کرپشن کیخلاف ممکنہ کارروائی وزیراعظم نے وفاقی و پنجاب کابینہ کے ارکان کے اثاثوں کی تفصیل طلب کرلیں

لاہورمیں وزیراعلیٰ پنجاب اورقریبی رفقاسے مشاورت کے بعد فیصلہ، شہبازشریف نے اپنی کابینہ اورصوبائی بیوروکریسی کادفاع کیا


عبد المنان September 07, 2015
وزیراعظم نے ایف بی آرودیگرحلقوں کوتفصیلات جمع کرنے کاٹاسک دیدیا،اثاثوں کاجائزہ لینے کے بعدارکان کوکلین چٹ دی جائیگی۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف نے متعلقہ اداروں کوپنجاب میں کرپشن کیخلاف کسی بھی کارروائی کی منظوری دینے سے قبل پنجاب اور وفاقی کابینہ میں شامل وزرا اور اہم پارٹی ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے اس سلسلے میں ایف بی آر سمیت دیگر حلقوں کو تفصیلات جمع کرنے کاخصوصی ٹاسک دیدیاہے، وفاقی وزرا کے 2013 سے 2015تک کے جب کہ پنجاب کابینہ میں شامل وزرا کے 2008 سے 2015کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، ان اثاثوں کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد پنجاب اوروفاقی کابینہ میں شامل ارکان کو ''کلین چٹ''دی جائے گی۔

ذرائع کاکہناہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے یہ فیصلہ لاہور میں 3 روز کے قیام کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور اپنے قریبی رفقاسے مشاورت کے بعد کیا، اس دوران یہ بھی فیصلہ کیاگیاہے کہ کرپشن کے خلاف کسی بھی کارروائی سے قبل پنجاب اور وفاقی کابینہ میں شامل ارکان کے اثاثوں کاجائزہ لیاجائے گا،وزیراعظم کو ان ارکان کے خلاف بھی کارروائی کی تجویزدی گئی ہے جنھوں نے کرپشن میں اپنے حصے کیلیے بیوروکریسی کوکرپشن کی طرف مائل کیا،یہ تمام فیصلے میں ن لیگ میں اندرون خانہ پارٹی ارکان کے ایک دوسرے پر لگائے جانیوالے الزامات کی روشنی میں کیے گئے ہیں۔

ذرائع کاکہناہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے وزیراعظم کے سامنے نہ صرف اپنی کابینہ کے ارکان بلکہ بیورو کریسی کابھی دفاع کیاہے اور مؤقف اختیارکیاہے کہ پنجاب میں سیکریٹری اورکمشنرسطح پرکرپشن کاخاتمہ کیا جاچکا ہے۔ مشاورت کے دوران وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھاکہ کوئی بھی قانون سے بالاترنہیں، ملک بھر میں کرپشن کے خلاف بلاامتیازکارروائی ہورہی ہے، کرپشن کے خلاف جاری آپریشن کیخلاف کسی کوانگلی اٹھانے کاوقع نہیں دیاجاناچاہیے۔

واضح رہے کہ سندھ میں کرپشن کے خلاف نیب اورایف آئی اے کی کارروائیوں پر ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی نے شدید تحفظات کااظہارکیاہے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری چندروز قبل وزیراعظم نواز شریف سے پنجاب میں بھی کرپشن کے خلاف کارروائی کامطالبہ کرچکے ہیں لہٰذا (ن) لیگ نے کرپشن کیخلاف جاری آپریشن کی شفافیت کوبرقرار رکھنے کیلیے پنجاب میں کسی بھی کارروائی سے قبل وفاقی اورپنجاب کابینہ میں شامل ارکان اوراہم پارٹی عہدیداروںکے اثاثوں اورپنجاب میں کرپشن کی تفصیلات جمع کرنے کافیصلہ کیاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |