تعلیمات نبوی ﷺ کی روشنی میں تربیت اولاد میں والدین کی ذمے داری

نبی کریمؐ نے فرمایا : ’’ والد کا اپنی اولاد کو اس سے بڑھ کر کوئی عطیہ نہیں کہ اسے اچھے آداب سکھائے۔‘‘


نبی کریمؐ نے فرمایا : ’’ والد کا اپنی اولاد کو اس سے بڑھ کر کوئی عطیہ نہیں کہ اسے اچھے آداب سکھائے۔‘‘ فوٹو : فائل

اولاد، والدین کے لیے ایک انمول تحفۂ قدرت ہے۔ بعض اوقات اولاد کی خواہش میں انسان زندگی بھر دعا کرتا رہتا ہے مگر اس کی یہ خواہش بہ مشیت ِالٰہی پوری نہیں ہوتی۔ تو کبھی اس نعمت و رحمت کے حصول میں طویل صبر آزما انتظار کی صعوبتیں بھی اُٹھانی پڑتی ہیں۔ رب العزت کے فضل و کرم سے جب نعمت و رحمت حاصل ہوتی ہے تو ہما را معاشرہ مجموعی طور پر اولاد کی پیدائش پر مسرت کا اظہار کرتا، مبارک باد وصول کرتا اور خوشیاں بھی مناتا ہے۔ مگر ہما را عمومی رویہ کچھ عرصے بعد اولاد کے لیے تبدیل ہوجاتا ہے یا پھر لاڈ پیار کی انتہاؤں کو چھونے لگتا ہے۔ یاد رکھیے، بے رغبتی و غیر ضروری لاڈ دونوں رویے ہی انتہائی خطرناک ہیں۔ افسوس ناک صورت حال یہ ہے کہ آج کا مسلم معاشرہ اسلامی تہذیب و تربیت کے برخلاف مغربی تہذیب و اطوار کا دل دادہ ہوتا جارہا ہے۔ بعض والدین اولاد کی پیدائش کی خوشی میں اتنے بے خود ہوجاتے ہیں کہ حدود ِشرع کی پامالی کا کوئی احساس ہی نہیں رکھتے۔ پھر ہر سال اس دن کی خوشی میں بھی ہر طرح کے غیر اسلامی و غیر اخلاقی رویوں کو فروغ دیا جاتا اور بے تحاشہ فضول خرچی کی جاتی ہے۔

یاد رکھیں کہ کم سنی میں بچوں کا ذہن سادہ تختی کی مانند ہوتا ہے، اس تختی پر جو کچھ تحریر کیا جائے بچے اُسی کو اپناتے ہیں۔ اولاد کو نہ حد سے زیادہ آزادی دی جائے اور نہ بات بات پر جھڑکنے اور ڈانٹنے کا معمول ہو، بل کہ ان کی کوتاہیوں اور غلطیوں پر اظہار نفرت کے بہ جائے مؤثر حکمت عملی سے ان کی عمر کے لحاظ سے دوستانہ، مشفقانہ رویہ اختیار کیا جائے۔

ان کے ساتھ نرمی، خو ش اخلاقی، پیار، محبت، شفقت اور دوستانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے، اﷲ اور اس کے رسول ﷺ کی محبت، اطاعت، فرماں برداری اور وفا شعاری کے جذبات اُبھارنا والدین کی اولین ذمے داری ہے۔ اسلام زندگی کے ہر شعبے میں ہمیں راہ نما اُصول فراہم کرتا ہے۔ جس طرح اولاد کے لیے اسلام نے والدین کی خدمت، ادب، احترام اور فرماں برداری کو لازمی قراردیا، اُسی طرح والدین کے لیے بھی اولاد کی تربیت تعلیماتِ نبویؐ میں وضاحت کے ساتھ موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین اپنے اولاد کی رسول اﷲ ﷺ کے اقوال کے مطابق تربیت کرتے ہوئے مثالی معاشرہ قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

سرکار دو عالم ﷺ کے ارشادات نذرِ قارئین ہیں۔ والدین اور خصوصیت کے ساتھ والد کو اس امر کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے کہ سب سے پہلے اپنے اہل و عیال پر خرچ کیا جائے۔ اسی بات کی وضاحت سید عالم ﷺ نے اپنے ان قول میں ارشاد فرمائی: '' ایک دینار جہاد فی سبیل اﷲ میں خرچ کیا جائے اور ایک دینار کسی مسکین کو دیا جائے اور ایک دینار اپنے اہل و عیال پر خرچ کیا جائے تو ان سب میں اجر و ثواب کے لحاظ سے وہ دینار افضل ہے جو اہل و عیال کے نان و نفقہ پر خرچ کیا جائے۔''

(صحیح مسلم )

جب ربّ العزت اپنے کرم و مہربانی سے اولاد کی دولت عطا کرے تو خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرمانِ رسول ﷺ کے مطابق اس نومولود کے کان میں اذان و اقامت کے ساتھ ساتویں دن اس کے سر کے بال صاف کروا کے ان بالوں کے ہم وزن چاندی یا اس کی قیمت صدقہ کرنا چاہیے اور بچوں کے اچھے نام رکھنا، عقیقہ کرنا والدین کی دینی ذمے داری ہے۔

امام حسن رضی اﷲ عنہ پیدا ہوئے تو حضور ﷺ نے بہ ذات خود ان کا عقیقہ کیا اور سیدہ فاطمہؓ سے فرمایا: '' اے فاطمہ اس کا سر منڈواؤ اور بالوں کے ہم وزن چاندی صدقہ کرو۔'' (مشکوۃ )

حضرت عمرو سعید بن العاص رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: '' والد کا اپنی اولاد کو اس سے بڑھ کر کوئی عطیہ نہیں کہ اسے اچھے آداب سکھائے۔'' (جامع ترمذی و حاکم)

مسلمانو! اﷲ تعالیٰ چاہتا ہے کہ تم اپنی اولاد کے ساتھ برتاؤ کرنے میں انصاف کو ہاتھ سے نہ جانے دو۔ (طبرانی )

نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے: اپنے بچوں کو نماز پڑھنے کی تلقین کرو جب وہ سات سال کے ہو جائیں اور نماز (سے غفلت) پران کو سزا دو جب وہ دس سال کے ہوجائیں اور اس عمر کو پہنچنے کے بعد ان کے بستر الگ کردو۔'' (مشکوٰۃ )

حضرت نعمان بن بشیر رضی اﷲ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: '' اﷲ تعالیٰ اس کو پسند کرتا ہے کہ تم اپنی اولاد کے درمیان عدل کرو یہاں تک کہ بوسہ لینے میں بھی۔'' (ابن النجار)

حضرت نعمان بن بشیر رضی اﷲ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: '' عطیے میں اپنی اولاد کے درمیان عدل کرو جس طرح تم خود یہ چاہتے ہو کہ وہ سب تمہارے ساتھ احسان و مہربانی میں عدل کریں۔'' (طبرانی)

حضرت انس رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت کی ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: '' اپنی اولاد کا اکرام (عزت) کرو اور انھیں آداب سکھاؤ۔'' (سنن ابن ماجہ)

رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: ''جن مسلمانوں کے تین بچے سن بلوغ کو پہنچنے سے پہلے مرگئے، ان (بچوں) کو قیامت کے دن لاکر جنت کے دروازے پرکھڑا کرکے کہا جائے گا بہشت میں داخل ہوجاؤ تو وہ کہیں گے (ہم اس وقت بہشت میں داخل ہو ں گے جب) ہمارے ماں باپ بھی داخل ہوں۔ اس پر ان سے یہ کہا جائے گا اچھا تم بھی بہشت میں داخل ہو اور تمہارے ماں باپ بھی۔'' (طبرانی )

بیٹیوں کی پرورش پر خصوصی انعام و اکرام احادیث مبارکہ میں سیدعالم ﷺ نے ارشاد فرمائے ہیں۔ نبی پاک ﷺ نے فرمایا : جب کسی کے یہاں بیٹی پیدا ہوتی ہے تو رب العزت اس کے یہاں فرشتے بھیجتا ہے جو آکر کہتے ہیں : اے گھر والو! تم پر سلامتی ہو۔ (پھر) وہ (فرشتے) لڑکی کو اپنے پروں کے سائے میں لیتے ہیں اور اس کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہتے ہیں: یہ کم زور جان ہے جو ایک کم زور جان سے پیدا ہوئی، جواس بچی کی نگرانی اور پرورش کرے گا، قیامت تک ربّ تعالیٰ کی مدد اس کے شاملِ حال رہے گی۔'' (طبرانی )

ہمارے معاشرے میں آج بھی ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں جس عورت کی پے درپے بیٹیاں پیدا ہوجائیں تو اُس عورت کو مارا پیٹا جاتا ہے اور طعنے بھی دیے جاتے ہیں، ان حضرات کو اِس حدیث مبارکہ کو پڑھ کر اپنے رویے کو درست کرنے کی ضرورت ہے وگرنہ آ خر ت میں رب العزت کے حضور کیا جواب دیں گے؟

حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا : '' اپنی اولاد کو برابر دو، اگر میں کسی کو فضیلت دیتا تو لڑکیوں کو فضیلت دیتا۔'' (طبرانی)

حضور اکرم ﷺ نے فرمایا : ''جو شخص بھی بیٹیوں کی پیدائش کے ذریعے آزمایا جائے اور ان کے ساتھ اچھا سلوک کرکے آزمائش میں کام یاب ہو تو یہ بیٹیاں اس کے لیے قیامت کے روز جہنم کی آگ سے ڈھال بن جائیں گی۔'' (مشکوٰۃ )۔

اُم المومنین عائشہ رضی اﷲتعالیٰ عنہا سے مروی ہے کہ ایک اعرابی نے رسول اﷲ ﷺ کی خدمت میں عر ض کی کہ آپ لوگ بچوں کو بوسہ دیتے ہیں ہم انہیں بوسہ نہیں دیتے حضور نے ارشاد فرمایا: '' اﷲ تعالیٰ نے تیرے دل سے رحمت نکال لی ہے تو میں کیا کروں۔'' (صحیح بخاری و مسلم )

اُم المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا سے روایت ہے فرماتی ہیں کہ ایک مسکین عورت دو لڑکیوں کو لے کر میرے پاس آئی۔ میں نے اسے تین کھجوریں دیں (اُس عورت نے ) ایک ایک (کھجور) لڑکیوں کو دے دی اور ایک (کھجور) کو منہ تک کھانے کے لیے لے گئی۔ (یہاں تک کہ) لڑکیوں نے اُس (عورت) سے (کھجور) مانگی۔ اس نے (کھجور) دو ٹکڑے کرکے دونوں میں تقسیم کردی۔ جب (میں نے ) یہ واقعہ حضور ﷺ کو سنایا تو آپؐ نے ارشاد فرمایا : '' اﷲ تعالیٰ نے اس کے لیے جنت واجب کردی اور جہنم سے آزاد کردیا۔'' (صحیح مسلم و مسند امام احمد)

جو والدین اپنی بیٹی کی عمدہ تربیت کرے اس کو عمدہ تعلیم دے اور اس کی اچھی پرورش کریں، وہ دوزخ کی آگ سے محفوظ رہیں گے۔ (طبرانی )

حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: '' جس کی لڑکی ہو اور وہ اسے زندہ درگور نہ کرے اور اس کی توہین نہ کرے اور دیگر اولاد (بیٹوں) کو اس پر ترجیح نہ دے، تو اﷲ تعالیٰ ان کو جنت میں داخل فرمائے گا۔'' (سنن ابوداؤد)

حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: '' باپ کے ذمے بھی اولاد کے حقوق ہیں، جس طرح اولاد کے ذمے باپ کے حقوق ہیں۔'' (ابن النجار)

اولاد کے بالغ ہونے کے بعد والدین کا فرض ہے کہ وہ ان کی شادی کی فکر کریں۔ حدیث شریف میں اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: '' حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جس کے ہاں اولاد ہو وہ اس کا عمدہ نام رکھے، اسے حسن ادب سکھائے، جب بالغ ہوجائے تو اس کی شادی کرے، اگر اولاد بالغ ہوگئی اور والد نے شادی نہ کی اس طرح اس سے کوئی حرام کاری سرزد ہوگئی تو اس کا گناہ اس کے باپ کو بھی ہوگا۔'' (مشکوٰۃ)

شادی بیاہ میں فضول خرچی سے بچا جائے اور سنت رسول ﷺ کے مطابق شادی بیاہ کے معاملات کو انجام دیا جائے۔ چوں کہ عموماً لوگ فضول خرچی کی وجہ سے اپنے بچوں کی شادی کو مؤخر کرتے ہیں اور گناہوں کا وبال اپنے سر لیتے ہیں۔

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا: '' بندہ جب مرجاتا ہے تو اس کے اعمال کا سلسلہ منقطع ہوجاتا ہے۔ مگر تین چیزیں (اِن کا ثواب برابر ملتا رہتا ہے ) صدقہ۔ وہ علم جس سے نفع اٹھایا جاتا رہے۔ صالح اور نیک اولاد جو ان کے لیے دعاگو رہے۔'' (ادب المفرد از امام بخاری)

خلاصہ کلام یہ ہے کہ والدین یقینا ادب و احترام اور تعظیم و توقیر کے مستحق ہیں لیکن اولاد کی تربیت کرنا ان کو اچھا مسلمان بنانا، ان کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کرنا بھی والدین کے فرائض میں شامل ہے۔ صرف علم کے زیور سے آراستہ کرنا کافی نہیں بل کہ ان میں وہ خوبیاں اور اوصاف پیدا کرنا کہ وہ اساتذہ، بڑوں، پڑوسیوں، رشتے داروں کا غرض یہ کہ ہر طبقے کے لوگوں کے احترام کو جانتے ہوئے اپنے عملی کردار سے والدین کا نام روشن کرسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |