محرم میں امن کیلیے متحدہ کے ذمے داران کی علماء سے ملاقاتیں

بھائی چارے کی فضا قائم کرنا سب کی ذمے داری ہے، ایم کیو ایم


Press Release November 20, 2012
سید وسیم حسین نے کہا کہ محرم الحرام میں امن برقرار رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے جوائنٹ زونل انچارج نوید شمسی و رکن زونل کمیٹی رئیس حیدر اور ایم پی اے سید وسیم حسین نے ٹنڈو آغا کے ممتاز حیدری سولنگی اور انجمن سفینہ حسینی و درگاہ مصری شاہ کے جعفر شاہ سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات کی اور انہیں قائد تحریک الطاف حسین کا پیغام پہنچایا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سید وسیم حسین نے کہا کہ محرم الحرام میں امن برقرار رکھنا ہم سب کا فرض ہے، قائد تحریک الطاف حسین نے تمام حق پرست نمائندوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ اس ماہ خصوصی طور پر مساجد و امام بارگاہوں سمیت عزاداری کے مقامات جلوسوں کی گزر گاہوں پر صفائی و ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے،بھائی چارہ اور امن برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمے داری ہے اور اس سلسلے میں آپ کو ایم کیو ایم کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔

انجمنوں کے عہدیداران نے کہا کہ قائد تحریک نے ہمیشہ اہم مذہبی مواقع پر بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ علاوہ ازیں ایم پی اے سہیل یوسف نے دارالعلوم مظاہر العلوم میں مفتی علامہ فصیح صاحب ودیگر علماء کرام سے ملاقات کی اور انہیں الطاف حسین کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے عقیدے کا احترام اور جان و مال کی حفاظت ہماری ذمے داری ہے اور اہل بیت و شہداء کربلا سے عقیدت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ہم تمام مسلمان بھائیوں کے مابین امن و بھائی چارہ برقرار رکھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں