اسلحے کی دکانوں پر اسلحہ لائسنس بنائے جانیکا انکشاف

ایجنٹوں کے ذریعےڈپٹی کمشنرزاور وزرا کےکوٹے پربڑی تعداد میں لائسنس بنوائے جا رہے ہیں،4ہزاروالا لائسنس16ہزارمیں دستیاب۔


Muhammad Yaseen November 14, 2012
اکثر جعلی لائسنس بھی جاری کردیے جاتے ہیں، ایف آئی اے کو مطلوب ایجنٹ کراچی میں لائسنس اور پرمٹ با آسانی بنوا رہا ہے،ذرائع فوٹو: اے ایف پی، فائل

شہر میں قائم اسلحے کی دکانوں سے ایجنٹوں کے ذریعے اسلحے کے لائسنس بنوائے جا رہے ہیں،4ہزار روپے والا لائسنس16ہزار روپے میں جبکہ10 ہزار روپے والا پرمٹ ڈیڑھ سے2 لاکھ روپے میں با آسانی بن جاتا ہے، ایف آئی اے کو مطلوب ایجنٹ کراچی میں بیٹھ کر لائسنس اور پرمٹ با آسانی بنوا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر لکی اسٹار سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں قائم اسلحہ فروخت کرنے کی دکانوں سے ڈپٹی کمشنروں اور وزرا کے کوٹے پر ایجنٹوں کے ذریعے اسلحے کے لائسنس ہر ماہ بڑی تعداد میں بنوائے جا رہے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ پستول کا لائسنس بنانے کے16ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ اس کی سرکاری فیس ( ٹوکن) ساڑھے چار ہزار روپے ہے ، کلاشنکوف اور دیگر بڑے اسلحے کا لائسنس بنانے کے لیے ڈیڑھ سے2لاکھ روپے وصول کیے جاتے ہیں ، بڑے اسلحے کی لائسنس فیس (ٹوکن ) سرکاری طور پر10ہزار روپے ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلحے کی دکانوں پر لائسنس بنوانے والے سے2 تصویریں اور شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی لی جاتی ہے باقی دستاویزات ایجنٹ خود تیار کرتا ہے، بعض اوقات ایجنٹ جعلی لائسنس بھی بنا کر دے دیتے ہیں لیکن جب وہ لائسنس تصدیق کے لیے جاتے ہیں تو پکڑے جاتے ہیں جس کے باعث متعدد ایجنٹ سرکار کی گرفت میں آجاتے ہیں تاہم وہ اپنا اثر رسوخ استعمال کر کے بچ جاتے ہیں ، ذرائع نے بتایا کہ اسلحہ کے لائیسنس بنانے والے ایجنٹوں میں مبینہ طور پر سعد اﷲ ، عمران ، کامران کے علاوہ تیمور ، ارشد ، علیم ، وجاہت ، شہباز سمیت2درجن سے زائد افراد شامل ہیں .

وجاہت پہلے اسلام آباد میں اسلحہ کے لائسنس کی ایجنٹی کرتا تھا تاہم وہاں بلیک لسٹ قرار دینے کے بعد وہ کراچی آگیا اور کچھ عرصہ روپوشی گزار کر اس نے کراچی میں کام شروع کر دیا ذرائع نے بتایا کہ وجاہت زیادہ تر بڑے اسلحہ کے پرمٹ بنوا کر دیتا ہے کیونکہ وہ پرمٹ اسلام آباد سے بنتے ہیں اور وجاہت اپنے پرانے تعلقات استعمال کرتے ہوئے وہاں سے آسانی سے کام کرا لیتا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کا نفاذ لگنے کے بعد سعید اﷲ نے اسلحہ لے کر چلنے کے جعلی اجازت نامے بھی بھاری رقم لے کر بنوا نا شروع کر دیے ہیں ، وہ اجازت نامے برنس روڈ اور دیگر مقامات پر قائم رنگین فوٹو اسٹیٹ کی دکان پر تیار کرائے جاتے ہیں ، اسلحہ فروخت کرنے والی دکان کے مالکان لائسنس کی مد میں ایجنٹوں سے کمیشن وصول کرتے ہیں جبکہ ان کا اسلحہ بھی مہنگے داموں میں فروخت ہو جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں