بد امنی نے اولڈ سٹی ایریا میں جائیدادوں کی قیمتیں گرا دیں

قیمتوں میں50فیصد سے زائد کمی ہو گئی


Muhammad Yaseen November 05, 2012
دکانوں اور مکانوں کی صحیح قیمتیں نہ ملنے کے باعث متعدد تاجر اور رہائش پزیر خاندان دکانیں اور فلیٹوں کو تالے ڈال کر شہر کے دیگر علاقوں میں کرائے پر منتقل ہو گئے. فوٹو: پی پی آئی/ فائل

اولڈ سٹی ایریا میں بھتہ خوری ، اغوا برائے تاوان اور قتل و غارت گری میں اضافے کے باعث جائیداد کی قیمتوں میں50 فیصد سے زائد کی کمی ہو گئی۔

کھارادر میں واقع ایک کتابوں کی دکان کی کچھ عرصے قبل تک قیمت70 لاکھ روپے تھی تاہم موجودہ وقت میں30لاکھ روپے میں خریدنے کے لیے کوئی تیار نہیں ہے ،متعدد افراد اپنے فلیٹوں کو تالے لگا کر شہر کے دیگر علاقوں میں نقل مکانی کر گئے ، متعدد میمن تاجروں نے اپنا کاروبار اندرون ملک منتقل کر دیا ، اندرون سندھ سے خریداری کے لیے آنے والے تاجر اب سکھر کا رخ کرنے لگے ہیں، مکینوں اور تاجروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں،تفصیلات کے مطابق اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں لیاری میمن سوسائٹی ، کھڈی مارکیٹ ، بغدادی ، لی مارکیٹ ، نیپیئر روڈ ، موسیٰ لائن کھارادر ، میٹھادر ، ٹاور ، رنچھوڑ لائن ، گارڈن ایسٹ ، ویسٹ ، سولجر بازار اور اس سے متصل دیگر علاقوں میں بھتہ خوری ، اغوا برائے تاوان اور قتل و غارت گری میں اضافے کے باعث فلیٹوں اور دکانوں کی قیمتوں میں50 فیصد سے زائد کمی ہو گئی ہے ۔

دکانوں اور مکانوں کی صحیح قیمتیں نہ ملنے کے باعث متعدد تاجر اور رہائش پزیر خاندان دکانیں اور فلیٹوں کو تالے ڈال کر شہر کے دیگر علاقوں میں کرائے پر منتقل ہو گئے، کھارادر کے ایک دکاندار نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک اسلامی کتابوں کی دکان پر کام کرتا ہے جس کی کچھ عرصہ قبل تک مالیت70 لاکھ روپے تھی اور اس کے متعدد خریدار بھی موجود تھے تاہم دکان کا مالک اس دکان کو فروخت نہیں کرنا چاہتا تھا، اب جب حالات کی خرابی کی وجہ سے فروخت کرنا چاہتا ہے تو اسٹیٹ بروکر نے30 لاکھ روپے میں خریدنے کو کہا تھا۔

تاہم اب وہ بھی اسے خریدنے سے انکار کر رہا ہے اسی طرح ٹاور باکڑا ہوٹل والی گلی میں ایک عمارت میں واقع فلیٹ کے رہائشی میمن تاجر نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل تک اس کے فلیٹ کی قیمت ایک کروڑ روپے تھی جس کی موجودہ قیمت50 لاکھ روپے ہے، صحیح قیمت نہ ملنے پر مالک مکان نے اسے کرائے پر دینے کے لیے اسٹیٹ بروکر کی خدمات حاصل کیں تو10ہزار ماہوار سے زائد کا کرائے دار نہیں ملا جبکہ کچھ عرصہ قبل تک اس جگہ کا کرایا30ہزار روپے تھا.

مجبوراً مالک مکان 10 ہزارروپے کرائے پر اپنا فلیٹ دیکر عزیز آباد شفٹ ہو گیا، اولڈ سٹی ایریا کے متعدد میمن تاجروں نے اپنا کاروبار ملک کے مختلف شہروں حیدرآباد ، نواب شاہ ، ٹنڈو آدم ، میر پور خاص ، سکھر ، لاہور اور راولپنڈی منتقل کر دیا جبکہ متعدد سرمایہ دار تاجر اپنے کاروبار اور اہلخانہ کے ساتھ بیرون ملک منتقل ہو گئے ، کھارادر ، میٹھادر ، ٹاور اور دیگر علاقوں میں قائم رات بھر کھلنے والے کھانے اور چائے کے ہوٹل مالکان نے بھتہ خوروں سے تنگ آکر اپنے ہوٹل ٹھیکے پر دے دیے اور خود شہر کے دیگر علاقوں میں اپنا کاروبار شروع کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔