خوابوں کی تعبیر

خوابوں کی تعبیر


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

باغ میں ٹھنڈی ہوا
جاوید احمد ، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں صبح باغ کی سیر کرنے جاتا ہوں ۔ باغ میں بہت زیادہ رونق ہوتی ہے بہت زیادہ خواتین اور حضرات سیر کے لئے آئے ہوئے ہوتے ہیں۔ میں بھی اسی باغ میں سیر کے لئے اس کی گراؤنڈ کا چکر لگاتا ہوں۔ اس وقت باغ میں بہت ٹھنڈی ہوا چل رہی ہوتی ہے اس سے میری طبیعت بہت خوش ہوتی ہے۔ میں اس گراؤنڈ کے دو چکر لگاتا ہوں اور پھر ایک بنچ پر بیٹھ جاتا ہوں تا کہ تھوڑا سا آرام کر سکوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو راحت اور آرام نصیب ہو گا۔ پریشانیوں سے نجات ملے گی۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی خوشخبری آپ کو ملے۔ رزق میں برکت ہو گی۔ کاروبار میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے جس سے آپ کے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحیّ یا قیوم کا ورد کریں۔

توبہ کرنا
سید مختار احمد ، ملتان
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے محلہ کی مسجد میں ہوتا ہوں اور وہاں پر نماز ادا کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ سے نہایت عاجزی سے توبہ کر رہا ہوتا ہوں۔ پہلے تو میں آہستہ آہستہ استغفار کرنا شروع کر دیتا ہوں۔ میرے پاس دو تین اور نمازی بھی نماز ادا کر رہے ہوتے ہیں اور پھر وہ میری طرف دیکھنا شروع کر دیتے ہیں ۔ میں اپنی آواز کو پھر نرم کر دیتا ہوں۔ تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے تو میری زبان کے اوپر استغفار (توبہ) ہوتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے، جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی کوئی دلی مراد پوری ہو گی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے مال او وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ہو گا۔ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

موٹی گائے دیکھنا
چودھری قمر الدین ، ساہیوال
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں گاؤں کے مویشیوںکے میلہ میں ہوتا ہوں۔ میلہ کے اندر بڑی اچھی قسم کی بھینسیں اور گائے ہوتی ہیں۔ میں بڑے غور سے اُن کو دیکھتا ہوں اور پھر ایک گائے مجھے پسند آتی ہے ۔ یہ گائے کافی موٹی ہوتی ہے اور خوبصورت بھی ہوتی ہے۔ میں بڑے غور سے بار بار اُس موٹی گائے کو دیکھتا ہوں اور پھر اُس کی قیمت پوچھتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے ہر کام میں ترقی ہو گی۔ دولت اور رزق میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں بہتری آئے گی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی اضافہ ہو گا۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا اور زندگی کی ہرآسائش حاصل ہو گی ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں اورکچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

کھیت میں گندم کا انبار دیکھنا
سید احمد شاہ ، ملتان
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں میں کھڑا ہوتا ہوں۔ وہاں پر گندم کی کٹائی ہو رہی ہوتی ہے اور پھر اُس کو تھریشر میں ڈال کر صاف کیا جا رہا ہوتا ہے۔ بھوسہ ایک طرف اکٹھا ہوتا ہے اور گندم ایک طرف اکٹھی ہوتی جا رہی ہے۔گندم کا کھیت کے اندر ایک بہت بڑا انبار لگ جاتا ہے اور میں دل ہی دل میں گندم کے ڈھیر کو دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہوں ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے رزق میںفراخی ہو گی۔ حلال رزق آپ کے نصیب میں ہو گا۔ آپ کے کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے گھر میں آرام اور سکون کے ساتھ ساتھ خوشحالی بھی آئے گی۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ دولت اور عزت ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

بدمزہ کھانا
نسیم بیگ ، گجرات
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں دفتر سے واپس اپنے گھر آتا ہوں ۔گھر میں میری بیوی اور بچے نہیں ہوتے۔ وہ شاید میرے سسرال کے گھر گئے ہوتے ہیں ۔ میں جلدی سے ریفریجریٹر سے کھانا نکالتا ہوں اور اس کو توے پر گرم کرتا ہوں۔ جب میں نے کھانا شروع کیا تو مجھے لگا کہ کھانا بدمزہ اور باسی ہے اور اُس کا ذائقہ بھی خراب ہے۔ میں کھانے کو چھوڑ دیتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کوئی رنج و غم یا مصیبت کا سامنا ہو سکتا ہے۔گھر میں آرام اور سکون نہیں ملے گا ۔کاروبار میں کمی واقع ہو سکتی ہے جس سے مال اور وسائل میں بھی کمی آئے گی ۔کاروبار میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جس سے کاروبار متاثر ہو سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروادی جائے گی۔

کلاہ پہننا
دلبر خان ، پشاور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوتا ہوں ۔ میں نے جرگہ کی میٹنگ کے لئے جانا ہوتا ہے۔ میں جلدی جلدی سے کپڑے بدلتا ہوں اور پھر ایک نیا کلا ہ سر پر رکھتا ہوں ۔کلاہ بڑا خوبصورت ہوتا ہے۔ اُس پر نقش و نگار بھی ہوتے ہیں ۔ میں سر پر رکھنے کے بعد اپنا چہرہ شیشے میں دیکھتا ہوں تو مجھے بڑا اچھا لگتا ہے اور پھر میں جلدی سے گھر سے باہر نکل جاتا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو اپنے خاندان کی سرداری مل سکتی ہے۔ اپنے قبیلے میں عزت اور توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ کو بزرگی حاصل ہو سکتی ہے۔ آپ کے کاروبار میں ترقی اور اضافہ ہو گا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں اور کچھ صدقہ اورخیراب بھی کریں۔

سورج طلوع ہونا
خالد رسول بٹ ، سیالکوٹ
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پر ہوتا ہوں اور جب میں مشرق کی طرف دیکھتا ہوں تو مجھے وہاں سورج طلوع ہوتا نظر آتا ہے۔ میں اُس طرف کافی دیر تک دیکھتا رہتا ہوں۔ سورج کی پہلی کرنین زمین کے اوپر بکھر رہی ہوتی ہیں اور یہ منظر مجھے دکھائی دیتا ہے۔ سورج آہستہ آہستہ بڑا ہوتا جاتا ہے اور آخر کار مکمل ہو جاتا ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کوئی نیا کاروبار شروع کریں گے۔ جس سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔آپ کے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔ نئی امیدوں سے کام میں بہتری آئے گی ۔گھر میں آرام اور سکون ہو گا۔ مال اور دولت میں بھی اضافہ ہو گا۔آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں اورکچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

بیٹے کے ہاتھ میں غبارہ
چودھری خالد احمد، وزیر آباد
خواب: ۔ میں نے دیکھا کہ جب میں دفتر سے واپس گھر آتا ہوں تو میرا بیٹا میرے کمرے میں ہوتا ہے اور اُس کے دائیں ہاتھ میں ایک غبارہ ہوتا ہے۔ اس غبارہ میں ہوا بھری ہوئی ہوتی ہے۔ وہ دھاگے سے بندھا ہوا ہوتا ہے۔ کافی اوپر تک وہ اُس کو لے کر جاتا ہے۔ میں اس کے ہاتھ سے غبارہ پکڑ لیتا ہوں مگر میرا بیٹا میرے ہاتھ سے غبارہ چھیننے کی کوشش کرتا ہے۔ میں جلدی سے یہ غبارہ اُس کے حوالے کردیتا ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو اپنے بیٹے سے راحت اور آرام ملے گا۔ آپ کے کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے آپ کے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ رزق میں بھی اضافہ ہو گا ۔گھر میں آرام اور سکون ملے گا ۔آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔ کچھ اللہ کی راہ میں خیرات بھی کیا کریں۔

اونٹ پر سوار ہونا
نوازش علی ، رحیم یار خان
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے علاقہ میں ہوتا ہوں، جہاں ریت ہی ریت نظر آتی ہے۔ پھر مجھے وہاں پر کافی زیادہ تعداد میں اونٹ نظر آتے ہیں اور میں ان میں سے ایک اونٹ پر سوار ہوتا ہوں ۔ وہ اونٹ پہلے تو آہستہ آہستہ چلنا شروع کردیتا ہے اور پھر وہ دوڑنا شروع کردیتا ہے۔ میں خوفزدہ ہو جاتا ہوں اور اونٹ سے اتر کر گھر آجاتا ہوں، پھر میرا خوف دور ہو جاتا ہے اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کسی اچھی جگہ سفر درپیش آسکتا ہے۔ کسی مقدس مقام کی زیارت بھی ہو سکتی ہے۔ عمرہ یا حج بھی آپ کر سکتے ہیں۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی۔ رزق حلال نصیب ہو گا ۔ اور آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |