خوابوں کی تعبیر

اپنے خوابوں کی تعبیریں جانیے


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

لاہور: موٹا بیل گھر کے اندر دیکھنا
طلحہ چودھری، میلسی

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میری حویلی ہوتی ہے۔ کھیت سے ایک موٹاسا بیل گھر کے اندر آجاتا ہے۔ بیل کے آنے سے بچے شور مچا دیتے ہیں اور میں جلدی سے اس موٹے بیل کو بڑی مشکل سے اس کے سینگوں سے پکڑ کر باہر نکالتا ہوں اور پھر اس کو کھیت میں لے جاتا ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے رزق میں اضافہ ہوگا مال مویشی میں برکت ہوگی۔ کاروبار میں اضافہ ہوگا جس سے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ گھر آباد ہوگا۔ عزت اور توقیر میں بھی اضافہ ہوگا۔ آپ نمازپنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

بارش میں بھیگنا
نعمان۔ سکھر

خواب:۔میں ایک فلیٹ میں رہتا ہوں اور ہمارے ہاں الگ سے چھت تو نہیں ہوتی مگر ایک مشترکہ چھت ہوتی ہے۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک دن شام کے وقت چھت پر بیٹھا ہوں جو کہ کافی بڑی ہے۔ ایک دم سے سورج بادلوں میں چھپ جاتا ہے اور تیز ہوا چلنے لگتی ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے سارے آسمان کو بادل ڈھانپ لیتے ہیں اور تیز بارش ہونے لگتی ہے۔ باقی کچھ اور لوگ جو میرے ساتھ چھت پر کھڑے تھے، وہ بھاگ کر نیچے چلے جاتے ہیں اور میں وہیں کھڑے بارش میں بھیگتا ہوں۔ پھر ایک شیڈ کے سائے تلے کھڑا ہو کر بارش کا نظارہ کرتا ہوں۔

تعبیر:۔آپ کا خواب اچھا ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ کاروبار میں خوب ترقی ہوگی جس کی وجہ سے آپ کے وسائل میں بہتری آئے گی۔ کچھ صدقہ و خیرات کریں اور یاحی یاقیوم کا وظیفہ کیا کریں۔

مچھلیاں پکڑتا ہوں
محمد اسلم۔ اوکاڑہ

خواب:۔میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اور میرا بھائی ایک دریا کے کنارے مچھلیاں پکڑ رہے ہیں۔ میرے کانٹے میں ایک مچھلی آجاتی ہے اور میں جلدی سے ڈوری کھینچ کر مچھلی کو کنارے پر رکھ دیتا ہوں۔ وہی مچھلی دوبارہ پانی میں چلی جاتی ہے۔ ایسا کئی بار ہوتا ہے کہ میں مچھلی کو نکالتا ہوں اور وہ دوبارہ پانی میں چلی جاتی ہے۔

تعبیر:۔آپ کے خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ اپنے خاندان سے تعلقات منقطع کیے ہوئے ہیں۔ اگرچہ دلی طور پر آپ بہتری چاہتے ہیں مگر آپ کی کوششیں بارآور نہیں ہو رہیں۔ مچھلی کو کنارے پر رکھنا اس بات کی علامت ہے کہ آپ کے اندر تعلقات کو استوار کرنے کی خواہش موجود ہے مگر آپ اس میں غیر جانبدار رہتے ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ گھر والوں کی ہدایت پر پوری طرح عمل کریں اور ان کو خوش رکھنے کی کوشش کریں۔

سورج کے گرد بادل
سید احمد حسین، ملتان

خواب-: میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں چھت کے اوپر کھڑا ہوتا ہوں ۔ اتنے میں میری نظر سورج کی طرف پڑتی ہے تو میں نے دیکھا کہ سورج کے اوپر ایک بادل کا ٹکڑا ہوتا ہے جو اس کی روشنی کو مدھم کر رہا ہوتا ہے۔ سورج بالکل ابر آلو ہو جاتا ہے اور اس کی تیز دھو پ بالکل اندھیروں کی طرح ہو جاتی ہے۔ میں اس ابرآلود سورج کو دیکھ کر بہت حیران ہوتا ہوں کہ سورج کی روشنی شاید بالکل ختم ہو جائے گی۔ میں اسی سوچ میں تھا کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر-: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی یا غم درپیش ہو سکتا ہے جس سے آپ کا دل غمگین ہو سکتا ہے اور فکر و اندیشہ کا حصول بھی ہو سکتا ہے۔ کام اور کاروبار میں رکاوٹ آسکتی ہے جس سے مال اور وسائل میں بھی کمی ہو سکتی ہے ۔ پریشانی کی وجہ سے گھر میں آرام اور سکون نہیں رہے گا۔ کاروباری لوگ آپ سے تعاون بہت کم کر سکتے ہیں۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

شیر پلاٹ میں سو رہا ہے
چودھری احمد علی، رحیم یار خان

خواب-:میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے گھر کے ساتھ ایک پرانا خالی پلاٹ ہے اور اس پلاٹ کے اندر ایک شیر سو رہا ہوتا ہے۔ میں اس پلاٹ کے قریب جاتا ہوں اور شیر کو دیکھ کر خوفزدہ ہوتا ہوں ۔ میں اس کے انتہائی قریب جاتا ہوں اور محسوس کرتا ہوں کہ شیر گہری نیند سو رہا ہوتا ہے پھر میں ایک دکان سے کچھ چیزیں خرید کر واپس گھر جاتا ہوں اور تسلی کرتا ہوں کہ شیر ابھی سو رہا ہوتا ہے ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر-:یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی آسکتی ہے، کوئی قریبی رشتہ دار یا دوست دشمنی کرنے کی کوشش کرے گا مگر اللہ تعالیٰ کی رحمت سے آپ محفوظ رہیں گے۔ کاروبار میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی کمی آ سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے یا سلام یا حفیظ کا ورد بھی کیا کریں اور ہر منگل یا ہفتہ کو کالے ماش، کالے چنے یا کالا کپڑا اپنے اوپر سے وار کر کسی مستحق کو دے دیں۔

سسرآم دیتا ہے
فردوس، ملتان

خواب-: میں نے دیکھا کہ میں اپنی بیوی کو ملنے کے لئے گاؤں جاتا ہوں، میرے سسر بھی وہاں ہوتے ہیں وہ مجھے وہاں پر دیکھ کربہت خوش ہوتے ہیں، بچے بھی آ جاتے ہیں۔ میرے سسر اپنے ملازم سے آموں کی دو پیٹی منگوا کر مجھے دیتے ہیں اور خود بس سٹینڈ پر آتے ہیں۔ ان کا ملازم بھی ساتھ تھا جس نے دونوں آموں کی پیٹیاں اٹھائی ہوئی تھیں۔ پھر میرے سسر نے دونوں آموں کی پیٹیاں بس کے اندر رکھ دیں اور ہم بھی بچوں کے ساتھ بس میں بیٹھ جاتے ہیں ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر-: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے اگر آپ کی بیگم حاملہ ہے تو اللہ تعالیٰ آپ کو بیٹے سے نوازے گا۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ کاروبار میں ترقی ہو گی ۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ کسی بزرگ سے آپ کو روحانی فیض بھی مل سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثر ت سے یاشکور یا حفیظ کا ورد بھی کریں ۔ اگر ہو سکے تو کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

دروازے پر پردہ
افسری بیگم ساہیوا ل

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ کچھ سودا خریدنے کے لئے بازار جاتی ہوںاور جب میں سامان خرید کر بازار سے واپس آتی ہوں تو میں نے دیکھا کہ میرے گھر کے دروازے کے اوپر ایک خوبصورت پردہ پڑا ہوا ہوتا ہے۔ میں اس پردے کو دیکھ کر بہت پریشان ہو جاتی ہوں کہ کس نے پردہ ڈالا ہے، میں نے تو کبھی بھی دروازے پر پردہ نہیں لگایا تھا۔ مگر آج نہ جانے میرے گھر کے دروازے کے اوپر پردہ کون لگا گیا۔ میں اسی پریشانی میں سوچ رہی ہوتی ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی خوف یا غم درپیش ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کوئی کاروباری راز پوشیدہ نہیں رہے گا۔ کچھ باتوں سے آپ کو کچھ حاصل نہیں ہو سکتا ۔ آپ کے مال اور وسائل میں کمی آسکتی ہے آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں اور کچھ اللہ کی راہ میں صدقہ خیرات کریں۔

خود کوبخار میں مبتلا دیکھنا
سرور خان ،کراچی

خواب : میں نے کچھ دن پہلے خواب دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بستر پر لیٹا ہوا ہوتا ہوں ، مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مجھے سخت قسم کا بخار ہے جس کی وجہ سے مجھے سخت سردی کا احساس ہوتا ہے۔ میں ایک کمبل اپنے اوپر اوڑھ لیتا ہوں اور پھر مجھے تیزی سے پسنیہ آنا شروع ہو جاتا ہے اور میرا بدن کچھ بہتر ہونا شروع ہو جاتا ہے ۔ پھر میں اٹھ کر بیٹھ جاتا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے اس خواب کی کیا تعبیر ہوگی۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو صحت اور تندرستی نصیب ہوگی۔ آپ کے کاروبار اور رزق میں برکت ہوگی آپ کی عمر میں اللہ تعالی برکت عطا فرمائیں گے۔ گھر میں آرام اور سکون ہوگا۔ بچوں سے محبت ہوگی اور بچے تابعداری کریں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں ۔

بیٹے کا غبارے سے کھیلنا
خالد احمد ،لاہور

خواب: میں نے دیکھا کہ میں دفترسے واپس آتا ہوں تو میرا بیٹا میرے کمرے میں آتا ہے اور اس کے ہاتھ میں سرخ رنگ کا غبارہ ہوتا ہے۔ اس غبارے میں ہوا بھری ہوئی ہوتی ہے اور وہ دھاگہ سے بندھا ہوا ہوتا ہے ۔غبارہ کافی اوپر تک جاتا ہے۔ میں اس کے ہاتھ سے غبارہ پکڑ لیتا ہوں۔ مگر میرا بیٹا میرے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کرتا ہے۔ میں جلدی سے غبارہ اس کے حوالے کردیتا ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو اپنے بیٹے سے راحت اور آرام ملے گا۔ آپ کے کاروبار میں اضافہ ہوگا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ رزق میں اضافہ ہوگا۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

کپڑوں پر غلاظت دیکھنا
چودھری اعجاز احمد،ملتان

خواب: میں نے چند دن پہلے دیکھا اور کافی پریشان ہوگیا۔ خواب کچھ یوں ہوتا ہے کہ میں دفتر جانے کے لئے اپنے کمرے کی الماری سے کپڑے نکالتا ہوں اور یہ دیکھ کر پریشان ہوتا ہوں کہ میرے ایک سفید رنگ کے سوٹ کے اوپر گندگی اور غلاظت لگی ہوتی ہے۔ قمیض اور شلوار بھی کافی زیادہ غلاظت سے بھری ہوتی ہے۔ پریشان ہوجاتا ہوں کہ یہ گندگی کہاں سے ان کپڑوں کے اوپر لگ گئی۔ میں اسی سوچ میں ہوتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی آ سکتی ہے اور کسی طرف سے کوئی الزام بھی لگایا جا سکتا ہے جس سے آپ کی عزت اور وقار کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔ کاروبار میں بھی کمی آسکتی ہے جس سے مال اور وسائل میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔ گھر میں پریشانی وغیرہ آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اورکثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔

بلیاں دیکھنا
نوشین خان۔ پشاور

خواب:۔میں بہت زیادہ خواب دیکھتی ہوں اور پھر کافی پریشان رہتی ہوں کہ اس کی کیا وجہ ہے۔ عموماً میں جانور دیکھتی ہوں یا لوگوں کا ہجوم جو کسی کے گھر میں کسی دعوت کے سلسلہ میں جمع ہوئے ہوتے ہیں۔ گزشتہ رات میں نے خواب دیکھا کہ میرے بستر کے گرد دو بلیاں ہیں اور ان میں سے ایک نے مجھے حملہ کرکے مارنے کی کوشش کی۔ اسی دوران میری آنکھ کھل جاتی ہے اور میں اس کی گردن پکڑ کر دبا دیتی ہوں اور پکڑے پکڑے گھر سے باہر نکال آتی ہوں۔

تعبیر:۔بلیاں خواہشات کو اور بیماری کو ظاہر کرتی ہیں۔ لگتا ہے کہ آپ کی کچھ ایسی خواہشات ہیں جن کے لیے آپ سرگردہ ہیں۔ اپنی کوششوں پر نظر رکھیں۔ نتائج اللہ کے سپرد کر دیں۔ خود سے پیشگی نتائج مت اخذ کریں۔ اس سے رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ کوشش کریں کہ آپ فضول باتوں سے احتراز کریں اور پنجگانہ نماز کی پابندی کریں۔ حسب توفیق صدقہ دیا کریں اور یاحی یاقیوم کا ورد جاری رکھیں۔

بلندی سے گرنا
ناہید خانم۔ سوات

خواب:۔میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک پہاڑ پر بیٹھی ہوں۔ پہاڑ کے ایک طرف سمندر ہے اور دوسری طرف آبادی ہے۔ میں آبادی کی طرف جانا چاہتی ہوں اور اٹھ کر آہستہ آہستہ اترنے لگتی ہوں اور اچانک ایک سانپ میرے ہاتھ پر گر جاتا ہے۔ میں ایک دم ڈر جاتی ہوں کہ کہیں مجھے کاٹ نہ لے۔ یہ سوچ کر میں تیزی سے قدم بڑھاتی ہوں مگر پھسل جاتی ہوں اور تیزی سے نیچے گرنے لگتی ہوں۔ اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔کئی دفعہ کھانا دیر سے کھانے سے معدہ میں رطوبت جمع ہو جاتی ہے اور درد اور گیس کا باعث بنتی ہے اور کبھی ہضم اور قبض کی شکایت پیدا ہو جاتی ہے۔ صبح ہلکی اور موسمی غذائیں استعمال کریں۔ موسم تبدیل ہو رہا ہے۔ اس لیے دیر سے کھانا مت کھائیں، جلدی کھائیں اور زود ہضم غذائیں استعمال کریں۔

لڑکی کو مارنا
وحید احمد۔ سرگودھا

خواب:۔میں نے کل رات خواب میں ایک لڑکی دیکھی جو کہ میرے ساتھ باغ میں چہل قدمی کر رہی تھی۔ اچانک ایک دم سے کہیں سے کچھ لوگ نمودار ہوتے ہیں اور اس کو پکڑ کر مارنا شروع کر دیتے ہیں۔ میں اس وقت بہت ڈر جاتا ہوں اور ایک درخت کے پیچھے چھپ جاتا ہوں۔ کافی دیر بعد جب سب لوگ چلے جاتے ہیں تو میں باہر نکلتا ہوں اور دیکھتا ہوں کہ وہ لڑکی مر چکی ہے۔ یہ دیکھ کر میں احساسِ ندامت، ڈر اور خوف کے ساتھ بھاگ جاتا ہوں۔ جب میں گھر پہنچتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ وہی لڑکی میری والدہ کے ساتھ بیٹھی باتیں کر رہی ہوتی ہے۔

تعبیر:۔آپ کے خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کسی کی طرف ملتفت ہیں اور اس کے حصول میں بظاہر ناکام ہوئے ہیں۔ صحیح قدم اٹھانے اور صحیح ذرائع استعمال کرنے سے یہ سب رکاوٹیں دور ہو سکتی ہیں۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور یاحی یاقیوم کا ورد کریں۔ حسب توفیق صدقہ و خیرات کا اہتمام کریں۔

ہاتھی حملہ کرتا ہے
محمد رضوان۔ لاہور

خواب:۔کل رات میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے بچوں کے ساتھ چڑیا گھر کی سیر کو گیا۔ وہاں پر بچے ہاتھی کو پیسے دے رہے تھے، جب ہم نے دینا چاہے تو ہاتھی بپھر کر باہر آگیا اور ہجوم کی طرف لپکا۔ اس سے لوگ گھبرا کر اِدھر ادھر بھاگنے لگتے ہیں۔ میں بھی کافی گھبرا جاتا ہوں کہ کہیں میرے بچوں کو نقصان نہ پہنچ جائے۔

تعبیر:۔خواب میں ہاتھی بیماری و پریشانی کی دلیل ہے۔ آپ اپنا اور اپنے گھر والوں کا صدقہ دیں اور یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت خیرات بھی کیا کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ صحت کی طرف توجہ دینا زیادہ ضروری ہے۔ ہو سکے تو اپنا مکمل میڈیکل چیک اپ کرا لیں۔

زردہ کی دیگ
نعیم احمد۔ پاکپتن

خواب:۔میں نے ایک ہی خواب کئی بار دیکھا ہے۔ اس لیے میں جاننا چاہتا ہوں کہ اس کی کیا تعبیر ہو سکتی ہے جو میں تین چار دفعہ اسے دیکھ چکا ہوں۔ میں دیکھتا ہوں کہ زردہ کی ایک دیگ ہے اور اس کے پاس چند بزرگ بیٹھے ہیں۔ وہ مجھے کہتے ہیں کہ تم بھی کھاؤ اور میں خوب سیر ہو کر کھاتا ہوں۔

تعبیر:۔آپ کا خواب ماشاء اللہ بہت اچھا ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو کسی اللہ کے بندے کی دعا سے فائدہ پہنچے گا اور خوب برکت ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں اور صدقہ و خیرات کیا کریں۔

کمرے میں بچھو
احمد شاہ ، لاہور

خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتا ہوں۔ نہ جانے کمرے میں ایک بچھو کہاں سے آجاتا ہے۔ میں اس بچھو کو دیکھ کر اس کو مارنے کے لئے کوئی چیز ڈھونڈتا ہوں تو مجھے اپنے کمرے میں کوئی چیز نہیں ملتی۔ پھر میں باہر سے ایک ڈنڈا اٹھا کر لاتا ہوں تو مجھے بچھو کمرے میں نظر نہیں آتا۔ وہ بچھو نہ جانے کہاں غائب ہو جاتا ہے۔ میں اس پریشانی میں کھڑا ہوتا ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے ،کوئی شخص اچانک دشمن بن جائے گا جو آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا۔ آپ کی طبیعت میں رنج و ملال پیدا ہو گا۔ آپ کے ذہن کے اوپر ایک خوف اور پریشانی طاری رہے گی جس سے آپ کو صدمہ اور تکلیف سے دوچار ہونا پڑے گا۔ آپ کے کاروبار میں بھی کمی یا نقصان کا اندیشہ ہو سکتا ہے جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی کمی آ سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

ناشتہ میں شہد کھانا
مقبول احمد، لاہور

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں صبح دفتر جانے کے لئے تیار ہوتا ہوں اور پھر کھانے کی میز پر آتا ہوں تو میں نے دیکھا کہ میری بیوی نے ایک بوتل شہد اور دودھ کا ایک پیالہ میرے لئے میز پر رکھا ہوتا ہے۔ میں ایک چمچہ شہد نکال کر دودھ میں ڈالتا ہوں اور ساتھ ڈبل روٹی کا ایک ٹکڑا لے کر کھاتا ہوں ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے اگر آپ بیمار ہیں تو شفا ملے گی۔ آپ کی صحت میں بہتری آئے گی۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ آپ کے کاروبار میں بھی ترقی ہو گی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ مال اور دولت میں بھی اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یاقیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |