حیدرآباد سمیت زیریں سندھ میں بھی قومی ووٹر ڈے منایا گیا

سیمینارز میں سیاسی جماعتوں کی شرکت، مقررین نے ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی


Nama Nigaran/Numainda Express October 18, 2012
حیدرآباد: ووٹرز ڈے کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے ریجنل الیکشن کمشنر عطاء الرحمٰن خطاب کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

الیکشن کمیشن نے حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں پہلا قومی ووٹر دن منایا جس کا مقصد سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، عوام اور میڈیا کو انتخابات، ووٹر لسٹیں، ووٹ کی اہمیت اور ووٹ ڈالنے کے طریقے سے متعلق آگاہی دینا تھا۔

اس سلسلے میں ریجنل الیکشن کمشنر حیدرآباد ڈویژن نے مباحثے کا اہتمام کیا جس میں پی پی، متحدہ قومی موومنٹ سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور سرکاری افسران نے شرکت کی اور انتخابات کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ ریجنل الیکشن کمشنر عطا ء الرحمان نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کو مزید صاف و شفاف اورغیر جانبدار بنانے کیلیے تاریخ میں پہلی مرتبہ ووٹرز کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،الیکشن کمیشن نے نادرا کے تعاون سے کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹیں تیار کر لی ہیں جس کے تحت ہر فرد کا پورے ملک کے اندر صرف ایک ووٹ شامل کیا گیا ہے۔

ہر3 ماہ بعد نادرا نئے تیار کردہ کمپوٹرائز شناختی کارڈز کی فہرست الیکشن کمیشن کو مہیا کرتا ہے جس کی تصدیق کے بعد نام ووٹر لسٹ میں شامل کیے جاتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ انتخابات میں ٹرن آؤٹ بڑھانے اور عوام کی سہولت کیلیے ہر 2 کلو میٹر کے فاصلے پر پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جہاں پر صرف 1200ووٹ ڈالنے کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن سے تعاون کریں۔ علاوہ ازیں بدین، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص، سانگھڑ،مٹھی، ماتلی اور دیگر شہروں میں بھی ووٹرڈے کے موقع پر سیمینار منعقد ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مقررین نے ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ووٹ کے صحیح استعمال سے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |