فخرعالم چھوٹے سنگل انجن طیارے پر دنیا کاچکر لگائیں گے

پاکستانی گلوکار 55 دنوں میں100گھنٹوں کی پروازکے دوران14 ممالک کی فضائی حدود میں داخل ہوں گے


Showbiz Reporter October 30, 2015
اپنا یہ ’’پرواز مشن‘‘ پاکستان کی بہادر قوم کے نام کر رہا ہوں، فخرعالم۔ فوٹو : پبلسٹی

لاہور: نامور گلوکار فخر عالم اداکاری اور بطور اینکر اپنا جادو جگانے کے بعد سولو فلائٹ کر کے پوری دنیا کا چکر لگانے کے لیے تیار ہیں۔

فخر عالم 25 فروری کو امریکا کے شہرآرلینڈو سے ''مشن پرواز'' کا آغاز کریں گے جس میں وہ ایک چھوٹے سنگل انجن ٹربوطیارے کو اڑا کر پوری دنیا کا چکر لگائیں گے۔ اس بات کا اعلان انھوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فخر عالم نے اپنے سفرکے متعلق بتایا کہ وہ دنیا کے تقریبا 14 ممالک کی فضائی حدود میں داخل ہوں گے۔اس تمام سفر میں ہندوستان کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کی تذلیل کرنے کی کوششں کرتا ہے اس لیے بھارتی حکام سے اجازت مانگ کر اپنا وقت ضائع کرنے کی زحمت نہیں کی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اس سفر کے دوران بھارت کے رویہ میں تبدیلی آتی ہے تو میں اپنا ارادہ بدل سکتا ہوں۔

فخرعالم نے کہا کہ مشن پرواز تقریبا 13 لاکھ ڈالر سے مکمل کی جائے گی جس میں سے 5 لاکھ ڈالر ابھی تک اسپانسر ہوچکے ہیں، فخر عالم کا کہنا تھا کہ میں اپنا یہ ''پرواز مشن'' پاکستان کی بہادر قوم کے نام کر رہا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں