نئی فلم میں بھی پرستاروں کو مایوس نہیں کروں گی عروہ حسین

شروع سے ہی فلم کرنےکی خواہش تھی مگر انڈسٹری کےحالات دیکھ کر لگ رہا تھا کہ شاید میرا یہ خواب پورا نہیں ہوگا،عروہ حسین


Javed Yousuf May 10, 2015
شروع سے ہی فلم کرنےکی خواہش تھی مگر انڈسٹری کےحالات دیکھ کر لگ رہا تھا کہ شاید میرا یہ خواب پورا نہیں ہوگا،عروہ حسین۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ''نامعلوم افراد''میں پسندیدگی نے حوصلہ بڑھایا، نئی فلم میں بھی پرستاروں کو مایوس نہیں کروں گی۔ ان خیالات کا اظہار ماڈل واداکارہ عروہ حسین نے نمائندہ ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

عروہ حسین نے کہا کہ شروع دن سے ہی فلم کرنے کی خواہش تھی مگر فلم انڈسٹری کے حالات کو دیکھ کر لگ رہا تھا کہ شاید میرا یہ خواب پورا ہی نہیں ہوگا ۔ پھر ہمایوں سعید اور بلال لاشاری کی فلموں نے جس طرح سے اوپر تلے کامیابیاں حاصل کیں تو منظر ہی بدل گیا ۔اسی دوران ''نامعلوم افراد'' مل گئی جس میں فہد مصطفی اور جاوید شیخ کے ساتھ میری پرفارمنس کو بھی پسند کیا گیا ۔ اس کے بعد مزید دو فلمیں ''ملک '' اور ''سٹرابری'' میں سائن کرلیا گیا ۔ان میں ''ملک '' تو ریلیز کے لیے بالکل تیار ہے ۔

اس فلم میں مجھے بلال اشرف اور علی عظمت کے ساتھ ایمان علی کی جگہ مجھے کاسٹ کرلیا گیا ہے۔ایمان علی شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام ہے،ان کا پروڈیوسر یا ڈائریکٹر کے ساتھ کیا معاملہ ہوا ۔ میری اس میں کوئی دلچسپی نہیں ،مجھے صرف کام کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عروہ حسین نے کہا کہ شوبز میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔ عروہ حسین نے مزید بتایا کہ فلم کے اسکرپٹ کے بارے میں زیادہ کچھ بتانہیں سکتی بہرحال اس میں بھی ایک جاندار رول نبھا رہی ہوں۔

ٹی وی ڈراموں اور ماڈلنگ کی وجہ سے تو لوگ کافی جانتے تھے مگر فلم کے بعد اس میں مزید اضافہ ہوا ہے۔اچھی بات یہ ہے کہ نئے لوگ ایکشن ، کامیڈی اور میوزیکل سمیت ہر موڈ کی فلمیں بنا رہے ہیں جس سے فلم بینوں کو پردہ اسکرین پر ہر بار کچھ نیا دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ عروہ حسین نے کہا کہ میرے خیال میں اگر اپنے ملک میں ہی آپ کو اچھے پراجیکٹ ملنے لگیں تو پھر آپ کو بیرون ملک جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں