ایکسپریس کی ’’سبحان رمضان‘‘ نشریات کی میزبانی سعود قاسمی کریں گے

ایکسپریس پاکستان کا ایک نمایاں چینل اور عوام کے جذبات کی نمائندگی اس کا روزِ اول سے شعار رہا ہے


Express Desk June 12, 2015
روحانی علاج سیگمنٹ میں ناظرین مفتی رمضان سیالوی کے فیض روحانی سے استفادہ کر سکیں گے ۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI: رمضان کریم بلامبالغہ مسلمانوں کا عالمی و اجتماعی مذہبی تہوار ہے۔

روئے زمین پر بسنے والے، مختلف ادیان کے ماننے والے اپنے کسی بھی تہوار میں من حیث القوم رویوں میں اس طرح تبدیلی نہیں لاتے جس انداز سے مسلمان ماہ ِرمضان کے تقدس اور احترام کو خود پر طاری کرتے ہیں اور یہ یقیناً مسلمانوں کی وجہ امتیاز ہے۔ سالہا سال سے مسلمان ماہ ِ رمضان کی رونق میں اضافے کے نت نئے طریقے اختیار کرتے چلے آئے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔

ایکسپریس پاکستان کا ایک نمایاں چینل اور عوام کے جذبات کی نمائندگی اس کا روزِ اول سے شعار رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ عوام نے ایکسپریس چینل کو بھرپور پذیرائی دی۔ ایکسپریس مختلف خطوط پر رمضان کی نشریات کرتا رہا ہے۔ اس سال ایکسپریس کی نشریات ''سبحان رمضان '' کے نام سے پیش کی جائیں گی۔ ''سبحان'' معنویت میں پاکیزگی سے بھرپور ہے۔ نشریات کے میزبان سعود قاسمی ہیں، عوام فلمسٹار سعود کو بطور اداکار جانتے ہیں لیکن یہ بات بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ سعود کا تعلق نہایت معزز مذہبی ''قاسمی خاندان'' سے ہے۔

مولانا قاسم نانوتوی سعود قاسمی کے پردادا ہیں جبکہ سعود کے دادا مولانا طیب دارالعلوم دیوبند کے مہتمم تھے۔ 14اگست1947ء میں ریڈیو پاکستان کا آغاز مولانا ظاہر قاسمی کی تلاوت سے ہوا جو سعود قاسمی کے والد ہیں۔ پی ٹی وی کا معروف قرآنی سلسلہ ''اقرا'' سعود قاسمی کے چچا قاری شاکر قاسمی پیش کیا کرتے تھے۔ ممتاز ثنا خواں قاری وحید ظفر قاسمی سعود کے چچا ہیں۔

سعود قاسمی کے ایک چچا عامر قاسمی مسلم انسٹیٹیوٹ آف امریکا میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ دوسرے چچا آصف قاسمی کینیڈا میں اسلام کی سربلندی کیلیے کوشاں ہیں اور انھوں نے قرآن کی نہایت معرکۃ الآرا تفسیر بھی لکھی ہے۔ سعود قاسمی کے بھائی طارق قاسمی قاری عبدالباسط اور قاری العسری کے شاگرد ہیں اور بہن زورا نورانی نامور قاریہ ہیں۔ امید ہے سعود قاسمی فلمی صنعت میں بے پناہ کامیابی کے بعد اس میدان میں بھی نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے۔ سبحان رمضان میں علماء کرام سے سوال جواب کا بھی سیگمنٹ ہو گا۔

اس سلسلے میں ایکسپریس کا انتخاب پاکستان کے جید اور مستند ترین علما ہیں جن میں علامہ شہزاد مجددی، علامہ طاہر اشرفی، صاحبزادہ حامد سعید کاظمی، مفتی راغب نعیمی، صاحبزادہ امانت رسول، ڈاکٹر طاہر مصطفیٰ، ڈاکٹر ممتاز سالک، ڈاکٹر حماد لکھوی، علامہ سبطین حیدر سبزواری، قاری یعقوب شیخ، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، ڈاکٹر عاصم اللہ بخش، حافظ کاظم رضا، علامہ زبیر احمد ظہیر، مفتی ارشاد سعیدی، علامہ حسین اکبر اور مولانا افضل حیدری شامل ہیں۔ ''سبحان رمضان'' میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ثنا خواں مرغوب ہمدانی، اویس رضا قادری، صدیق اسماعیل، فصیح الدین سہروردی، صبیح الدین صبیح رحمانی، یوسف میمن، اختر حسین قریشی، حافظ نور سلطان، شہزاد حنیف مدنی، صغیر احمد نقشبندی اور جابر حسین عطاری بھی شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ روحانی علاج معالجہ کے سیگمنٹ میں داتا دربار مسجد کے خطیب مفتی رمضان سیالوی کے فیض روحانی سے ناظرین استفادہ کر سکیں گے۔ کوکنگ سیگمنٹ کی ذمے داری سعود قاسمی کی اہلیہ جویریہ سعود پر ڈالی گئی ہے۔ اس سیگمنٹ کا ماحول نہایت گھریلو اور اپنائیت سے بھرپور ہو گا۔ یقیناً جویریہ اور سعود قاسمی کی نوک جھوک ناظرین کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیرتی رہے گی،ساتھ ساتھ خوراک کے لوازمات اور جزئیات پر تعلیمات نبوی کی روشنی میں معروف حکیم اعجاز فاروقی سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں