جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کیمرے 30 جون تک لگانے کی ڈیڈلائن

آبپارہ چوک سے لے کر پورے کشمیر ہائی وے اور مرکزی شاہراہوں پر کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے


Iftikhar Chohadary May 18, 2015
آبپارہ چوک سے لے کر پورے کشمیر ہائی وے اور مرکزی شاہراہوں پر کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے۔فوٹو: فائل

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جڑواں شہروں سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کو جدید طریقہ سیکیورٹی کے تحت قانون کی گرفت میں لینے کی خاطر 1500سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب کے جاری منصوبہ کو 30 جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ کے تحت مذکورہ بالامنصوبہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں شروع کیا گیا تھا جس کے مطابق اسلام آباد میں1200 جبکہ باقی 300 کیمرے راولپنڈی میں مری روڈ پر نصب کیے جانے تھے، منصوبے کے مطابق سہالہ سے زیرو پوائنٹ، مری اور آزاد کشمیرکو ملانے والی 17 میل سے سرینا ہوٹل چوک، ترنول سے موٹر وے چوک اور کشمیر ہائی وے،گولڑہ چوک، آئی جے پرنسپل روڈ، راولپنڈی مری روڈ اور اسلام آباد مری روڈ پرکیمروں کی تنصیب کا 80 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، باقی ماندہ کام مکمل کرنے کیلیے 2 ماہ مانگے گئے تھے جس میں وزیر داخلہ نے متعلقہ چینی کمپنی کو آئندہ ماہ (جون) کی 30 تاریخ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی کام کا 80 فیصد مکمل کیا جا چکا ہے، آبپارہ چوک سے لے کر پورے کشمیر ہائی وے اور مرکزی شاہراہوں پر کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے، ان کیمروں کی تنصیب سے پورا اسلام آباد شہر اور مضافات کی شاہراہوں پر ہونے والے جرائم مرکزی کنٹرول روم میں مانیٹرکیے جا سکیںگے جس پر متعلقہ تھانے کی پولیس کو فوری الرٹ کرکے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لیا جا سکے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں