گندھارا تہذیب کی قدیم مورتیوں کی4ماہ بعد بھی نمائش نہ ہو سکی

اسمگلنگ ناکام بناکر برآمد کی جانیوالی مورتیاں2ہزار برس قدیم وگندھارا تہذیب سے تعلق رکھتی ہیں.


Raheel Salman November 07, 2012
نیشنل میوزیم میں نئی گیلریز کی تعمیر جاری ہے،جلد ہی مورتیوں کو عوامی نمائش کیلیے پیش کردیا جائیگا، ڈائریکٹر میوزیم قاسم علی قاسم . فوٹو: رائٹرز

گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والی2ہزار برس قدیم مورتیاں4ماہ بعد بھی عوامی نمائش کے لیے نیشنل میوزیم کی زینت نہ بن سکیں .

محکمہ آثار قدیمہ کے ماہر اور سندھ میوزیم کے ڈائریکٹر قاسم علی قاسم نے کہا ہے کہ میوزیم میں نئی گیلریز کی تعمیر جاری ہے اور جلد ہی مورتیوں کو نمائش کے لیے رکھ دیا جائے گا ، تفصیلات کے مطابق 6 جولائی کی شب کورنگی کے علاقے سنگر چورنگی پر پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے کراچی سے سرگودھا اسمگل کی جانیوالی قیمتی نوادرات اور مورتیوں کی اسمگلنگ ناکام بنائی اور 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا ، مورتیاں 2 ہزار برس قدیم اور گندھارا تہذیب سے تعلق رکھتی ہیں جن کی مالیت عالمی منڈی میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے.

گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ابراہیم حیدری میں چھاپہ مار کر مزید کئی مورتیاں برآمد کی گئی تھیں جن میں ساڑھے 8 فٹ قد آور مورتی بھی شامل تھی ، مجموعی طور پر 395 مورتیاں برآمد کی گئیں جن میں کئی قیمتی نوادرات بھی شامل تھے ، واقعے کے بعد نوادرات اور مورتیوں کو محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کردیا گیا تھا ، اس وقت محکمہ آثار قدیمہ کے حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ جلد ہی مورتیوں کو عام شہریوں کے لیے نمائش کی زینت بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو گندھارا تہذیب سے متعلق مزید آگاہی حاصل ہوسکے .

واقعے کو 4 ماہ بیت گئے ہیں لیکن تاحال مورتیاں نمائش کے لیے نہیں رکھی جاسکی ہیں اور شہری ان سے محظوظ ہونے سے محروم ہیں ، اس سلسلے میں سندھ میوزیم کے ڈائریکٹر آرکیالوجی قاسم علی قاسم نے بتایا کہ نیشنل میوزیم میں گیلریز کی تعمیر جاری ہے اور جلد ہی نوادرات کو نمائش کے لیے پیش کردیا جائے گا ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں