حکومت ٹریڈ پالیسی2015 18کا آج اعلان کرے گی

تحقیق وترقی کے ذریعے ٹیکسٹائل کے ہر شعبے کی الگ الگ پالیسی بنائی جائے گی


اظہر جتوئی March 22, 2016
تحقیق وترقی کے ذریعے ٹیکسٹائل کے ہر شعبے کی الگ الگ پالیسی بنائی جائے گی فوٹو: اے ایف پی/فائل

وفاقی حکومت 9ماہ بعد منگل کو باقاعدہ نئی ٹریڈ پالیسی 2015-18 کا اعلان کرے گی، وزیر اعظم پالیسی کی منظوری دے چکے ہیں جس میں برآمدی ہدف 35ارب ڈالر مقرر کر دیا گیاہے، نئی سرمایہ کاری پر 20 فیصد اورجدید مشینری پر 50فیصد مارک اپ سپورٹ فراہم کی جائے گی، تجارتی پالیسی پر عمل درآمد کے لیے 20ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

27عالمی کنونشن پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کی جائے گا۔ ''ایکسپریس'' کو موصولہ ٹریڈ پالیسی دستاویزات کے مطابق نئی پالیسی کے تحت 2018تک ایکسپورٹ بڑھا کر35ارب ڈالر تک پہنچائی جائے گی، علاقائی تجارت کو فروغ اور تجارت کو فعال اور جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، نئی پالیسی کے 4 ستون بنائے گئے ہیں جن میں اعلیٰ معیار کی پیداوار، مارکیٹ تک رسائی، ادارہ جاتی ترقی اور تجارتی سہولتوں کی فراہمی شامل ہے۔

تحقیق وترقی کے ذریعے ٹیکسٹائل کے ہر شعبے کی الگ الگ پالیسی بنائی جائے گی، برانڈنگ اور سرٹیفکیشن کے لیے گرانٹ فراہم، ویلیو ایڈیشن کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، 27 عالمی کنونشن پر عمل درآمد کیا جائے گا، نئی تجارتی منڈیاں تلاش کی جائیں گی جن میں آسیان، افریقہ، لاطینی امریکا سمیت دیگر ممالک شامل ہیں، فارما سیوٹیکل، کاسمیٹکس اور چاول کی برآمد میں اضافے کے لیے ایکسپورٹ پروموشن کونسلز کے نئے ادارے بنائے جائیں گے۔

سارک ، ای سی او اور آسیان ممالک سے ریجنل تعاون بڑھانے کے لیے گورنمنٹ پروکیورمنٹ اور ٹریڈ فیسیلیٹی معاہدے کیے جائیں گے، کاروباری لاگت کم کرنے کے مقصد سے ریل سروس کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس بنائی جائے گی،کوالٹی اسٹینڈرڈ کے لیے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے مل کر بین الاوزارتی ورکنگ گروپ بنایا جائے گا۔

نئی تجارتی پالیسی کے تحٹ 2015تا2018کی 3سالہ مدت میں میں فشریزکی 2 ارب 45 کروڑ ڈالر کی برآمدات، گوشت 1ارب 68کروڑڈالر، چاول 13ارب، سبزی و پھلوں کی 6ارب50 کروڑ ڈالر کی ایکسپورٹ کی کوشش کی جائیگی، اسی طرح پنکھوں کی برآمدات 82کروڑ ڈالر،کٹلری 1ارب 92کروڑ ڈالر،کھیلوں کا سامان7 ارب 76کروڑ ڈالر، سرجیکل 7ارب 40کروڑ ڈالر، چمڑہ 3ارب 29کروڑ ڈالر اور فارماسیوٹیکل 1ارب 24کروڑ ڈالر سے زائد بڑھانے کی کوشش کی جائے گی، نئی سرمایہ کاری پر20فیصد انویسٹمنٹ سپورٹ اور مشینری پر50فیصد مارک اپ سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں