سوشل میڈیا کی محبت میں ’’ڈولی‘‘ کا اضافہ

محبت میں بےوفائی پرانسان ٹوٹ جاتا ہے،ایسے ٹوٹ کے بکھرتا ہےکہ ریزہ ریزہ ہوجاتا ہے، ناکام عاشق کی زندگی عذاب بن جاتی ہے۔


November 04, 2015
چینی لڑکی واپس اپنے ملک تو لوٹ جائے گی لیکن جس طرح اس کے جذبات سے کھیلا گیا وہ کبھی بھول نہیں پائے گی۔

ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری پاک چین دوستی اب ''محبت'' میں بدلتی جا رہی ہے۔ دونوں دوست ممالک کی سفارتی دوستی کی تو دنیا مثال دیتی ہے لیکن سفارتی ''محبت'' ناکام ہوگئی ہے۔ پی کے سرفراز نے تو دشمن ملک کی ''جگو'' کو دھوکہ نہیں دیا تھا، لیکن مظفر گڑھ کے ''امین'' نے چین کی ''ڈولی'' سے بے وفائی کر کے 20 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی ناک کٹوا دی ہے۔

علی امین کوئی پہلا پاکستانی نہیں جس پر کوئی غیر ملکی خاتون مرمٹی ہے بلکہ اس سے پہلے بھی کئی خواتین پاکستانی مردوں پر فدا ہوئیں اور انہوں نے ان سے شادی بھی رچائی۔ سب سے مشہور محبت کی کہانی پاکستانی ڈاکٹر حسنات اور برطانوی لیڈی ڈیانا کی ہے۔ دونوں کی محبت شادی کے بندھن تک پہنچنے سے پہلے ہی ختم ہوگئی۔ سابق کرکٹر اور موجودہ سیاستدان عمران خان سے گولڈ اسمتھ کی بیٹی جمائما نے محبت کی۔ جمائما اسمتھ سے جمائما خان بنی، دو بچوں کوجنم دیا مگر پھر دونوں کی شادی کا بندھن نو سال بعد ٹوٹ گیا۔ بھارت کی ٹینس کوئین ثانیہ مرزا پاکستانی شعیب ملک کو دل دے بیٹھی۔ پھر ملک بھی پوری شان سے پڑوس ملک سے بیاہ لائے۔ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے آسٹریلوی شنیرا سے شادی کی اور کامیابی سے نبھا رہے ہیں، اسی طرح اور بھی بہت ساری مثالیں ہیں۔

چونکہ یہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے تو محبتیں بھی حقیقی زندگی سے نکل کر اُسی دنیا میں ہورہی ہیں۔ ایک طرف نوجوان جہاں سوشل ویب سائٹس سے شروع ہونے والی رسمی بات چیت کو محبت میں بدل رہے ہیں تو دوسری طرف پاکستانی نوجوان بھی اس دوڑ میں پیچھے نہیں اور اب تک ایک اندازہ کے مطابق بھارت سمیت مختلف ملکوں سے پانچ سے زائد لڑکیاں محبت کے ہاتھوں مجبور ہوکرپاکستان آچکی ہیں۔ تازہ مثال چینی لڑکی ''ڈولی'' کی جانب سے پاکستانی لڑکے کی محبت میں دوبارہ پاکستان آنا ہے۔ ڈولی سے پہلے بھی کئی ممالک کی لڑکیاں پاکستان آچکی ہیں، ان میں سے بھارتی نژاد شارجہ کی لڑکی ننگیتا بھی ہے جو انٹرنیٹ پر ملتان کے ظفر اقبال کے ساتھ محبت ہونے کے بعد سب کچھ چھوڑ کر پاکستان پہنچی تھی۔ ننگیتا محبت کی خاطر 10 ہزار درہم کے عوض جعلی پاسپورٹ کے ساتھ پاکستان آئی لیکن لاہور امیگریشن میں پکڑی گئی جسے شارجہ ڈی پورٹ کردیا گیا اور یوں اس کی محبت نے بھی ملاپ نہیں دیکھا۔

جنوبی افریقی عیسائی لڑکی زاہرہ ونزل بھی فیس بک پر محبت ہوجانے کے بعد حافظ آباد کے نعمان افضل کے پاس چلی آئی تھی۔ محبت کی خاطر اپنا مذہب تبدیل کرکے پاکستانی روایات کے مطابق شادی کی۔ امریکی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ کے نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد انٹرنیٹ، سوشل ویب سائٹس، موبائل فونز اور دیگر ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے رومانوی تعلقات استوار کرتے ہیں۔ امریکہ بھر کے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والے 35 فیصد نوجوان رومانوی تعلقات میں مبتلا ہوتے ہیں جبکہ 86 فیصد نوجوان اسکول اور تعلیمی ادارے کے اوقات میں اپنے رومانوی تعلقات کے ساتھیوں کے ساتھ ہوتے ہیں۔ سماجی رویوں، نوجوانوں اور بدلتے وقت کے رواجوں پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق دنیا بھر کے نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد اپنے تعلیمی اداروں میں بھی رومانوی تعلقات میں مبتلا ہوجاتی ہے۔ نوجوان نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے سمیت اپنے رومانوی تعلقات پر بھی توجہ دیتے ہیں۔ دنیا بھر میں جہاں تعلیمی میدانوں میں انقلاب آیا ہے وہیں تعلیمی اداروں میں فطری محبت بھی پروان چڑھی ہے۔

محبت میں بے وفائی پر انسان ٹوٹ جاتا ہے، ایسے ٹوٹ کے بکھرتا ہے کہ ریزہ ریزہ ہوجاتا ہے، ناکام عاشق کی زندگی عذاب بن جاتی ہے، وہ روز جیتا اور روز ہی مرتا ہے۔ چینی لڑکی واپس اپنے ملک تو لوٹ جائے گی لیکن جس طرح اس کے جذبات سے کھیلا گیا وہ کبھی بھول نہیں پائے گی۔ زندگی بھر پاکستانیوں سے نفرت کرے گی۔ محبت کے نام سے دور بھاگے گی، کاش ایسا نہ ہوتا، محبت کا انجام محبت سے محبت ہونا چاہیے تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں