ایڈن لائف کی این اوسی کے بغیرمارکیٹنگ گمراہ کن قرار

الحمراایونیوکی اجازت تھی، سی ڈی اے نے نام بدلنے کی درخواست منظور نہیں کی


نوید معراج September 04, 2015
الحمراایونیوکی اجازت تھی، سی ڈی اے نے نام بدلنے کی درخواست منظور نہیں کی فوٹو: فائل

ISLAMABAD: اسلام آبادکے زون پانچ میں الحمرا پرائیویٹ لمیٹڈکی جانب سے نئی ہاؤسنگ اسکیم ایڈن لائف کی مارکیٹنگ کوگمراہ کن قراردیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کمپنی نے ابھی تک وفاقی ترقیاتی ادارہ سی ڈی اے سے این اوسی نہیں لیا۔

ایڈن لائف نے ضروری طریق عمل اورمطلوبہ معیارات کو پورانہیں کیا، اسی وجہ سے منصوبے کی مارکیٹنگ کی اہل نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے زون 5 میں الحمرا ایونیو شروع کرنے کیلیے الحمرا پرائیویٹ لمیٹڈکے رہائشی منصوبے کیلیے این اوسی جاری کیا تھا، الحمرا پرائیویٹ لمیٹڈ نے بعد میں منصوبے کا نام بدل کرایڈن لائف رکھنے کی درخواست کی۔ سی ڈی اے کے مطابق یہ درخواست ابھی تک سی ڈی اے کے پاس زیرالتوا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے نئے نام کااین اوسی جاری ہونے تک ایڈن لائف کے نام سے منصوبے کی مارکیٹنگ دغابازی اورغیرقانونی ہے۔ الحمرا پرائیویٹ لمیٹڈوفاقی دارالحکومت کے گاؤں چراہ میں1074.1 کنال اراضی پر محیط الحمرا ایونیوکے نام سے رہائشی منصوبے کا سپانسر ہونے کا دعویدار ہے اور اب ایڈن لائف کے نئے نام سے اس کی مارکیٹنگ کر رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا منصوبے کانام بدلنے کیلیے این اوسی کے اجرا میں بڑی رکاوٹ پی اے ایف کی شاہین فاؤنڈیشن کی جانب سے دائرکیس ہے ۔

ذرائع کے مطابق شاہین فاؤنڈیشن نے سی ڈی اے اورنیب میں درخواستیں دی ہیں کہ میسرز الحمراپرائیویٹ لمیٹڈ میں 700 پلاٹوں اور7 فارم ہاؤسزکی خریداری کیلیے کمپنی میں سرمایہ کاری کی تھی، کمپنی کومکمل ادائیگی کردی ہے تاہم ابھی تک پلاٹ حوالے نہیں کیے گئے ۔اس حوالے سے جب ایڈن لائف کے ترجمان سے موقف لینے کیلیے رابطہ کیاگیا توانھوں نے بتایا کہ سی ڈی اے نے منصوبے کا نام بدلنے کی درخواست ابھی منظور نہیں کی، ہم نے مطلوبہ فیس جمع کرا دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں