دھرنے کو یوم تشکر میں تبدیل کرنے پراتحادی عمران سے ناراض

پی ٹی آئی چیئرمین نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، یہ اقدام غلط ہے، راجا بشارت


افضال طالب November 02, 2016
مسلم لیگ(ق) کے رہنما چوہدری پرویزالہٰی نے عمران خان کے دھرنے میں بھرپور شرکت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ فوٹو: فائل

DHAKA: عمران خان کی جانب سے دھرنے کو یوم تشکر میں تبدیل کرنے کے اچانک فیصلے سے اتحادی بھی ناراض ہو گئے اور اس حوالے سے اپنے کارکنوں کو مطمئن کرنے کے معاملے پرامتحان میں پڑگئے۔

عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید اور مسلم لیگ(ق) کے رہنما چوہدری پرویزالہٰی نے عمران خان کے دھرنے میں بھرپور شرکت کرنے کا اعلان کیا تھا، پرویز الٰہی نے ملک بھر اور بالخصوص پنجاب بھر میں اپنے موجودہ اورسابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، ناظمین اورعہدیداران کو دھرنے میں بھرپور شرکت کرنے کا حکم دیا تھا ان عہدیداروں کو ہدف دیا گیا تھا کہ وہ زیادہ سے زیادہ افراد لے کر اسلام آباد پہنچیں جس کے لیے باقاعدہ پلاننگ بھی کی گئی تھی۔

پنجاب پولیس نے ق لیگ کے عہدیداران اور کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے بعد گرفتار کرکے تھانوں میں بند کیا، پرویزالہی نے ایک بڑے قافلے کے ساتھ دھرنے میں پہنچناتھا تاہم سپریم کورٹ کی جانب پانامہ لیکس کی تحقیقات شروع ہونے پرعمران خان نے فوری طور پردھرنے کی بجائے یوم تشکر منانے کی کال دے دی ہے جس سے تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ق لیگ کی قیادت بھی پریشان ہوگئی کیونکہ دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے حوالے سے انھیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

اس بارے میں مسلم لیگ ق کے پنجاب کے کوآرڈینیٹر راجا بشارت نے کہا کہ عمران خان نے یوم تشکر کے فیصلے پرہمیں اعتماد میں نہیں لیا، تحریک انصاف کا یہ اقدام غلط ہے۔ موجودہ صورتحال پرانھوں نے کہا کہ ابھی کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ کیا ہورہا ہے، چند دنوں تک صورتحال واضح ہوجائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں