بی ایل اے دہشت گردی کر رہی ہے عدالت بلائے ثبوت دونگا رحمٰن ملک

کراچی میں 95قاتل پکڑے، 35کا تعلق لیاری سے ہے


ایکسپریس July 24, 2012
کراچی میں 95قاتل پکڑے، 35کا تعلق لیاری سے ہے. فوٹو اے ایف پی

وفاقی مشیر داخلہ رحمن ملک پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر سندھ سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں، سندھ میں سینیٹ کی ٹیکنوکریٹس اور علما کی خالی ہونے والی نشست پر رحمن ملک نے بلامقابلہ کامیابی حاصل کی۔ پیر کو صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں صوبائی الیکشن کمشنر سونو خان بلوچ نے وفاقی مشیر داخلہ رحمٰن ملک کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد انھیں درست قرار دیتے ہوئے منظور کرلیا اور رحمٰن ملک کی بلامقابلہ کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا۔

اپنے دوبارہ انتخاب اور کوسٹ گارڈز ہیڈکوارٹرز کے دورے کے بعد رحمٰن ملک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس ججوں کی تصاویر لگا کر انتخابی مہم چلانے کا بھی نوٹس لیں۔ بلوچ لیبریشن آرمی کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں دہشتگردی میں ملوث ہے واضح ثبوت مل چکے ہیں، لیکن الزام ایجنسیوں پر لگا دیا جاتا ہے،

سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ مجھے بلایا جائے، وہ سارے ثبوت پیش کروں گا۔ بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے وہ امپورٹڈ ہے، بی ایل اے پچھلے دس سال سے زیادہ متحرک ہوئی ہے جبکہ بی ایل اے میں اپوائٹمنٹ کے ڈالر دیے جاتے ہیں اور کام کرنے کا الگ معاوضہ بھی مقرر ہے۔ رحمٰن ملک نے کہا کہ ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ افغانستان سے لوگ آکر دہشت گردی کرتے ہیں۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور صدر حامد کرزئی نے سرحدوں پر حفاظتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

افغانستان دوست ہے تو دوست کی طرح اپنا کردار ادا کرے۔ انھوں نے کہا کہ بی ایل اے پاکستان کے خلاف کام نہ کرنے والے اپنے ہی آدمیوں کو ماردیتی ہے۔ خفیہ اطلاعات کے مطابق بی ایل اے بدامنی اور تخریب کاری کے لیے فی بندہ 468 ڈالر دیتی ہے۔ کراچی میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران 95 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 35 ٹارگٹ کلرز کا تعلق لیاری سے ہے اور وہاں بلوچ لبریشن آرمی کے لوگوں نے علاقہ مکینوں کو محصور کر رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پرچی مافیا کے خلاف فوری کاروائی کرنے کے لیے کراچی پولیس کو دوہیلی کاپٹر دے رہے ہیں،

انھوں نے اعلان کیا کہ کوسٹ گارڈ چوکی پر حملے میں شہید ہونے والے 7 افسروں و جوانوں کے لواحقین کو اضافی پانچ لاکھ روپے دیے جائیں گے جبکہ شہید جوانوں کے بیٹے کو کوسٹ گارڈ اور بیٹیوں کو نادرا میں نوکری دی جائے گی۔ قبل ازیں انھوں نے دوبارہ اعتماد کرنے پر صدر آصف علی زرداری' جیالوں اور اتحادی جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔

انھوں نے کہا کہ الطاف حسین نے ہمیشہ نہ صرف مجھ پر بلکہ پیپلز پارٹی پر بھی مہربانی کی ہے۔میں اپنے بلا مقابلہ انتخاب پر اپنی جماعت' اتحادیوں اور مسلم لیگ ہم خیال کے ڈاکٹر ارباب رحیم کا بھی شکر گزار ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم آئندہ بھی ملکر عوام کی خدمت کر تے رہیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں