بقرعید کا پلاؤ بمعہ چند ہدایات

آج کا بلاگ صرف ان با ذوق لوگوں کے لیے ہے جو ’’ کھانے‘‘ کا ذوق رکھتے ہیں۔


عثمان فاروق September 27, 2015
پلاؤ کی اصل روح کا گلا ہمارے معاشرے نے گھونٹ کر رکھ دیا ہے۔ فوٹو :گوگل

لاہور: اس سے پہلے میں آپکو پلاؤ بنانے کی ترکیب بتاؤں چند باتیں عرض کرنا چاہتا ہوں، وہ یہ کہ آج کا بلاگ صرف ان با ذوق لوگوں کے لیے ہے جو ''کھانے'' کا ذوق رکھتے ہیں۔ بلاوجہ پرہیزی کھانے پر زندہ رہنے والے، ڈائیٹ کرنے والے اور خوراک کو تولہ ماشہ کے حساب سے ناپ تول کر معدے کو ترسا ترسا کر مارنے والوں کے لیے اس بلاگ میں کچھ نہیں ہے۔ اگلی بات تمام پاکستان کو مبارک ہو کہ بکرا عید کا دن ہے، لہذا بنا خوف و خطر کھائیں لیکن اعتدال کے ساتھ، اور ان لوگوں کے تو کیا ہی کہنے جو خود گھر سے دو کلو گوشت کے کباب کھا کر اوپر سے کولڈ ڈرنک کی لیٹر بوتل انڈیل کر آجاتے ہیں اور کہتے ہیں، دیکھیں بھائی کھانے میں احتیاط کریں۔

اب آتے ہیں پلاؤ کی ترکیب کی طرف، بقرعید کے دن پلاؤ کی ترکیب بتانے کا مقصد یہ ہے کہ پلاؤ کی اصل روح جس کا گلا ہمارے معاشرے نے گھونٹ کر رکھ دیا ہے۔ اب اسے دوبارہ سے متعارف کروانے کے لیے جن اجزاء کی ضرورت ہے وہ بقرعید کے دن با آسانی دستیاب ہوتے ہیں، تو جناب کرنا آپ نے یہ ہے کہ بکرے کا ہڈی والا ایک کلو یا آدھا کلو حسبِ ضرورت گوشت لینا ہے۔ اسکو تقریباً آٹھ گلاس پانی میں ڈال کر دو گھنٹے تک یخنی بنانی ہے، یخنی بنانے میں زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے کیونکہ اسکا انحصار گوشت کے گلنے پر ہے۔ جب یخنی بن جائے تو درمیانے سائز کے پیاز باریک لچھوں کی صورت میں کاٹ لیجئے اور تقریباً ڈیڑھ کپ تیل لے کر اس میں کٹے ہوئے پیاز کے لچھے تلیے، جب پیاز براؤن ہونے لگے تو ان میں یخنی والی ہنڈیا سے یخنی کا ایک کپ لے کر انڈیل دیں۔ پھر اس میں آدھ پیالی دہی، گرینڈ کی ہوئی سات عدد ہری مرچیں، آدھا چائے کا چمچ کالی مرچ، چار مناسب سائز کے ٹماٹروں کا پیسٹ، پسا ہوا دو چمچے ادرک اور ساتھ ایک چمچ پسے ہوئے گرم مصالحے کا ڈال کر بھونئے اور ٹھیک دومنٹ بعد ساری یخنی بمعہ یخنی میں تیرتی ہوئی بوٹیاں ہنڈیا میں انڈیل دینی ہے۔

نمک حسب ذائقہ ڈالا جائے گا۔ 5 منٹ بعد اس میں ایک بڑا پہلا لیموں نچوڑ دینا ہے اور دوسرے لیموں کے گول قتلے کاٹ کر ڈالیے۔ اب دوبارہ پلاؤ کی طرف آجائیں اور آدھا کلو چاول جو پہلے سے بھگو کر رکھے گئے ہوں وہ پتیلے میں ڈال دیجئے اور کچھ دیر بعد جب وہ چاول گل جائیں تو دم پر لگادیں اور 15 منٹ بعد لذیذ پلاؤ تیار ہوگا۔ اس دوران پلاؤ پکنے کی مزیدار خوشبو پورے گھر میں پھیل چکی ہوگی اور اس خوشبو کو سونگھتا ہوا جیسے ہی کوئی شکار کچن میں آئے اسے قابو کرلیں اور فوری طور پر پلاؤ نہ کھلانے کی دھمکی دے کر اسے رائتہ بنانے کے لیے راضی کرلیں۔ رائتہ بنانے کے لیے پودینہ اور دھنیے کی ایک گھٹی دو ہری مرچوں کے ساتھ اچھی طرح گرائنڈ کریں اور آدھا کلو دہی کو اچھی طرح پھینٹ کر اس میں ایک چٹکی زیرہ، ہلکا سا نمک باریک کٹا ہوا پیاز ایک ابلا ہوا آلو اور کھیرے کے قتلوں کے ساتھ پودینے اور دھنیے کا پیسٹ ڈال کر پھینٹ لیجئے۔

مزیدار پلاؤ کی تیاری میں کچھ ٹیکنیکل مسائل ہیں وہ یہ کہ کتنے چاولوں کے لیے کتنا پانی استعمال ہوگا، تو اس سلسلے میں گھر میں موجود خواتین خصوصاً زوجہِ محترمہ سے رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے، کہ اے جانِ تمنا کتنے چاولوں میں کتنا پانی ڈالا جائے گا۔ میں اس مسئلے پر اس لیے نہیں روشنی ڈال رہا کیونکہ چاولوں کی مختلف قسموں کے لیے پانی کی مختلف مقدار درکار ہوتی ہے مگر کوشش کریں ''سیلا چاول'' استعمال کرنے کے بجائے اچھی کوالٹی کے ''باسمتی'' چاول استعمال کریں اور کوشش کریں کہ پرانا چاول استعمال ہو کیونکہ چاول جتنا پرانا ہوتا ہے، اتنا مزے کا پکتا ہے۔ اگر آپ یہ پلاؤ بنائیں تو براہِ کرم اس کی فوٹو بنا کر مجھے ای میل لازمی کریں کیونکہ پلاؤ کے صحیح ذائقے کو محفوظ رکھنے کی جدوجہد کرنا بھی میرا ایک مشن ہے۔

عید مبارک کے ساتھ ہی آج کے بلاگ سے یہ بھی ثابت ہوگیا ہوگا کہ میری صرف سیاسی اور دفاعی معاملات پر ہی نہیں بلکہ کھانے پینے کے معاملات پر بھی گہری نظر ہے۔

[poll id="676"]

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں