا یہ خوبصورت خواب ہو، میڈیم سری دیوی کو فلموں میں دیکھا، سب کی طرح ان کی پرستار ہوں، کبھی وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ان کے ساتھ اپنی پہلی بالی ووڈ فلم میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔ فلم ''مام'' پاکستان میں 7جولائی کو ریلیز کی جا رہی ہے، اس کی ریلیز سے قبل پاکستانی اداکار عدنان سدیقی اور سجل علی کے حوصلوں کو بلند کرنے کے لیے خصوصی اسکریننگ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ فلم ''مام'' میں سجل علی، سری دیوی کی بیٹی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں بالی وڈ کے نمایاں ستارے شامل ہیں جن میں سری دیوی اور اکشے کھنہ کے علاوہ نواز الدین صدیقی کا خصوصی کردار بھی شامل ہے۔

انھوں نے کہا کہ کردار چھوٹا بڑا نہیں ہوتا، کبھی گلیمرس رول کی جانب کشش محسوس نہیں کی، حقیقت سے قریب تر کردار ہی حقیقی اداکار کو جنم دیتے ہیں، میری ہمیشہ یہ خواہش ہوئی ہے کہ کردار کا انتخاب کرتے ہوئے یہ نہ دیکھوں کہ کردار اور میری ذات میں کتنی مماثلت ہیں، اصل سجل اور ڈرامہ میں مختلف کردار ادا کرنے والی سجل مختلف ہیں، امید ہے کہ شائقین کو یہ فلم پسند آئے۔ انھوں نے بتایا کہ آج کل مومل پروڈکشنز کے ڈرامہ''او رنگریزا'' کی عکسبندی میں مصروف ہوں، فلم زندگی کتنی حسین میں میری پرفارمنس کو پسند کیا گیا تھا، یہ میری ماں کی دعا ہے، میری زندگی کے نئے سفر کا ایک نئے سرے سے آغاز ہو رہا، یہ فلم اپنی ماں فردوس کے نام کرتی ہوں، جن کو میں ہمیشہ یاد کرتی رہتی ہوں، یہ فلم ان کے نام ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں