1161 میگاواٹ بجلی کی پیدوار کیلیے 2 معاہدوں پر دستخط

ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیے جائیں گے


Khabar Nigar December 25, 2012
معاہدے خیبر پختونخوا، واپڈا اور کورین کمپنیوں میں ہوئے، 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری متوقع۔ فوٹو : فائل

خیبر پختونخوا، واپڈا اور کورین کمپنیوں کے مابین گزشتہ روز مفاہمت کی دودستاویزات پر دستخط کیے گئے جن کے مطابق 1161 میگاواٹ مجموعی پیداواری صلاحیت کے حامل دو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیے جائیں گے۔

496 میگاواٹ لوئر سپت گاہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کوریا مڈلینڈ پاور کمپنی جبکہ 665 میگاواٹ لوئر پالس ویلی کے۔ واٹراور ڈائیوو کمپنیوں پر مشتمل کنسورشیم تعمیر کرے گا۔ پاکستان میں پن بجلی کے وسائل کی ترقی کے حوالے سے یہ اہم کامیابی صدر مملکت آصف علی زرداری کے حالیہ دورہ کوریا کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے۔ چیئرمین واپڈا راغب شاہ، شائیڈوخیبرپختونخواکے منیجنگ ڈائریکٹر بہادرشاہ، کوریا مڈ لینڈ پاور کمپنی کے چیئرمین/ چیف ایگزیکٹو آفیسر چوئی راکاور پاکستان میں کے۔واٹر کے نمائندے نوہیوک پارک نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کیے۔

7

پاکستان میں کوریا کے سفیر چونگ جو چوئی بھی تقریب میں شریک تھے۔ اپنے خطاب میں کوریا کے سفیر نے مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کو پن بجلی کے اہم شعبہ میں دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں بڑی کامیابی قرار دیا۔ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ لوئر سپت گاہ اور لوئر پالس ویلی کے لیے کورین کمپنیوں کا انتخاب بین الاقوامی مسابقتی نیلامی کے ذریعے کیا گیا ہے۔

دونوں کمپنیاں منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 2ارب ڈالر سے زائد سرمایہ بھی اپنے ساتھ لائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں منصوبے اپنی تکمیل پر قومی نظام کو سالانہ ساڑھے 4 ارب سے زائد یونٹ بجلی مہیا کریں گے، ملک بھر میں 20 سے زائد منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔ یہ منصوبے مکمل ہونے پر 20 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ 12 ملین ایکڑ فٹ پانی بھی ذخیرہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔