وزارت خزانہ نے پی ایس اوکیلیے10ارب روپے ریلیزکردیے

پاورسیکٹرکے ذریعے دیے جائینگے،تیل کمپنی کوہرہفتے10ارب ادائیگی کی یقین دہانی


ایکسپریس July 19, 2012
پاورسیکٹرکے ذریعے دیے جائینگے،تیل کمپنی کوہرہفتے10ارب ادائیگی کی یقین دہانی۔ فائل فوٹو

RAWALPINDI: وزارت خزانہ نے گردشی قرضوں کی ادائیگی کے لیے پیپکو کو 10ارب روپے جاری کر دیے ہیں جو پیپکو اورپاور کمپنیوں کے ذریعے پی ایس او کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ پاور کمپنیوں کو تیل کی سپلائی کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ یہ 10ارب روپے واپڈا، حبکو اور کیپکو سمیت دیگر پاور کمپنیوں کو ان کے بجلی کے واجبات کی مد میں فراہم کیے جائیں گے اور پاور کمپنیاں یہ رقم وصول کرکے پی ایس او کے واجبات کی ادائیگی کریں گی جس سے سرکلر ڈیٹ میں کمی ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ایس او نے ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے 50 ارب روپے مانگے تھے تاہم 10 ارب روپے فوری طور پر جاری کیے گئے ہیں،

البتہ حکومت نے پاور سیکٹر کے ذریعے ہر ہفتے پی ایس او کو 10 ارب روپے فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ دوسری طرف پی ایس او حکام کا کہنا ہے کہ پی ایس او نے حبکو، کیپکو اور واپڈا سمیت دیگر اداروں سے 233 ارب کے واجبات وصول کرنا ہیں جن میں 90 فیصد پاور سیکٹر سے وصول کرنا ہیں۔

پی ایس او حکام کے مطابق پی ایس او بجلی کی پیداوار کے لیے 32 سے36 ارب روپے ماہانہ کے حساب سے واپڈا، کیپکو اور حبکو کو تیل فراہم کررہا ہے جبکہ جواب میں واپڈا،کیپکواور حبکو کی طرف سے پی ایس او کو ہر ماہ 15سے 18ارب روپے کی ادائیگی کی جا رہی ہے، پوری ادائیگی نہ ہونے پر پی ایس او کے لیے آئل درآمد کرنے کے لیے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ پی ایس او حکام کا کہنا ہے کہ اگرپاور سیکٹر ہرہفتے پی ایس او کو 10ارب روپے فراہم کرتا ہے تو اس بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بہت کمی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں