کراچی میں ٹارگٹ کلنگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ قائم علی شاہ

منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کیخلاف کا رروائی شروع کردی، سکھر میں گفتگو


ایکسپریس July 23, 2012
کندھ کوٹ:وزیراعلیٰ قائم علی شاہ پریس کانفرنس کررہے ہیں، وزیر اطلاعات شرجیل میمن بھی موجود ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں نواز شریف کے ساتھ ملنے والے سیاسی یتیم ہیں جن کا اپنا کوئی ووٹ بینک نہیں اورنہ ہی ان کو کوئی ووٹ دینے والا ہے۔ان خیا لات کا اظہار انھوں نے کندھکوٹ روانگی سے قبل سکھر ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ کر اچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر قابو پا لیا گیا ہے۔

گز شتہ روز ہفتہ کو کراچی میں ہو نے والاوا قعہ ٹا رگٹ کلنگ نہیں بلکہ دو گروہوں میں ہونے والا تصادم تھا، انھوں نے کہا کہ کراچی میں چا ر بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور پو لیس و رینجرزکواحکامات جا ری کردیے گئے ہیں کہ وہ واقعات کے اصل ملز مان کو گرفتار کریں۔ انھوں نے کہا کہ رمضان پیکیج پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے اور صرف لوگوں کو سستا آٹا کی فرا ہمی کے لیے ڈھا ئی ارب رو پے کی سبسڈی دے رہے ہیں ،لو گوںکو کم نر خوں پر اشیائے خورو نوش کی فرا ہمی کے لیے یوٹیلیٹی اسٹور کام کر رہے ہیں۔

اگر ضرورت پڑی تو مزید یو ٹیلیٹی اسٹور کھولے جا ئیں گے ،ماہ صیام میں منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف کا رروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔دریں اثناء قائم علی شاہ نے کندھ کوٹ ڈی سی کمپلیکس میں سندھ کابینہ کے ممبران کے ساتھ شہر کے معززین ، عوامی نمائندوں، ہندو پنچائنت کے نمائندوں اور ضلع کندھ کوٹ کے پیپلز پارٹی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ2012کے سیلاب کے دوران ضلع کندھ کوٹ کے کئی چھوٹے بڑے شہر اور گائوں متاثرہوئے،اس سلسلے میں ہر سال ہر رکن صوبائی اسمبلی کو6 کروڑ جبکہ رواں سال8 کروڑ دیے جارہے ہیں جبکہ ضلع میں مختلف شعبوں کی ترقی کیلیے پانچ ارب 20 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔

انھوں نے ضلع کے اہم شہروں کی بحالی کے لیے30 کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا اورکہا کہ یہاںکے منتخب نمائندوں نے بتایا ہے کہ یہاں امن امان کی صورتحال بہتر ہے جس سے سندھ حکومت کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔حکومت صحت کے شعبے کے بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے،ضلع میں لیڈی ڈاکٹرز کی بھرتی کے لیے سندھ پبلک سروس کمیشن کو سمری ارسال کی جائے گی، غوث پور اور کندھ کوٹ کے لیے ڈرینج اسکیمیں جاری ہیں جس سے شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر ہوگی۔

انھوں نے دریائے سندھ کے اندر بی پی ایل اور قادر پور گیس بندوں سے متعلق شکایات پر کہا یہ معاملہ ارسا کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور ان کو بتایا جائے گا کہ ان بندوں سے سندھ کے لوگوں کو خطرہ ہے، اس لیے ان کو ختم کیا جائے،انھوں نے کہا کہ وفاق کی طرف سندھ حکومت کے35 ارب بقایا جات ہیں جو جاری ہونے کے بعد ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔

اجلاس میں ایم این اے ہزار خان بجارانی،گل محمد جکھرانی، وزیر بلدیات آغا سراج درانی،وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ ذوالفقار آباد منصوبہ بنانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم سمندر سے اپنا حساب لیںکیونکہ پانی اب کوٹری سے نیچے نہیں جارہا، ذوالفقار آباد منصوبے کے تحت سمندر میں زمین بناکر آباد کی جائے گی جس پر سیکڑوں ارب ڈالر لاگت آئے گی،انھوں نے کہا کہ جن کی سیاست پنجاب کے خلاف تھی اب وہ کیسے پنجابی لیڈروں کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں