نئی تعمیر ہونیوالی شاہراہیں اور سڑکیں بھی بارش سے دھنس گئیں

پانی کھڑا رہنے سے سڑکوں پرکئی کئی فٹ کے گڑھے پڑگئے،ٹریفک کی روانی متاثر،عیسیٰ نگری روڈ دھنس جانے پربند کردیاگیا


Nasiruddin July 01, 2017
گورنرووزیراعلیٰ ہاؤس کے اطراف سڑکیں اورملیر15سے ملیرہالٹ کی درمیانی سڑک کئی مقامات پردھنس گئی۔ فوٹو: راشد اجمیری/ایکسپریس

کراچی میں بدھ سے شروع ہونے والی بارشوں کے بعد شہر کی درجنوں شاہراہیں اور سڑکیں شدید بارش کے بعد پانی کھڑا رہنے سے دھنس گئیں، جگہ جگہ سڑکوں پر کئی کئی فٹ کے گڑھے پڑگئے ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں میں حال ہی میں تعمیر ہونے والی بعض سڑکیں ناقص مٹیریل کے استعمال کی وجہ سے دھنس گئیں میریٹ ہوٹل سے وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف آنے والی سڑک مختلف مقامات پر دھنس گئی ہے میٹروپول ہوٹل سے گورنر ہاؤس کی طرف جانے والی سڑک بھی بارشوں کے نتیجے میں دھنس گئی ہے ملیر 15 سے ملیرہالٹ کے درمیان تعمیر کی جانے والی سڑک بھی مختلف مقامات پر دھنس گئی، عیسیٰ نگری روڈ کی سڑک بھی مختلف مقامات پر دھنس گئی جس کی وجہ سے اس سڑک کو چند گھنٹے ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا۔



دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں ناظم آباد، پہاڑگنج، نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن، گلزار ہجری، منگھوپیرمنظورکالونی، محمود آباد، لیاری، لانڈھی، کورنگی، قائدآباد، ملیر، سعودآباد، کھوکھراپار، جناح اسکوائر، شاہ فیصل کالونی، فیڈرل بی ایریا، گلستان جوہر کی سڑکیں بھی مختلف مقامات پر دھنس گئی ہیں اور سڑکوں پر کئی کئی فٹ کے گڑھے پڑگئے ہیں ہیں۔

واضح رہے کہ بارشوں سے لیاری کے علاقوں پرانا حاجی کیمپ، سنگولین، بغدادی، آگرہ تاج کالونی، کیماڑی، شیریں جناح کالونی میں بھی سڑکوں کو بارشوں سے شدید نقصان پہنچا ہے شہر میں سڑکوں کے دھنس جانے اور گڑھے پڑنے سے ٹریفک حادثات بڑھ گئے ہیں۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بارشوں سے دھنس جانے والی اور ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے اور تعمیراتی کاموں میں ناقص مٹیریل استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں