نجی شعبہ تجارتی تعاون بڑھانے کیلیے آگے آئے امریکی قونصل جنرل

پاکستانی کاروباری برادری امریکی مارکیٹوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی کی خواہش رکھتی ہے، اعجاز اے ممتاز


Commerce Reporter September 21, 2015
پاکستانی کاروباری برادری امریکی مارکیٹوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی کی خواہش رکھتی ہے، اعجاز اے ممتاز۔ فوٹو: فائل

امریکی قونصل جنرل ذکری ہرکن رائیڈرنے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں توانائی کے بحران سے بخوبی آگاہ اور اسے حل کرنے کے لیے ہرممکن معاونت کرنے کو تیار ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کو دی جانے والی معاونت کا محور توانائی کا شعبہ ہے کیونکہ اس کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں،امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش ہے جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبے کو آگے آنا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ یو ایس قونصلیٹ تاجر برادری سے تعلقات مستحکم کرنے کے لیے قابل تحسین اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے امریکی قونصل جنرل پر زور دیا کہ وہ کراچی قونصلیٹ کی طرز پر لاہور میں بھی ویزے کے اجرا کی سہولت کا آغاز کریں، فی الوقت تاجروں کو ویزے کے حصول کے لیے اسلام آباد جانا پڑتا ہے۔

اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ امریکا پاکستان کا بہت اہم تجارتی شراکت دار ہے، پاکستانی کاروباری برادری امریکی مارکیٹوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی کی خواہش رکھتی ہے، تجارت کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان روابط مزید مضبوط کرنا ہوں گے، اس سلسلے میں تجارتی وفود کا تبادلہ بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے تگ و دو کررہا ہے۔ انہوں نے امریکی قونصلیٹ پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد کریں۔ انہوں نے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی اور دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان مستقل بنیادوں پر روابط کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں