سیاست سے کوئی دلچسپی ہے نہ اس میں آنے کا ارادہ ہے زارا شیخ

 فلم میکرز وقت کے ساتھ بہتری کی طرف جارہے ہیں،اردو کے ساتھ پنجابی اور پشتو فلمیں بھی بننی چاہیں


Javed Yousuf September 22, 2016
مستقبل میں بھی پروڈکشن کی بجائے اداکاری ہی ترجیح ہے ،اچھا کردار ملا تو ضرور فلم میں کام کروں گی ، اداکارہ کا انٹرویو فوٹو : فائل

پاکستانی اداکارہ زارا شیخ کا کہنا ہے کہ سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں اور نہ اس میں آنے کا کوئی ارادہ ہے۔

زارا شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلم میکرز وقت کے ساتھ بہتری کی طرف جارہے ہیں، اردو کے ساتھ پنجابی اور پشتو سمیت دیگر زبانوں میں بھی فلمیں بننی چاہیں، اگر کوئی اچھی آفر ہوئی تو ضرور فلم کروں گی۔ ان خیالات کا اظہار اداکارہ زارا شیخ نے ایک انٹرویو میں کیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب تک فلم میکر باکس آفس کے تقاضوں اور فلم بینوں کے مزاج کو سمجھ کر فلم نہیں بنائے گا ، اسے کامیابی نہیں مل سکتی۔ بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کا فلم میکنگ میں راج کرنے کا سبب بھی ان کی مثبت سوچ اور وقت کے ساتھ فلم بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں بہت عرصہ پہلے ہی فلمساز اور ہدایتکاروں نے فلم میکنگ کے حوالے سے وقت کے ساتھ بدلتی ٹیکنالوجی پر توجہ ہی نہیں دی، جس کا خمیازہ ہمیں فلم انڈسٹری کے ایسے شدید بحران کی صورت میں بھگتنا پڑا کہ اسٹوڈیوز کے ساتھ سینما انڈسٹری بھی زوال پذیر ہوگئی۔ابھی فلم میکنگ بہتری کی طرف گامزن ضرور ہوئی ہے مگر اس کا مطلب ہرگز نہیں لینا چاہیے کہ ہم اپنی منزل پا چکے ہیں، عید پر فلموں کی کامیابی کے ساتھ ہمیںمستقبل کے لیے ایک جامع پلان بھی تیار کرنا ہوگا۔ زارا شیخ نے کہا کہ فلم میکنگ انٹریٹمنٹ کے حوالے سے بڑا میڈیم ہے، جس کے ذریعے پاکستان کے علاوہ پوری دنیا بھرپور استفادہ حاصل کررہی ہے۔یہ صرف انٹرٹینمنٹ ہی نہیں بلکہ اس کے ذریعے ہم اصلاح اورمسائل دونوں کو سامنے لاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات کی بھی بے حد خوشی ہے کہ کمرشل کے ساتھ آرٹ،ایمنٹیڈاورڈاکو منٹری فلمیں بھی بننے لگی ہیں جب کہ شرمین عبید چنائے کی بنائی ہوئی 2 فلمیں آسکر ایوارڈز بھی جیت چکی ہیں۔ زارا شیخ نے کہا کہ پروڈکشن کی بجائے اداکاری کو ہی ترجیح دوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں اور نہ اس میں آنے کا کوئی ارادہ ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں