آپ کا یہ ہفتہ
نواز شریف، آپ کو مبارک ہو، آپ کی حکومت یہ ہفتہ بھی بخیر و عافیت نکال لے گی۔
نواز شریف
آپ کو مبارک ہو، آپ کی حکومت یہ ہفتہ بھی بخیر و عافیت نکال لے گی۔ حتیٰ کہ اس سے اگلا ہفتہ بھی سب خیر میر ہی رہے گی کیونکہ آصف زرداری صاحب اور ان کی پارٹی اندرو اندری آپ ہی کے ساتھ ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری آپ سے ہر دوسرے تیسرے دن جو استعفیٰ مانگنے لگتا ہے آپ اس سے ہرگز پریشان مت ہوا کریں کیونکہ بلاول کو تو اس کا ڈرائیور بھی سیریس نہیں لیتا۔
یاد رکھیے اصل آدمی آصف زرداری ہے اور خورشید شاہ سمیت تمام پارٹی اکابر اس کے فرنٹ مین ہیں۔ چنانچہ جب تک زرداری صاحب اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مکمل طور پر (یعنی غیر مشروط طور پر) تھرو نہیں ہو جاتے تب تک خورشید شاہ اور اعتزاز احسن وغیرہ عمران خان کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھیں گے۔ ویسے تو آپ کا علم خاصا محدود ہے مگر شاید کسی ذریعے سے اب تک آپ کو معلوم ہو ہی چکا ہو کہ زرداری صاحب نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تھرو ہونے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا مگر راولپنڈی کی طرف سے انہیں نہ تو گھاس ملی اور نہ ہی معافی۔ چنانچہ اغلب یہی ہے کہ سیاست کے آئندہ اور سب سے کٹھن مرحلے میں آپ اور زرداری صاحب ہمرکاب ہوں گے، ہیں جی؟
پورا ہفتہ آپ اور مولانا فضل الرحمن ایک دوسرے کی محبت میں سرشار رہیں گے۔ وہ کے پی میں اپنی ''عمران دشمن'' سرگرمیاں تیز کریں گے جبکہ آپ بھارہ کہو والے پراجیکٹ میں مولانا کے لیے آسانیاں پیدا کر کے ثواب دارین حاصل کریں گے۔ اس پراجیکٹ میں جو تھوڑی بہت رخنہ اندازی چوہدری نثار علی خان نے کی ہے وہ آپ کی مشکلات میں کسی حد تک اضافے کا باعث بن سکتی ہے کیونکہ آپ نے تو اگلے چند روز میں زرداری صاحب کے ساتھ طویل دورانیے کی ملاقاتیں کرنے برطانیہ چلے جانا ہے اور کافی دن وہاں گزارنے ہیں، اور اس دوران درانی صاحب کی ہاؤسنگ منسٹری اور بھارہ کہو پراجیکٹ چوہدری نثار ہی کے رحم و کرم پر ہوں گے، ہیں جی؟
جون کا مہینہ آپ کے لیے پریشانیوں کا باعث بنتا نظر آتا ہے۔ اس مہینے میں گرمی بھی بہت ہو گی اور طاہر القادری صاحب کے تیور بھی کچھ زیادہ اچھے دکھائی نہیں دیتے۔ ان کے آنے سے ایک شور مچنے کا اندیشہ ہے اور پی ٹی آئی کے مردہ گھوڑے میں جان بھی تب ہی پڑ سکتی ہے۔ پھر جلسے ہوں گے جلوس ہوں گے اور ایمپائر آپ سے مایوس ہوں گے۔
عمران خان
جس دن سے آپ اور آپ کی اے ٹی ایم مشینوں کا نام پانامہ پیپرز وغیرہ میں آیا ہے، آپ کی پارٹی کا برا حال ہے۔ نوجوانوں کا مورال اب ٹخنوں تک جا پہنچا ہے۔ آپ لاکھ تاویلیں دیں، لوگ اب آپ کی بھی نہیں مانیں گے۔ پچھلے ایک سال میں آپ کی پارٹی نے بہت سے صدمات سہے ہیں جن میں سرفہرست جہانگیر ترین، علیم خان اور زلفی صاحب کے آف شور اکاؤنٹس ہیں۔ رہی سہی کسر آپ کا اکاؤنٹ پکڑے جانے پر نکل گئی۔ اب تو ڈر ہے کسی دن شیریں مزاری کا اکاؤنٹ ہی نہ پکڑا جائے، اس سے بڑی بدمزگی ہو گی۔
پارٹی کے لیے دوسرا صدمہ شاہ محمود قریشی ہیں جو اپنے آپ کو ملک کا عبوری وزیراعظم سمجھنے کی باقاعدہ نیٹ پریکٹس شروع کر چکے ہیں۔ اس مقصد کے لیے انھیں پیپلزپارٹی کا آشیرباد بھی حاصل ہے جس کی آپ کو چنداں خبر نہیں۔ پھر ایک صدمہ چوہدری سرور کی طرف سے بھی مل سکتا ہے جو آپ کی پارٹی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے چھوڑنے کا مصمم ارادہ کر چکے ہیں۔ اس ہفتے وہ بھی پریشان کر سکتے ہیں۔ اگر دیکھا جائے تو آپ کی پوری سیاسی زندگی کی واحد کامیابی راجا ریاض ہی ہیں جو آپ کی پارٹی میں شامل ہو کر اس میں نئی روح پھونکنے کی کوشش کرنے والے ہیں۔