ٹرمپ کا ٹویٹر پر لکھا لفظ ’Covfefe‘ امریکا کی رسوائی کا سبب بن گیا

ٹویٹ میں ٹرمپ لفظ ’کوریج‘ کو جلد بازی یا غلطی میں ’Covfefe‘ لکھ بیٹھے۔


INP June 01, 2017
ٹویٹ میں ٹرمپ لفظ ’کوریج‘ کو جلد بازی یا غلطی میں ’Covfefe‘ لکھ بیٹھے۔ فوٹو: فائل

امریکا کے 45 ویں اور معمر ترین صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متنازع بیانات، پیغامات اور احکام کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں تاہم 30 مئی کی رات امریکی مقامی وقت کے مطابق 9 بج کر 6 منٹ پر کی گئی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ٹویٹ انٹرنیٹ پر موضوع بحث بن چکی ہے۔

ٹویٹ میں ٹرمپ کہنا تو چاہتے تھے کہ میڈیا کی مسلسل منفی کوریج کے باوجود تاہم وہ لفظ 'کوریج' کو جلد بازی یا غلطی میں 'Covfefe' لکھ بیٹھے، مذکورہ ٹویٹ کو ڈیلیٹ سے قبل 122ہزار دفعہ ری ٹویٹ کیا جا چکا تھا، بعد ازاں ایک غلط لفظ کی مقبولیت پر ٹرمپ کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ایک اور ٹویٹ کی گئی جس میں کہا گیا کہ کون اس لفظ کے اصل معنی ڈھونڈ سکتا ہے؟ دنیا بھر کی زبانوں پر عبور رکھنے والے گوگل ٹرانسلیٹ نے اس لفظ کا تعلق سمان زبان سے بتایا۔

ایک پاکستانی ٹویٹر صارف نے خیال ظاہر کیا کہ ٹرمپ شاید کافی سے متعلق بات کرنا چاہتے تھے۔ دنیا بھر کے صارفین کی جانب سے اس لفظ پر تبصروں اور اظہار خیال پر ایک صارف کا لکھنا تھا کہ 'کون جانتا تھا کہ 7 حرف پر مشتمل ایک لفظ دنیا بھر کو متحد کر دے گا؟ جبکہ ایک صارف کی جانب سے تو یہ مطالبہ بھی سامنے آیا کہ 30 مئی کو قومی چھٹی اور یوم covfefe کا درجہ دے دیا جانا چاہیے، دنیا کے معروف کمپنیاں بھی اس موقع پر خاموش نہ رہیں اور مشہور فاسٹ فوڈ چین کے ایف سی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وہ یقین نہیں کر سکتے کہ کھانے میں ذائقہ شامل کرنے والا خفیہ جز سامنے آگیا جس کا نام 'Covfefe' ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا نیوز ویب نامی ٹویٹر اکاؤنٹ نے اس حوالے سے خاصا دلچسپ تبصرہ کیا اور 'Make America great again' کے جملے میں بھی 'Covfefe' کا اضافہ کردیا، سماجی روابط کی ویب سائٹس پر اس لفظ کو مسلسل استعمال کیے جانے کے بعد 'Covfefe' لفظ کا اندراج انگریزی کی عوامی زبان پر مشتمل لغت میں بھی ہوگیا، جہاں اس کے معنی بیان کرتے ہوئے ٹرمپ کے چھوٹے ہاتھوں کا تمسخر اڑایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔