خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

ڈبہ میں اوجڑی
ام ہانی،کوئٹہ
خواب: میرے میاں نے خواب دیکھا کہ وہ دفتر سے گھر آ رہے ہیں اور کسی نے ان کو ایک ڈبہ دیا جو کہ انہوں نے گاڑی میں رکھ لیا۔ گھر لا کر جب ڈبہ کھولتے ہیں تو اس میں سے اوجڑی نکلتی ہے جس میں گوبر بھرا ہوتا ہے۔ اس میں سے بو بھی آ رہی ہوتی ہے میں ڈر کے مارے اس کو اٹھانے کی کوشش کرتی ہوں مگر مجھ سے نہیں اٹھائی جاتی۔ یہ خواب میرے میاں نے دو دفعہ دیکھا ہے۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر: اس خواب کی تعبیر اچھی ہے۔ اپنے میاں کو کہیں کہ روزی کمانے میں حرام و حلال کا خاص طور پر خیال رکھا کریں اور ناجائز طریقوں کو استعمال نہ کریں اور گھر کے سب لوگ یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ کوشش کریں کہ حلال طریقوں سے روزی گھر میں آئے یہ خواب باعث پریشانی ہے اس لیے پوری احتیاط کریں۔

جنگ ہوتے دیکھنا
زنیرہ عبدالحق، قصور
خواب : میرا تعلق ایک چھوٹے سے شہر سے ہے مگر عموماً میں بڑے شہروں میں بغرض تعلیم رہائش پذیر رہی ہوں۔ آپ کا کالم مجھے بہت پسند ہے۔ میرے ایک خواب کی تعبیر مجھے بتا دیں جو کہ میں عموماً بار بار دیکھتی ہوں۔ ہمیشہ مجھے لگتا ہے کہ جنگ ہو رہی ہے اور فوجیں لڑ رہی ہیں۔ خوب بم گر رہے ہیں اور طیارے اِدھر اُدھر سے نمودار ہوتے ہیں مگر کوئی نقصان نہیں ہوتا۔ نیچے سب نارمل انداز میں پھر رہے ہوتے ہیں۔
تعبیر: ماشاء اللہ سے تعبیر اچھی ہے۔ رزق و دولت کی فراوانی کو ظاہر کرتا ہے۔ آپ سے خلقت کو فائدہ ظاہر کرتا ہے۔ اللہ آپ کو لوگوں کے لیے آسانی پیدا کرنے والا ہی بنائے۔ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ چلتے پھرتے یا حی یا قیوم پڑھا کریں۔ روز رات کو بعداز عشا دو نفل شکرانہ کے ادا کیا کریں۔

گھر سے سامان نکالنا
لیلیٰ ابراہیم، فیصل آباد
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ ہمارے صحن میں بہت سے لوگ ہیں اور ہم سے کسی بات پر تکرار کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گھر کا سامان بھی نکال کر باہر جمع کرتے جا رہے ہیں۔ ہم ان سے اصرار کرتے ہیں کہ یہ سامان باہر نہ لے جائیں، مگر وہ کہتے ہیں کہ اب یہ گھر ہمارا ہے آپ کو یہ گھر چھوڑنا ہوگا۔ ہم سب بہت گھبرا جاتے ہیں۔ سارا سامان اسی طرح نکال دیا جاتا ہے مگر ہم ان کو راضی کر لیتے ہیں کہ آپ مت لے کر جائیں۔
تعبیر: آپ کے خواب سے پتہ چلتا ہے کہ آپ نے بہت سے قرضے لیے ہوئے ہیں ۔ قرض کی ادائیگی میں تاخیر اور زیادہ مشکلات پیدا ہونے کا امکان ہے ۔ اور اس کی وجہ سے اختلافات رونما ہو سکتے ہیں۔ بہرکیف اللہ پر بھروسے سے تعاون کے ساتھ جدوجہد کرنا بارآور ہو سکتا ہے۔ گھر میں سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ یا حی یا قیوم کا ورد رکھیں اور ہر جمعرات حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں۔

بزرگ لفافہ دیتے ہیں
انیسہ رمضان، کراچی
خواب : میں نے دیکھا کہ میری شادی میرے ہی میاں سے ہو رہی ہے اور ایک بیوٹیشن مجھے تیار کرنے آتی ہے مگر اس کو منع کر دیتی ہوں اور خود ہی سادگی سے تیار ہونے لگتی ہوں۔ میری ساس اور جیٹھانی بھی ساتھ ہیں اور عام روٹین کے برعکس ان کا رویہ انتہائی شفیق ہے۔ اس کے بعد میں دیکھتی ہوں کہ ایک بزرگ بہت نورانی چہرے والے آتے ہیں اور مجھے ہرے رنگ کے لفافے میں کچھ دے کر جاتے ہیں۔ میں خوشی خوشی لے کر رکھ لیتی ہوں اور بعد میں اپنے میاں کو دِکھاتی ہوں۔ وہ بھی بہت خوش ہوتے ہیں اور کھول کر اس میں موجود کوئی بوٹی کھا لیتے ہیں، باقی وہ مجھے دے دیتے ہیں، میں بھی کھا لیتی ہوں جو کہ انتہائی ذائقہ دار ہوتی ہے۔
تعبیر: ماشاء اللہ آپ کا خواب بہت مبارک ہے۔ ازدواجی زندگی میں بھی اور دنیاوی و دینی لحاظ سے بلند مرتبہ کو ظاہر کرتا ہے ۔ ان شاء اللہ اولادِ نرینہ ہوگی اور بزرگی والی ہوگی ۔ آپ نمازِ پنج گانہ کی پابندی کیا کریںا ور روز بعداز نمازِ عشا دو شکرانے کے نفل پڑھنا معمول بنا لیں۔ چلتے پھرتے ''یاحی یاقیوم'' کا ورد کیا کریں اور حسبِ استطاعت صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔

نوکری کے لئے انٹرویو
انجم بشیر، وہاڑی
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نے نوکری کیلئے جو انٹرویو دینے جانا ہے اور یہ حقیقت بھی ہے کہ میں نے کئی جگہ اپلائی کیا ہوا ہے۔ دیکھتی ہوں کہ انٹرویو دینے کے لئے تیار ہو رہی ہوں اور تسبیح نکال کر اللہ سے دعا کرتی ہوئی گاڑی کی طرف بڑھتی ہوں (مگر حقیقت میں مجھے ڈرائیونگ نہیں آتی) اچانک میری ایک دوست آ جاتی ہے اور مجھے اندر لا کر باتیں کرنے لگ جاتی ہے۔ میں بار بار گھڑی دیکھتی ہوں مگر اُٹھ نہیں پاتی اور باتیں ہی کرتی چلی جاتی ہوں ۔
تعبیر: آپ کا خواب ہی اتنا واضح ہے کہ ظاہر کرتا ہے کہ جس چیز کی آپ خواہش رکھتی ہیں اس کا ارادہ آپ کے لئے مبارک ہوگا مگر اس کے ساتھ ساتھ آپ کے کئی دوست ہیں جو آپ کا وقت برباد کرتے ہیں ان سے پرہیز کریں۔ نمازِ پنجگانہ کی پابندی کریں ''یاحی یاقیوم'' کا ورد چلتے پھرتے جاری رکھا کریں ۔ ہر جمعرات کو حسبِ توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

ماں چادر دیتی ہے
کبیر حسین، پنڈی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں گھر میں بیٹھا ہوا ہوں اور میری امی مجھے کہتی ہیں کہ ان کے ساتھ مل کر سٹور کی صفائی کروا دوں۔ میں اُٹھ کر امی کے ساتھ چلا جاتا ہوں اور ڈبے اُٹھا اُٹھا کر سامان ٹھیک کرتا ہوں۔ ان میں سے ایک پیکٹ سے میری امی مجھے ایک چادر دے دیتی ہںپ۔ میں اپنے کمرے میں آ کر اس کو کھولتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ وہ زنانہ چادر ہوتی ہے اور اس پر کوئی آیت لکھی ہوتی ہے کڑھائی سے۔ مجھے برائے مہربانی بتائیں کہ اس کا کیا مطلب ہے؟
تعبیر: ماشاء اللہ آپ کا خواب بہت صالح ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کی شادی ایک دین دار عورت سے ہوگی جس سے آپ کو ہدایت ملے گی اور باعثِ آرام و راحت ہوگی اور مؤجب برکت ہوگی۔ آپ نمازِ پنج گانہ کی پابندی کیا کریں اور ہر وقت یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ ہر جمعرات کو حسبِ استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

قرآن پاک کی تلاوت کرنا
سائرہ بتول ، رحیم یار خان
خواب: میں اکثر خواب میں خود کو قرآن شریف کی تلاوت بآواز بلند میدان میں بہت بڑے اجتماع کے سامنے کرتے ہوئے دیکھتی ہوں۔ کئی دفعہ میں نے خود کو قرآن پاک کی مختلف سورتوں کی تلاوت کرتے دیکھا ہے۔
تعبیر:۔ آپ کا خواب ماشاء اللہ بجائے خود ایک تعبیر ہے۔ لگتا ہے کہ آپ حافظ قرآن ہیں اگر ہاں تو زیادہ سے زیادہ مسلمان بچیوں کو قرآن کی تعلیم دیں۔ معافی اور مفہوم میں خود بھی تفکر کریں اور ان بچیوں کو بھی اپنے ساتھ شریک کریں۔ آپ کے اندر طبیعت کی پاکیزگی اور دین سے لگاؤ ہے۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

چائے کا چشمہ
امین علی، چنیوٹ
خواب: میں ایک مکان کے کچے صحن میں بیٹھا ہوں۔ پائپ سے پانی بھر رہا ہوں۔ دل میں چائے پینے کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔ فوراً زمین سے ایک چشمہ جس کا قطر ڈیڑھ دو فٹ ہے ابل پڑا ۔ اس میں نہایت عمدہ صاف شفاف چائے ہے۔ چائے پانی کی طرح موجیں مار رہی ہے۔ مجھے یہ بھی محسوس ہو رہا ہے کہ چائے کافی گرم ہے۔ میرے دل میں یہ ڈر ہے کہ کہیں سانپ نہ نکل آئے۔ سامنے سے میری خوشدامن صاحبہ آتی ہیں اور میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ لگتا ہے کہ آپ کو چائے اور سگریٹ نوشی کی کثرت سے گیس کا مرض ہوگیا ہے۔ خواب میں سارے تمثلات اس بیماری کی وجوہات کے ہیں ۔ چائے بہت کم کر دیں۔ سگریٹ ترک کرنے سے یہ مرض از خود چلا جائے گا۔ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور اس کے ساتھ ساتھ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں۔

دوست کو ناراض دیکھنا
محمود الحسن، کوہاٹ
خواب : میں نے دیکھا کہ میرا دوست جس کے انتقال کو کئی سال ہو گئے ہیں میرے گھر آیا ہے اور مجھ سے سخت ناراض ہے۔ اس سے پہلے جب بھی کبھی اس کو خواب میں دیکھا خوش اور پرسکون دیکھا، مگر اب جب سے اس کو ناراض دیکھا ہے وہ مجھے خواب میں نظر آنا بند ہو گیا ہے۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ کس بات پر ناراض ہے اور اب خواب میں اس سے ملاقات
کیوں نہیں ہوتی؟
تعبیر:۔ آپ کے مرحوم دوست کو آپ سے توقعات تھیں کہ اس کے لئے کچھ کریں گے ۔ اب وہ آپ کے طرز عمل سے مایوس ہو گیا ہے تو اس نے قطع تعلق کرلیا ہے۔ دوست کی ناراضگی اس بات کی علامت ہے کہ اس کی امیدیں پوری نہیں ہوئیں۔ آپ ان کے لئے قرآن خوانی کریں ۔ غربا و مساکنں میں کھانا تقسیم کریں اور دوست کی روح کو ایصال ثواب کردیں۔

قبر کی مرمت کرنا
احمد ارسلان، ڈیرہ غازی خان
خواب : فجر کی نماز کے وقت میں نے خواب دیکھا کہ میں ، میرا بھتیجا اور میرا ایک دوست قبرستان میں ہیں۔ قبرستان میں ہم نے الحمد شریف اور اس کے بعد فاتحہ پڑھی۔ اچانک میری نظر ایک ٹوٹی ہوئی قبر پر پڑی اور میں نے دیکھا کہ اس میں کفن پہنے ایک میت لیٹی ہوئی ہے۔ میں سب سے کہتاہوں کہ اس کو ٹھیک کردو مگر وہ دونوں پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔اس پر میں خود اس قبر کی مرمت کردیتا ہوں۔ اس میں سوراخ ہوتے ہیں جن میں سے ایک بہت بڑا تھا ۔چھوٹے سوراخوں کو بند کرنے میں میں ناکام رہا۔
تعبیر:۔ آپ کا خواب کچھ باتوں کی طرف نشاندہی کرتا ہے ۔ جن میں دماغی بیماریاں، حافظہ کی کمزوری، نزلہ ، ذہنی خلفشار، کاموں میں بے تدبیری اور ناروا امید یں شامل ہیں ۔ آپ کی طبیعت میں غٖفلت اور لاپرواہی کا عنصر غالب ہے ۔دماغی ہوائی امیدوں اور نقش برآب خیالات کی آماجگاہ بنا رہتا ہے ۔ زندگی میں ترقی اور کامیابی حاصل کرنے کا راز محنت میں چھپا ہے۔ باقی سب باتیں فضول ہیں اور بے کار ہیں ۔اپنی توجہ عملی کاموں کی طرف دیں، بجائے خوابوں اور خیالوں میں رہنے کے۔ یا حی و یاقیوم کا وظیفہ کیا کریں۔

جلسہ میں وزیر اعظم سے ملاقات
کامران احمد، ڈیرہ غازی خان
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک جگہ پر جلسے میں گیا ہوں اور وہاں وزیراعظم بھی آجاتے ہیں۔ باقی لوگوں کو چھوڑ کر وہ میری طرف بڑھتے ہیں اور مصافحہ کرتے ہیں۔ میں بھی خوش ہو کر ان سے باتیں کرتا ہوں اور اپنے کچھ مسائل ان سے ڈسکس کرتا ہوں۔ وہ پورے انہماک سے میری بات سنتے ہیں اور اپنے ساتھ کھڑے آدمی کو کہتے ہیں کہ ان کے مسائل پر توجہ کی جائے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ گو آپ کا خواب کچھ منتشر خیالات کو ظاہر کر رہا ہے مگر اس کے علاوہ ظاہر کرتا ہے کہ کہ آپ کے اگر کوئی مسائل ہیں تو وہ گھر کے کسی بڑے فرد کی معاملہ فہمی سے حل ہو جائیں گے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور چلتے پھرتے کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

بزرگ سے دعا کی التجا
ام سلمیٰ ،لاہور
خواب:۔ جمعے کی نماز کے بعد میں سو گئی تو خواب میں دیکھا کہ ایک سفید ریش نورانی بزرگ جن کی پگڑی اور لباس بھی سفید ہے تشریف لاتے ہیں۔ میں ان سے التجا کرتی ہوں کہ آپ میرے لئے دعا کریں کہ میں اچھی ہو جاؤں اور نیک لڑکی بن جاؤں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ خواب آپ کا اچھا ہے اور آپ کی بزرگوں اور اولیاء کرام سے عقیدت ہے لیکن لگتا ہے کہ آپ بہت زیادہ سوچ بچار کرتی ہیں جس کی وجہ سے طرز فکر کافی پیچیدہ ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ قرآن پاک چاہے ایک آیت ہی سہی مگر ترجمے کے ساتھ تلاوت کیا کریں۔

چھپکلی دیکھنا
اقرا علیم، کراچی
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ ہمارے گھر کے کچن میں ایک بڑی چھپکلی ہوتی ہے۔ میں اس کو مارنے کی کوشش کرتی ہوں مگر وہ تیزی سے ادھرسے اُدھر بھاگ جاتی ہے اور گھر کے سامان کے پیچھے چھپ جاتی ہے۔ میں ڈر کر باہر بھاگ جاتی ہوں ۔
تعبیر:۔ یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی اچانک دشمن بن جائے گا جو آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اور ظاہر سی بات ہے اس سے طبیعت میں رنج و ملال پیدا ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔

سفید تکیہ دیکھنا
مصباح غضنفر، لاہور
خواب:۔ میں اکثر خواب میں ایک چیز دیکھتی ہوں یعنی ایک سفید تکیہ۔ تقریباً ہر پندرہ، بیس دن میں یہ خواب مجھے آتا رہتا ہے۔ اب میں کافی پریشان ہوں۔ برائے مہربانی مجھے بتائیں کہ اس خواب کی کیا تعبیر ہے۔ خواب میں ہمیشہ مجھے اپنے بستر پر ایک سفید تکیہ نظر آتا ہے اور میں ہر دفعہ سوچتی ہوں کہ جانے کس نے لا کر نیا تکیہ میرے بستر پر رکھ دیا ہے۔ پھر میں بستر پر سونے کے لئے لیٹ جاتی ہوں ۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوگا۔ رشتہ داروں میں بھی عزت اور بلند مقام ملے گا۔ کاروبار میں برکت ہوگی اور بزرگی ملے گی۔ کوشش کیا کریں کہ نماز پنجگانہ میں کوتاہی نہ ہو اور کثرت تے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

ٹھنڈے آم کھانا
شاہ قدیر، بوریوالا
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں گھر میں کھانے کی میز پر بیٹھا ہوں اور خوب مزے سے میٹھے، رسیلے آم کھا رہا ہوں۔ حالانکہ ابھی سب کو پتہ ہے کہ مارکیٹ میں آم میسر نہیں ہیں مگر میں کافی ٹھنڈے آم کھا رہا ہوتا ہوں اور مجھے اس میں کافی مزہ آتا ہے۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتائیں کہ میں نے نہ تو کبھی آم کے متعلق سوچا تھا اور نہ ہی ابھی کہیں مارکیٹ میں مل رہے ہیں ۔
تعبیر:۔ خواب آپ کا اچھا ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں اور روزگار میں خوب بہتری و ترقی ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

بڑے گھر رہنا
نسیمہ اقبال، لاہور
خواب:۔ میری دوست کی امی مسلسل کئی مہینوں سے ایک ہی خواب دیکھ رہی ہیں کہ ایک بڑا سا گھر ہے جہاں کافی سبزہ ہے اور وہ وہاں رہ رہی ہیں۔ اس میں بہت سے کمرے ہیں جو خالی ہیں، مگر جو کمرہ ان کی امی کو ملا ہوا ہے وہ کافی سجا ہوا ہے۔ ان کے پاس کسی جانور کا بچہ ہے جس کی وہ دیکھ بھال کرتی ہیں اور دودھ بھی پلاتی ہیں۔
تعبیر:۔ آپ کی دوست کی امی کا معدہ خمیر بنا رہا ہے۔ اس سے دماغی کمزوری ظاہر ہوتی ہے۔ ان کو چاہیئے کہ بادی چیزوں سے پرہیز کریں۔ کثرت سے یاحی یا قیوم پڑھا کریں اورنماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ کوشش کریں کہ رات کا کھانا جلدی کھا لیں اور کھانے کے بعد ہلکی چہل قدمی لازمی کریں۔

جانوروں کے غول کو دیکھنا
اقرا منیر، راولپنڈی
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کالج سے چھٹی کے بعد گھر لوٹ رہی ہوں اور میرے ساتھ میری سہیلیاں بھی ہیں۔ ایک گلی میں سب لوگ دائیں طرف مڑ جاتے ہیں مگر میں اکیلی بائیں طرف چلتی جاتی ہوں۔ آگے ایک کھلا میدان ہوتا ہے۔ میں اس کو پار کرکے سڑک پر جانے کی کوشش کرتی ہوں کہ اچانک ایک طرف سے سوروں کا غول نمودار ہوتا ہے اور میری طرف بھاگتا ہے۔ میں ان کو دیکھ کر ایک طرف بھاگنے کی کوشش کرتی ہوں۔ اسی دوران میری آنکھ کھل گئی مگر اس کے بعد خوف و ڈر کا احساس غالب رہا۔
تعبیر:۔ آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو کسی طاقت ور شخصیت سے واسطہ پڑے گا جو کہ آپ کے حق میں اتنا ٹھیک ثابت نہیں ہوگا۔ بہتر ہوگا کہ ہر معاملے میں اپنے بڑوں کی بات مانیں۔ سب سے پہلے اپنا صدقہ باقاعدگی سے دیں اور چلتے پھرتے یاحی یا قیوم کا ورد کرتی رہا کریں ۔ قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھا کریں ۔ اللہ نے چاہا تو آپ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا مگر کسی بھی معاملے میں من مانی کرنے سے گریز کریں ۔

جسم میں سوئی چبھنے کا احساس
احمد یار قریشی، اسلام آباد
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے بستر پر نیم دراز کوئی کتاب پڑھ رہا ہوں اچانک میرے جسم کے بائیں حصے میں سوئی چبھنے کا سااحساس ہوتا ہے۔ میں کپڑا ہٹا کر دیکھتا ہوں تو ادھر ایک بڑا سا سوراخ ہوتا ہے اور اندر خون اور دیگر اعضاء نظر آرہے ہیں جیسے عموما ً فلموں مںہ آپریشن کرتے وقت نظر آتے ہیں۔ میں یہ دیکھ کر ڈر جاتا ہوں اور اسی خوف میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ حتیٰ کہ آنکھ کھلنے کے بعد بھی میرے ہاتھ سب سے پہلے بائیں طرف گئے اور میں نے خود کو ٹٹول کر دیکھا۔
تعبیر:۔ آپ کے خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کی فیملی میں یا تو چقلپش چل رہی ہے یا وہ آپ سے خفا ہیں۔ اس کی تعبیر اچھی نہیں۔ آپ کو اس سے جسمانی و مالی نقصان پہنچنے کا اندیشہ غالب ہے ۔ لہٰذا سب سے پہلے اپنا صدقہ دیں اور حسب استطاعت خیرات کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور چلتے پھرتے یاحی یا قیوم پڑھتے رہا کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |