چارفٹ لمبی چھپکلی کے ساتھ چہل قدمی

برطانوی قصبے کا باسی پالتو جانور کے ساتھ باہر نکلتا ہے تو لوگ خوف زدہ ہوجاتے ہیں


غ۔ع July 05, 2016
برطانوی قصبے کا باسی پالتو جانور کے ساتھ باہر نکلتا ہے تو لوگ خوف زدہ ہوجاتے ہیں ۔ فوٹو : فائل

گلیوں اور پارکوں میں آپ نے لوگوں کو اپنے پالتو کتوں کی زنجیر تھامے چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا ہوگا۔ برطانوی قصبے لافبورو کا رہائشی جون رابنسن بھی ہر شام اپنے پالتو کی رسی تھامے سڑکوں پر مٹرگشت کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ جب وہ چہل قدمی کے لیے نکلتا ہے تو پڑوسی اور راہ گیر اس کے پالتو کو دل چسپی سے دیکھتے ہیں۔

بے دھیانی میں ان کے قریب آجانے والے افراد بالخصوص اجنبی، خوف زدہ ہوکر پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ بعض اوقات خواتین کے منھ سے چیخیں بھی نکل جاتی ہیں۔ اس کا سبب جون کا چہیتا پالتو جانور ہے، جسے دیکھ کر کئی لوگ خوف و دہشت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ان کا خوف بالکل بجا ہے کیوں کہ کوئی بھی شخص دیوقامت چھپکلی کو اپنے قریب پاکر ڈرے بغیر نہیں رہ سکتا۔ جی ہاں، جون کا پالتو جانور کوئی کتا نہیں بلکہ بڑی نسل کی ایک چھپکلی ہے۔

چار فٹ لمبی اور آٹھ کلوگرام وزنی چھپکلی ایک سال پہلے جون اور اس کی بیوی پاؤلین نے ایک اینیمل شاپ سے خریدی تھی۔ اس وقت یہ محض چند انچ بڑی تھی۔ ایک سال کے دوران اس کی لمبائی بڑھ کر چار فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ اس نسل کی چھپکلیاں پانچ فٹ تک لمبی ہوتی ہیں۔

ساٹھ سالہ جون کی طرح اس کی بیوی پاؤلین بھی اس دہشت ناک خزندے ( رینگنے والے جانور) سے بے حد پیار کرتی ہے جسے انھوں نے ''بَو'' ( Bow) کا نام دے رکھا ہے۔ جون اور پاؤلین، گھر میں ہوں تو اسے ہمہ وقت اپنے ساتھ رکھتے ہیں۔ بَو کبھی ان کی گود میں ہوتی ہے اور کبھی ان کے ساتھ سوفے پر بیٹھی نظر آتی ہے۔ بَو کو گود میں بٹھاتے ہوئے یا بانہوں میں لیتے ہوئے وہ احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کرلیتے ہیں کیوں کہ اس کے پنجوں کے ناخن تیزدھار اور نصف انچ تک لمبے ہیں۔



بَو کے لیے جون نے، جو ریٹائرڈ الیکٹرونکس انجنیئر ہے، گھر میں آٹھ فٹ طویل ایک خصوصی رہائشی کیبن تعمیر کروا رکھا ہے۔ کیبن کا ماحول ان چھپکلیوں کے قدرتی مسکن سے بے حد مطابقت رکھتا ہے۔ تاہم بَو کو اس کیبن میں رات کے وقت بند کیا جاتا ہے۔ دن میں وہ پورے گھر اور باغیچے میں آزادی سے دندناتی ہے۔

جون اور پاؤلین کے پڑوسی ان کے پالتو جانور سے اب بھی خوف زدہ رہتے ہیں، حالاں کہ انھیں بو کو دیکھتے ہوئے ایک برس گزر چکا ہے۔ عمررسیدہ جوڑا انھیں بارہا باور کراچکا ہے کہ یہ چھپکلی بے ضرر ہے اور انھیں اور ان کے پالتو کتوں کو نقصان نہیں پہنچائے گی، تاہم بار بار کی یقین دہانی کے باوجود خوف کا فطری انسانی جذبہ انھیں بَو سے دور رکھتا ہے۔

جون کا کہنا ہے بَو کی ہمراہی میں چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھ کر لوگ مجھے ضرور پاگل سمجھتے ہوں گے، جب کہ درحقیقت یہ کسی بھی دوسرے جانور جیسی ہے۔ میں نے اسے سدھا رکھا ہے، حتیٰ کہ یہ رفع حاجت کے لیے یہ بیت الخلاء کا رُخ کرتی ہے۔ یہ مجھ سے بہت مانوس ہے۔ بعض اوقات جب میں سوفے پر بیٹھ کر ٹیلی ویژن دیکھ رہا ہوتا ہوں تو یہ پاس آکر اپنا منھ میرے ہاتھوں میں رکھ دیتی ہے۔

بَِو مُردہ چوہے اور چوزے، بڑی جسامت کی ٹڈیاں، پھینٹے ہوئے انڈے، جھینگے اور قیمہ شوق سے کھاتی ہے۔ جون اور پاؤلین اسے اپنے ہاتھوں سے خوراک کھلاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں