کراچی کی حکمرانی کے ساتھ سندھ گیمز کا اختتام

106 گولڈ میڈلز جیت کر’’موہنجو دڑو ٹرافی‘‘ کا کامیاب دفاع کیا، حیدرآباد کی دوسری پوزیشن


Furqan Rajput/Altaf Koti December 05, 2012
حیدرآباد: سندھ گیمز کی اختتامی تقریب میں کراچی ریجن کے کھلاڑیوں کا ونر ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو۔ فوٹو: ایکسپریس

حیدرآباد میں منعقدہ 16 ویں سندھ گیمز کراچی کی حکمرانی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔

اختتامی تقریب نیاز اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی،وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹر محمد علی شاہ نے آئندہ برس جیکب آباد اور لاڑکانہ میں مقابلوں کے انعقاد کا اعلان کیا جس کے بعدگیمز کی مشعل کو بجھا دیا گیا۔ حیدرآباد میں منعقدہ سندھ گیمزمیں کراچی نے 106 گولڈ، 34 سلور اور 23 برانز میڈل کے ساتھ ''موہنجو دڑو ٹرافی'' کا کامیاب دفاع کیا،میزبان ریجن نے 35 گولڈ، 61 سلور اور 44 برانز میڈل کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

سکھر ریجن 9 گولڈ،21 سلور اور 39 برانز میڈل لے کر تیسرے نمبر پر رہا، میرپورخاص 7 گولڈ، 24 سلور اور 45 برانز میڈل کے ساتھ چوتھے اور لاڑکانہ6 گولڈ، 22 سلور اور 29 برانز میڈل کے ساتھ پانچویں نمبر پر آیا،فیئر پلے ٹرافی میرپورخاص کے حصے میں آئی، کراچی کی رضیہ شیر خان نے 8گولڈ میڈلز کے ساتھ مسلسل دوسری بار بہترین خاتون ایتھلیٹ کا ایوارڈ حاصل کیا، مردوں میں کراچی کے سعد امین 7سونے اور ایک چاندی کا میڈل جیت کر بیسٹ ایتھلیٹ قرار پائے۔گیمز کے آخری روز ایتھلیٹکس کے خواتین ایونٹ کی 100 میٹر ریس میں کراچی کی رضیہ شیر خان نے 14.30 میں فاصلہ طے کر کے سندھ کی تیز ترین خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

04

کراچی کی غزالہ خان نے 14.54سلور اور حیدرآباد کی کنول ناز 15.25میں فاصلہ طے کر کے برانز میڈل کی حقدار قرار پائیں، 1500 میٹر ریس میںکراچی کے الماس ابراہیم نے گولڈ، میرپور خاص کی انیسہ رضا نے سلور اور حیدرآباد کی رمشا نے برانز میڈل حاصل کیا، خواتین کی 400 میٹر ریس میںکراچی کی رضیہ شیر خان نے سونے اور ماہا نے چاندی جبکہ حیدرآباد کی کنول گجر نے کانسی کا تمغہ پایا۔ خواتین کی 4x100 ریلے ریس میں کراچی کی ٹیم نے سونے، حیدرآباد نے چاندی اور میرپورخاص نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، خواتین ہیمر تھرو میں حیدرآباد کی ثناء رفیق نے سونے، حیدرآباد کی حنا رفیق نے چاندی اورکراچی کی بینش نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ڈسکس تھرو میں حیدرآباد کی حنا رفیق نے گولڈ، ثناء رفیق نے سلور اور کراچی کی بینش نے برانز میڈل پایا، مردوں کی100 میٹر ریس میں کراچی کے ورنن اوچنگ نے 11.78 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرتے ہوئے سندھ کے تیز ترین مرد کا اعزاز حاصل کیا ،کراچی کے ولید رضا نے 12.70میں فاصلہ طے کرکے سلور اور حیدرآباد کے عبدالکریم نے فاصلہ 12.96میں طے کرکے برانز میڈل جیتا،200میٹر ریس میں کراچی کے ورنن اوچنگ نے گولڈ، حیدرآباد کے عبدالکریم نے سلور اور محمد عارف نے براز میڈل حاصل کیا، 400 میٹر ریس میں حیدرآبادکے محمد عارف، عبدالکریم اور کراچی کے رحیم بیگ بالترتیب گولڈ، سلور اور برانزمیڈل کے حقدار قرار پائے، 4x100 ریلے ریس میں کراچی نے سونے، حیدرآباد نے چاندی اور سکھر نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔4x400 ریلے ریس میں حیدرآباد نے گولڈ،کراچی نے سلور اور لاڑکانہ نے برانز میڈل پایا۔

05

800 میٹر ریس میں کراچی کے سلوسٹو ڈین نے گولڈ، حیدرآباد کے خادم حسین نے سلور اور میرپور خاص کے محمد وقاص نے برانز میڈل پایا، 5000 میٹر ریس میں کراچی کے سلوسٹو ڈین نے سونے، حیدرآباد کے شعیب نے چاندی اور کراچی کے ذیشان خان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، 10,000میٹر ریس میں کراچی کے سلوسٹو ڈین نے گولڈ، میرپور خاص کے محسن فیاض نے سلور اور اختر رسول نے برانز میڈل حاصل کیا، ہیمر تھرو میں حیدرآباد کے شفیع اللہ نے سونے، میرپورخاص کے محمد انور نے چاندی اور میرپورخاص کے غلام مصطفیٰ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا،جیولین تھرو مینز کے مقابلوں میں سکھر نے سونے، حیدرآباد نے چاندی اور کراچی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

لانگ جمپ میں کراچی کے شکیل نے گولڈ،حیدرآباد کے عبدالکریم نے سلور اور محمد حاصل نے برانز میڈل پایا۔ بورڈ اسٹیڈیم میں ویمنز ہاکی ایونٹ میں کراچی نے سکھر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا،لاڑکانہ نے حیدرآباد کو 8-0 کے بھاری مارجن سے ہراکر برانز میڈل حاصل کیا، ہاکی مینز ایونٹ کے فائنل میں کراچی نے حیدرآباد کو 5-1سے زیر کر کے گولڈ میڈل پایا، فرید نے ہیٹ ٹرک کی، لاڑکانہ نے سکھر کو شکست دے کر برانز میڈل اپنے نام کیا۔

فٹبال فائنل میں حیدرآباد نے لاڑکانہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے زیر کیا،کراچی نے سلور میڈل حاصل کیا۔ مردوں کے بیس بال مقابلے میں کراچی نے گولڈ، سکھر نے سلور اور حیدرآباد نے برانز میڈل حاصل کیا، باکسنگ ایونٹ میں کراچی نے پہلی، حیدرآباد نے دوسری اور میرپور خاص نے تیسری پوزیشن حاصل کی، شطرنج میں کراچی، سکھر اور حیدرآباد نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں