خوش بو کیسی ہو

بہترین اور دل فریب خوش بو کا انتخاب بعض اوقات بہت مشکل محسوس ہوتا ہے


اہلیہ محمد فیصل October 05, 2015
ہمیں ایسے پرفیوم یا عطر کا انتخاب کرنا چاہیے جس کی خوش بو دھیمی دھیمی ہوتی ہے۔ فوٹو: فائل

خوش بو سے محبت انسان کا ایک فطری جذبہ ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم دیکھتے ہیں کہ آئے دن نت نئی خوشبوؤں کی دریافت ہوتی رہتی ہے۔ اس کے حصول میں بنت حوا بھی کسی سے پیچھے نہیں، مختلف قسم کے پرفیوم، کلون، باڈی اسپرے، عطر، ڈیڈورنٹ وغیرہ کا استعمال آج کل بہت زیادہ عام ہو گیا ہے۔

ایک بہترین اور دل فریب خوش بو کا انتخاب بعض اوقات بہت مشکل محسوس ہوتا ہے اور اگر اس مرحلے میں آپ نے صحیح انتخاب کر کے اپنی شخصیت کے مطابق خوش بو استعمال کی، تو یہ سونے پہ سہاگہ ہو گا۔ آج کل بازاروں شیمپو اور کنڈیشنر بھی کئی منفرد خوشبوؤں کے ساتھ دست یاب ہیں، مگر بعض کی خوش بو وقتی ہوتی ہے، استعمال کے چند لمحوں بعد ختم ہو جاتی ہے، حالاں کہ فطری طور پر انسان دیر پا اور مسحور کن خوش بو کو پسند کرتا ہے۔ اسی سلسلے میں چند طریقے مندرجہ ذیل ہیں۔

خوش بو جب بھی استعمال کرنی ہو، تو جیولری اور کام دار کپڑوں کو پہننے سے پہلے لگالیں، تاکہ اس کے اثرات آپ کے کپڑوں اور جیولری پر اثر انداز نہ ہوں۔ اسی طرح خوش بو ہمیشہ نبضی حصوں جیسے کلائی کی پشت پر، ٹھوڑی سے نچلے حصوں پر، کان کی لوؤں کے پیچھے لگائیں کیوں کہ یہاں پر دوران خون تیز ہوتا ہے، جو خوش بو کو پھیلانے کا باعث بنتا ہے۔

خوش بو کے انتخاب میں اپنی شخصیت اور رنگت کی مناسبت سے کریں، بعض خوش بوئیں اس قدر تیز ہوتی ہیں کہ آپ کے قریب بیٹھنے والے کے سر کا درد بن جاتی ہیں، بلکہ کئی دفعہ خود ہمارے بھی سر میں درد ہونے لگتا ہے۔ ایسا عموماً اس وقت ہوتا ہے جب ہم کم دام کے چکر میں پڑ کر غیر معیاری خوش بو چن لیتے ہیں۔

ہمیں ایسے پرفیوم یا عطر کا انتخاب کرنا چاہیے، جو زیادہ پھیلتے نہیں بلکہ اس کی خوش بو دھیمی دھیمی ہوتی ہے، جیسے موتیا، گلاب اور چنبیلی کے عطریات یا ٹی روز، جیسمین اور آئس برگ کے کلون دوپٹے، عبایا اور حجاب پر استعمال کیے جائیں۔ تاکہ بھینی بھینی خوش بو میں بسے آپ کے وجود سے آپ کی سہیلی یا عزیزہ آپ سے معانقہ کر کے دلی فرحت محسوس کرے۔ کوشش کریں کہ باتھ جیل، باڈی اسپرے، کلون یا پرفیوم حتیٰ کہ موئسچرائزنگ لوشن تک ایک ہی کمپنی یا برانڈ کا استعمال کریں۔ جب بھی خوش بو خریدیں تو کسی کی دیکھا دیکھی نہیں، بلکہ اپنی شخصیت کی مناسبت سے خریدیں۔ اسی طرح ایک ہی قسم کا پرفیوم یا بوڈی اسپرے زیادہ عرصے تک استعمال نہ کریں، بلکہ گاہے بگاہے پرفیوم تبدیل کرتی رہیں۔ موسم اور جگہ کے اعتبار سے بھی خوش بو کو تبدیل کیا جائے، تو آپ کی شخصیت میں جدت اور نیا پن نظر آئے گا اور آپ نمایاں نظر آئیںگی۔

یاد رکھیے، خوش بو کا انتخاب آپ کی شخصیت کا عکاس ہے۔ صحیح منتخب کردہ خوش بو آپ کی شخصیت کو چار چاند لگا سکتی ہے، جب کہ خوش بو کا غلط انتخاب آپ کی شخصیت کو مسخ بھی کر سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔