وزیر اعلیٰ سندھ کی دھمکی کام کرگئی نوری آباد پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی شروع

100میگا واٹ بجلی ماہ رمضان سے قبل کے الیکٹرک کے سسٹم میں داخل کردی جائیگی۔


Kashif Hussain May 06, 2017
50میگا واٹ کے یونٹ کی آزمائش مکمل، دوسرے یونٹ کی آزمائش جلد شروع ہوگی۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پنجاب کو گیس کی فراہمی بند کرنے کی دھمکی کارگر ثابت ہوئی، سوئی سدرن گیس کمپنی نے نوری آباد پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی کا معاہدہ مکمل کرنے کے ساتھ ہی فوری طور پر پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے معاہدے کی شرط کے مطابق سیکیورٹی ڈپازٹ کی مد میں ایک ارب روپے کا پے آرڈر سوئی سدرن گیس کمپنی کو جاری کردیاہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی شروع کردی ہے جس سے50 میگا واٹ کے ایک یونٹ کی آزمائشی جانچ مکمل کی جاچکی ہے اور چند روز میں 50 میگا واٹ کے دوسرے یونٹ کی بھی آزمائش شروع کردی جائے گی۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ نوری آباد پاور پلانٹ سے 100میگا واٹ بجلی رمضان سے قبل کے الیکٹرک کے سسٹم میں داخل کردی جائے گی، اس مقصد کے لیے27 مئی کا ہدف مقرر کیا گیاہے تاہم تاہم سندھ حکومت رمضان سے ایک یا2 روز قبل ہی کے الیکٹرک کو نوری آباد پاور پلانٹ سے100میگاواٹ بجلی کی ترسیل شروع کرناچاہتی ہے تاکہ رمضان میںکراچی کے صارفین کو لوڈشیڈنگ سے ریلیف دیا جاسکے۔

علاوہ ازیں سندھ نوری آباد پاور کمپنی اور سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے اس پروجیکٹ کے لیے گیس کے حصول کا معاہدہ کئی ماہ سے زیرالتوا تھا۔ وزیراعلیٰ نے اپریل کے وسط میں اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران آئین کے آرٹیکل 158کا حوالہ دیتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے صدر دفتر کو صوبائی حکومت کی تحویل میں لینے اور پنجاب کو گیس کی فراہمی بندکرنے کی دھمکی دی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں